تصویر

فلک شیر

محفلین
"تصویر"

کینیڈا کے شہر اونٹاریو کی اورینٹل مارکیٹ میں شام کے دھندلکے ایک خاتون داخل ہوتی ہے، نقوش سے جنوبی ایشیائی لگتی ہے۔ وہ بازار میں بظاہر کوئی خاص چیز خریدنے نہیں آئی، شاید اسی لیے گھومتے پھرتے،بوڑھے ترک دکاندار لطف الدین لطیف اوغلو کے ہاں جا رکی ہے، جس کے پاس کرنے کو ڈھیروں باتیں اور بیچنے کے لیے چیزوں کی کوئی مخصوص فہرست اور ترتیب نہیں؛ پرانی کتابیں، نئی تصویریں، ہندوستانی بیڑی ، ہوانا کے سگار، مولوی رومی کے رقص کناں درویشوں والے چغے، سلجوقی خود کی نقول، بچوں کے کھیل کود کی تلواریں اور ہاں....قہوے کا فنجان بھی حاضر رہتا۔ مقامی ترک انہیں لطف عم جان کہتے اور کبھی کبھی تو ترک قہوے کے شوقین گورے گوریاں بھی انہیں چچا بنانے آ پہنچتے....

لطف عم جان: خانم آفندی، آپ کی کیا خدمت بجا لا سکتے ہیں ہم؟

خاتون: وہ مصوری کا نمونہ دکھائیے گا لطفاً!

لطف عم جان: جی ضرور...یہ تصویر.... ہاں جی.... اسے ایک پاکستانی نژاد نوجوان نے بنایا ہے، عمر تو زیادہ نہیں ہے مگر مشق اور تخیل خوب ہیں۔ کبھی کبھار اپنی چیزیں ہمارے گوشہ مصوری میں رکھنے آتا ہے۔

خاتون: آہاں.... میں بھی پاکستان سے ہوں

لطف عم جان: تو کیسی لگی آپ کو یہ؟

خاتون: (لمحہ بھر کو مسکرا کر) تصویریں تو پیاری ہی ہوتی ہیں، بنانے والے نے اتنی محنت جو کی ہوتی ہے..

لطف عم جان: (بوڑھے ترک کی آنکھیں دور کہیں دیکھتی ہیں) میری ماں میرے باپ کو میرے چہرے پہ نہیں مارنے دیتی تھیں، کہتی تھیں کہ یہ تصویریں اللہ نے بنائی ہیں، ان پہ سخت ہاتھ کیسے لگا سکتے ہو تم...

خاتون: (چونک کر) ایسے ..... سب مائیں ایسے ہوتی ہیں

لطف عم جان: یہ تصویر ویسے مجھے بھی پسند ہے....ایک پہیہ ہے وقت کا ، افق پہ ابر و طائر گویا مل رہے ہیں...پہیے کی گردش سے پہاڑی راستے پر کم زیادہ نقوش ثبت ہو رہے ہیں۔ بہار کا پتہ نہیں چلتا، آ رہی ہے کہ جا رہی ہے۔ کنارے کنارے رنگ شوخ بھی ہیں کہیں کہیں، مگر کینوس کا وسط مائل بہ بے رنگی سا ہے.... مگر ایک بات واضح ہے ، وہ یہ کہ رنگ ہیں ایک دوسرے سے پورے ممتاز ....پر جیسے ساتھ رہ کر بھی جدا ہونے کا اعلان کرتے ہوئے...

خاتون: ہمم....

لطف عم جان: آپ کا ذوق عمدہ دکھائی دے رہا ہے، خرید لیجیے، ڈرائینگ روم میں آویزاں کیجیے گا.... نہیں تو بیڈروم میں بھی ٹھیک رہے گی

خاتون: تصویر اچھی ہے...وہ نا، مجھے گھومنے پھرنے کا بہت شوق ہے.... میرے میاں کو بھی.... ہم دونوں نے مل کر بہت دنیا گھومی ہے.... اور مجھے مصوری کا کچھ شوق بھی ہے.... پینٹنگز کی کلیکشن بھی ہے چھوٹی سی.... رہی یہ تصویر، تو یہ کام واقعی کسی سچے فنکار کا ہے....ماضی و مستقبل کے تھیمز اور مہارت دونوں ہیں اس میں ....پر پتا ، میری شادی کو کتنے ہی برس ہو گئے، پر بچہ نہیں ہے ابھی تک.....مجھے اپنے بیڈروم کے لیے ایک پیارے سے بچے کی پینٹنگ خریدنا ہے....آپ کے پاس ہے کوئی؟

لطف عم جان: جی؟
اچھا اچھا!
ڈھونڈتے ہیں عزیزہ... ڈھونڈتے ہیں....


فلک شیر
 
Top