مورخہ 22 دسمبر کی ایک خنک صبح کو رخت سفر باندھا اور حسن ابدال پہاڑی کو ایک بار پھر سر کر لیا۔ نکے چوہدری صاحب نے کچھ دن پہلے ہی ٹی وی پر ماؤنٹ ایورسٹ کے بارے میں کوئی پروگرام دیکھا تھا اور انھیں ماؤنٹ ایورسٹ کہنا بھی آ گیا تھا، سو اس بار وہ سب کو یہی بتا رہے تھے کہ میں ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے جا رہا ہوں۔
اس سفر کی پہلی تحریر میں حسن ابدال اور پہاڑی کے بارے میں کافی کچھ لکھا تھا سو اس بار کچھ تصاویر کی شراکت ہی ہو پائے گی۔ البتہ اس بار میں نے وقت کا حساب رکھا تھا۔ نصف چڑھائی تک پہنچنے میں بمشکل 18 منٹ لگے۔ وہاں تقریباً 20 منٹ آرام کرنے کے بعد دوبارہ عازم سفر ہوئے تو اگلا نصف 25 منٹ میں طے کر لیا۔ کل ملا کر لگ بھگ ایک گھنٹے کا وقت لگا۔