برسبین…تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو4وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو ۔ایک کی برتری حاصل کرلی۔ مہمان ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے 75 رنز کا ہدف ملا جو اس نے6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ برسبین میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم کو ابتداء ہی سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور صرف 4 کے اسکور پر وارنر پویلین واپس لوٹ گئے، اس کے بعد تو جیسے لائن لگ اور وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح وقفے وقفے گرتی رہیں، ایک موقع پرصرف 40 رنز پرآسٹریلیا کے 9 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے، اسٹارک اور ڈوہرٹی نے 10 وکٹیں کی شراکت میں 34 رنز بنائے ، یوں پوری ٹیم 26.4 اوورز میں 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی، صرف اسٹارک اور ڈوہرٹی ڈبل فیگر میں اسکور کرسکے، انہوں نے بالترتیب 22 اور 15 رنز بنائے۔ کلاسیکارا شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 5 ، ملنگا نے 3 جبکہ میتھیوز اور ایرنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکاکی ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا اورصرف 37 رنز پر اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ سری لنکانے مطلوبہ ہدف 20اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔آسٹریلیا کی طرف سے مچل جانسن نے 3، اسٹارک نے دو جبکہ مک کے نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں سری لنکا کو دو ۔ایک کی برتری حاصل ہے۔ کلاسیکارا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ چوتھا ون ڈے 20 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔