مسلم لیگ ن کا ردعمل:
جاوید ہاشمی نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ، خدا حافظ کہہ کر جاتے تواچھا ہوتا،نوازشریف
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی نے جو فیصلہ کیا وہ سوچ سمجھ کر کیا ہو گا، اچھا ہوتا اگر وہ انہیں خدا حافظ کہہ کر جاتے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی کے ساتھ اچھا وقت گزرا، ایک دوسرے کا ساتھ دیا، انہوں نے ہمیشہ جاوید ہاشمی کا احترام کیا۔ وہ جہاں بھی گئے ان کے لئے دعا گو رہیں گے۔ نواز شریف نے بتایا کہ وہ جلا وطن تھے تو جاوید ہاشمی جیل میں تھے تاہم ان کے ساتھ تعلق قائم رہا۔ مسلم لیگ ن نظریاتی جماعت ہے، اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ایک اسٹینڈ لیا اور اس کو برقرار رکھیں گے، اسی اسٹینڈ کے ذریعے پاکستان کو تبدیل کریں گے۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہی ٹیم پاکستان کو تبدیلی کے ایک نئے دور میں لے جائے گی۔
جاوید ہاشمی کے جانے کا بہت افسوس ہوا ہے : احسن اقبال
لاہور…مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کے جانے کا بہت افسوس ہوا ہے اندازہ نہیں انہوں نے کیا سوچ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ پنجاب کے وزرا چودہری عبدالغفور اور احمد علی اولکھ کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کے جانے کا دکھ ہوا ،اُنہوں نے پارٹی کیلئے قربانیاں دیں۔
جاوید ہاشمی کے فیصلے سے دل ٹوٹ گیا، پرویز رشید
پاکستان مسلم لیگ ن کے ترجمان پرویز رشید نے کہا ہے کہ آج ملتان میں گیارہ بجے مخدوم جاوید ہاشمی سے ملاقات طے تھی تاہم ناجانے وہ کونسی طاقتیں ہیں جنہوں نے یہ ملاقات نہیں ہونے دی۔ پرویز رشید نے جیو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی کے ساتھ ہمارا طویل تعلق رہا ہے اورہم نے جمہوریت کے لیے اکھٹے لاٹھیاں کھائیں ہیں، ان کے اس فیصلے سے دل ٹوٹ گیا۔انھوں نے کہا کہ آج ملتان میں گیارہ بجے مخدوم جاوید ہاشمی سے ملاقات طے تھی لیکن ناجانے وہ کونسی طاقتیں ہیں جنہوں نے یہ ملاقات نہیں ہونے دی۔پرویز رشید نے کہا کہ یہ وہ طاقتیں جو پارٹیوں کو توڑتی رہیں ہیں کبھی یہ طاقتیں ضمیر کی آواز بن کر اور کبھی احسان بن کر دوسروں پر اتر رہی ہیں۔