میم نون
محفلین
ٹوکیو ( عرفان صدیقی / ایجنسیاں / جنگ نیوز ) جاپان میں آنے والے تاریخ کے بدترین زلزلے اور سونامی سے خوفناک تباہی کے نتیجے میں ایک ہزار افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 8.9 ریکارڈ کی گئی ، ساحلی شہروں میں 2 جوہری پاور پلانٹ بند کر دیئے گئے جبکہ ایک ایٹمی بجلی گھر میں آگ لگنے سے 40 لاکھ گھر تاریکی میں ڈوب گئے، جاپانی وزیراعظم نے ملک میں نیو کلیئر ایمر جنسی نافذ کردی ہے، زلزلے سے ٹوکیو کا ریلوے نظام بھی درہم برہم ہو گیا، متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ ایک ٹرین، بحری جہاز اور لاتعداد افراد لاپتہ ہیں، زلزلے کی وجہ سے آئل ریفائنری جل گئی اور ایک پیٹرو کیمیکل کمپلیکس تباہ جبکہ درجنوں عمارتوں کو آگ لگ گئی۔ فلپائن، روس، نیوزی لینڈ، تائیوان، انڈونیشیا سمیت 53 ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ امریکا، برطانیہ سمیت 45 ممالک نے جاپان کو امدادی کاموں میں تعاون کی پیشکش کر دی ہے۔ جاپان کی فوج نے زلزلے اور سونامی سے متاثر عوام کی امداد کیلئے ہزاروں فوجی ، 300 جنگی ہوائی جہاز اور 40 بحری جہاز روانہ کردیئے ہیں اور امریکا سے مدد مانگ لی ہے جس کے 50 ہزار فوجی جاپان میں موجود ہیں۔ جاپان میں مقیم سیکڑوں پاکستان مختلف علاقوں میں پھنس گئے ہیں جبکہ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانی خیریت سے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جاپان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر پونے تین بجے کے قریب آنے والے زلزلے کا مرکز ٹوکیو سے 400 کلو میٹر سمندر میں 20 میل گہرائی میں تھا۔ قدرتی آفت سے ایک ٹرین، بحری جہاز اور لاتعداد افراد لاپتہ ہو گئے۔ زلزلے کی وجہ سے 2 ایٹمی پلانٹ بند ہو گئے اور ایک ریفائنری جل گئی ، ایک پیٹروکیمیکل کمپلکس تباہ جبکہ درجنوں عمارتوں کو آگ لگ گئی۔ سیندائی کے ساحل سے 300 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ جاپان میں مقیم 300 پاکستانیوں سے رابطہ نہیں ہو سکا جبکہ ٹوکیو ائر پورٹ اور ریلوے اسٹیشن پر ہزاروں مسافر پھنسے رہے۔ ٹوکیو کا ریلوے نظام بھی درہم برہم ہو گیا اور ٹرین سروس معطل ہونے سے پچاس لاکھ افراد اپنے گھروں کو روانہ نہیں ہوسکے۔ متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔ گزشتہ 140 برس کے دوران آنے والا یہ سب سے شدید زلزلہ تھا۔ عمارتیں کاغذوں کی طرح جھولتی رہیں۔
مزید یہاں پڑھیں (جنگ نیوز)
مزید یہاں پڑھیں (جنگ نیوز)