جب خدا نے مجھ سے بات کی از ارشاد عرشی ملک

نیرنگ خیال

لائبریرین
میں جواں لڑکا تھا میری عمر تھی پچیس سال​
لا اُبالی سی طبیعت ملحدانہ سے خیال​
ایک دن میں ساتھ کچھ یاروں کے مسجد کو گیا​
سُن کے لیکچر عالم ِ دیں کا بہت حیراں ہوا​
عالمِ دیں نے کہا رکھتے ہیں ہم زندہ خدا​
آج بھی جو اپنے بندوں سے ہے بے شک بولتا​
وہ دُعا مضطر کی سن کر اس کا دیتا ہے جواب​
جس سے چاہے گفتگو کرتا ہے وہ زیرِ حجاب​
ڈھونڈتا ہے جو خدا کو ، اُس کو پاتا ہے ضرور​
جو نہ پائے تو سمجھ لے اپنی کوشش میں قصور​
اپنے بندوں کو بُلاتا ہے وہ رحمان و غفور​
پر نہیں پہچانتے بندے ہیں اکثر بے شعور​
--------​
بعد اس لیکچر کے ہم سب مِل کے کھانے پر گئے​
دیر تک ہوتے رہے زندہ خدا کے تذکری​
رات کے گیارہ بجے تھے جب میں محفل سے اُٹھا​
کار میں بیٹھا اور اپنے گھر کی جانب چل دیا​
دل ہی دل میں کر رہا تھا میں دُعا میرے خدا​
تُو اگر موجود ہے تو مجھ کو بھی جلوہ کرا​
میں بھی بندہ ہوں ترا ، مجھ سے بھی کوئی بات کر​
شوق سے مانوں گا میں ، تُو کچھ تو احکامات کر​
تجھ سے ناواقف ہوں اِس کوچے میں بھی ہوں اجنبی​
اُنسیت کی تجھ سے پر دل کو لگی ہے بھوک سی​
لوگ کہتے ہیں کہ کر لیتا ہے تُو بندوں سے بات​
اتفاق ایسا کوئی لیکن ہوا نہ میرے ساتھ​
کر رہا تھا میں ڈرائیونگ اور جاری تھی دعا​
یک بیک میرے ہی دل نے دی مجھے عرشیؔ صدا​
-------​
’’روک لے ابرار گاڑی دودھ کا پیکٹ خرید‘‘​
دل کی اس آواز پر مجھ کو ہوئی حیرت شدید​
یہ عجب خواہش تھی جو اُس پل مرے دل میں اٹھی​
کیونکہ مجھ کو دودھ کی بچپن سے عادت ہی نہ تھی​
دفعتاً اپنی دُعا کا تب مجھے آیا خیال​
غالباً مجھ سے مخاطب تھا خدائے ذوالجلال​
-------​
’’اے خدا کیا تو ہے یہ؟ ‘‘ میں نے اچنبھے سے کہا​
دوسری جانب سے لیکن کوئی نہ آئی صدا​
وہم اپنا جان کر روکا نہ میں نے کار کو​
اور جھٹکا ذہن سے اس خواہشِ بے کار کو​
پھر کسی نے دی صدا ’’ابرار گاڑی روک لی​
اور جلدی سے اتر کر ایک پیکٹ دودھ لی‘‘​
میں نے سوچا کیوں نہ لے لوں ایک پیکٹ دودھ کا​
گر خدا کا حُکم ہے تو ہے بہت آسان سا​
میں نے اِک پیکٹ خریدا اور گھر کو چل دیا​
راستے میں تھا کہ پھر دل سے مرے اٹھی صدا​
’’چوک سے دائیں طرف کو موڑ لے گاڑی ذرا‘‘​
میں نے سوچا اس علاقے سے نہیں میں آشنا​
بس یہی کچھ سوچ کر تیزی سے آگے بڑھ گیا​
موڑ لے گاڑی کو واپس دل نے لیکن پھر کہا​
-------​
’’اے خدا کیا تُو ہے یہ؟‘‘ میں نے اچنبھے سے کہا​
دوسری جانب سے لیکن کوئی نہ آئی صدا​
الغرض واپس مُڑا اور دائیں جانب کو گیا​
گھپ اندھیرا تھا گلی میں جاگتا کوئی نہ تھا​
میں نے مولا سے کہا لے اس گلی میں مڑ گیا​
مجھ سے تو کیا چاہتا ہے کچھ نہیں لیکن پتہ​
دل میں پھر خواہش اُٹھی ابرار گاڑی روک لی​
آخری کونے پہ جو گھر ہے وہاں یہ دودھ دی​
--------​
دل کی یہ آواز سُن کر میں پریشاں ہو گیا​
ہر طرف تھی خامشی اور وقت آدھی رات کا​
اب کے میرے نفسِ سرکش نے شروع کر دی اَڑی​
اے خدا اس حکم کی تعمیل ہے مشکل بڑی​
میں اگر گھنٹی بجائوں گا بگڑ جائیں گے وہ​
طیش میں آکر یکایک مجھ سے لڑ جائیں گے وہ​
پھر کہا دل نے کہ جا ابرار اُن کو دودھ دی​
تجھ کو تو خواہش تھی مولا کی اطاعت تو کری​
-------​
بادلِ نخواستہ نکلا میں اپنی کار سی​
اور زیرِ لب کہا اُس خالقِ سنسار سی​
حُکم ہے تیرا اگر تو لازماً جائوں گا میں​
گو یقیں ہے مجھ کو مولا ، آج پِٹ جائوں گا میں​
گر تری خواہش یہی ہے ، آج ہو ذلت مری​
نصف شب کو اس محلے میں بنے دُرگت مری​
میں مگر سہہ لوں گا یہ تیری اطاعت کے لئیے​
تیری قربت کے لئے ، تیری رفاقت کے لئیے​
تا میں دیکھوں واقعی تو قائم و موجود ہی​
کھوج میں ہوں میں تری ، تُو ہی مرا مقصود ہی​
میں بجا دیتا ہوں گھنٹی حکم کی تعمیل میں​
تیری خواہش ہے تو میں راضی ہوں اِس تذلیل میں​
-------​
الغرض گھنٹی بجائی میں نے اور دستک بھی دی​
زور دار آواز پھر میں نے سنی اِک مرد کی​
رعب سے اُس نے کہا کہ کون ہے ؟کیا چاہئے؟​
کون دستک دے رہا ہے رات کے بارہ بجے؟​
اُس نے پھر کھولا کواڑ اور جلد باہر آگیا​
اُس چہرے پر بہت حیرت بھی تھی ، غصہ بھی تھا​
گڑبڑا کر میں نے پیکٹ اُس کے ہاتھوں میں دیا​
اور گھبراہٹ میں ، میں اِک لفظ بھی نہ کہہ سکا​
دیکھ کر پیکٹ خوشی سے اُس کا چہرہ کِھل گیا​
جس طرح اُس کو اچانک اِک خزانہ مل گیا​
کانپتی آواز سے دیتا تھا بیوی کو صدا​
پھر کبھی میری ، کبھی پیکٹ کی جانب دیکھتا​
یک بیک اندر کے اِک کمرے کا دروازہ کھلا​
میرے کانوں نے سنی بچے کے رونے کی صدا​
جانے کتنی دیر سے معصوم تھا وہ رو رہا​
بھوک سے رو رو کے تھا اس کا گلا بیٹھا ہوا​
اُس کا والد تھام کر پیکٹ کو پھر رونے لگا​
چوم کر ہاتھوں کو میرے جوش سے کہنے لگا​
آج گھر آتے ہوئے تھی جیب میری کٹ گئی​
اور دن بھر کی کمائی ایک پل میں لُٹ گئی​
دودھ کے پیسے نہیں تھے تھی پریشانی بہت​
رات اب کیسے کٹے گی تھی یہ حیرانی بہت​
کب سے تھا معصوم بچہ بھوک سے چِلّا رہا​
بے بسی سے تھا کلیجہ منہ کو میرے آرہا​
ہم دعائیں کر رہے تھے اے خدا پیارے خدا​
تو ہی پالن ہار ہے تجھ پر ہے اپنا آسرا​
بھیج دے کوئی فرشتہ دودھ کا پیکٹ لئیے​
کچھ بھی ناممکن نہیں اللہ تیرے واسطے​
---------​
دودھ بچے کو دیا اور اس کی بیوی نے کہا​
اجنبی تم ہی فرشتے ہو بلا شک و شبہ​
محوِ حیرت رہ گیا میں سُن کے اُس کی بات کو​
جانتا تھا خود میں اپنی ہستی و اوقات کو​
جیب سے بٹوہ نکالا میں نے کالی رات میں​
جو بھی تھا اس میں تھمایا آدمی کے ہاتھ میں​
خامشی سے جب میں اپنی کار کی جانب مڑا​
آنسوئوں کا میری آنکھوں سے سمندر بہہ پڑا​
ہو گیا مجھ کو یقیں زندہ ہے قائم ہے خدا​
اپنے بے کس ، مضطرب بندوں کی سنتا ہے دعا​
مجھ سے ناقص سے بھی اپنی طرز سے ہے بولتا​
اُس کی رمزیں ہیں الگ اور اس کی حکمت ہے جدا​
قادرِ مطلق ہے ، کر سکتا ہے جو ہے چاہتا​
میں تو کیا ، میرے ارادوں کا بھی خالق ہے خدا​
مرکزی خیال ماخوذ​
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
اگر ممکن ہو تو مزید بھی شیئر کریں پلیز۔
اگر ارشاد عرشی ملک صاحبہ کے کلام کی بابت یہ خواہش ہے تو اک ڈائری میں انہی کا کلام ہے۔ ضرور شئیر کروں گا۔ پر کیا ہے کہ موصوفہ لکھتی بہت لمبا لمبا ہیں۔ تو آہستہ آہستہ انشاءاللہ

واہ بہت ہی خوب
بے شک لا جواب
بابا جی مشکور ہوں آپکا اس پذیرائی پر

زبردست بھائی زبرد ست، کیا کہنے :good:
بہت شکریہ سر انتخاب پر حوصلہ افزائی کا
 

فرحت کیانی

لائبریرین
اگر ارشاد عرشی ملک صاحبہ کے کلام کی بابت یہ خواہش ہے تو اک ڈائری میں انہی کا کلام ہے۔ ضرور شئیر کروں گا۔ پر کیا ہے کہ موصوفہ لکھتی بہت لمبا لمبا ہیں۔ تو آہستہ آہستہ انشاءاللہ
جی بالکل انہی کے لئے کہا تھا۔ بے شک آہستہ آہستہ لیکن کچھ نہ کچھ پوسٹ ضرور کریں۔
 

کاشفی

محفلین
بہت خوب شراکت ہے۔
اسے پڑھ کر میرے ایمان میں اضافہ ہوا۔۔ بہت شکریہ ہم سے شیئر کرنے کے لیئے۔۔۔
 

رانا

محفلین
بہت ہی پیارا کلام ہے۔ارشاد عرشی ملک صاحبہ میری بھی پسندیدہ شاعرہ ہیں۔ رسالوں میں سے ان کا کلام ڈھونڈ ڈھونڈ کے پڑھتا ہوں۔جن میں سے کچھ تھوڑا سا محفل پر بھی شئیر کیا تھا۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
بہت ہی پیارا کلام ہے۔ارشاد عرشی ملک صاحبہ میری بھی پسندیدہ شاعرہ ہیں۔ رسالوں میں سے ان کا کلام ڈھونڈ ڈھونڈ کے پڑھتا ہوں۔جن میں سے کچھ تھوڑا سا محفل پر بھی شئیر کیا تھا۔
زبردست، انہوں نے زیادہ تو ان واقعات کو منظوم انداز میں بیان کیا ہے جو روز مرہ زندگی میں جگہ جگہ حکایات کی صورت درج ہیں۔ اب پتہ نہیں ان نےلکھا اور لوگوں نے نثر بنا دی ہو شائد۔ بہرحال عمدہ کلام ہوتا ہے۔ اور مجھے بہت پسند ہے۔
 

رانا

محفلین
زبردست، انہوں نے زیادہ تو ان واقعات کو منظوم انداز میں بیان کیا ہے جو روز مرہ زندگی میں جگہ جگہ حکایات کی صورت درج ہیں۔ اب پتہ نہیں ان نےلکھا اور لوگوں نے نثر بنا دی ہو شائد۔ بہرحال عمدہ کلام ہوتا ہے۔ اور مجھے بہت پسند ہے۔
بلکل ٹھیک۔ اور میں نے جو تھوڑا بہت پڑھا ہے یہ نوٹ کیا ہے کہ ان کے کلام میں اللہ تعالی سے والہانہ عشق بہت نمایاں ہوتا ہے۔ جس کی ایک مثال ان کی یہ نظم ہے۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
بلکل ٹھیک۔ اور میں نے جو تھوڑا بہت پڑھا ہے یہ نوٹ کیا ہے کہ ان کے کلام میں اللہ تعالی سے والہانہ عشق بہت نمایاں ہوتا ہے۔ جس کی ایک مثال ان کی یہ نظم ہے۔
جی اللہ سے عشق تو نمایاں ہے اور میرے پاس انکی نعت بھی ہے جو بہت خوبصورت ہے۔ مگر احمدی پیروکار ہیں۔ اور انکی اک نظم کا پہلا شعر ہے
منفرد ہے احمدیت ، منفرد اس کا جہاں​
ہم پیامبر امن کے ہیں ، ہم محبت کی اذاں​
اور اسی نظم میں آگے چل کر کہتی ہیں​
ہے جنم بھومی ہماری قادیاں دارالاماں​
ہم پیامبر امن کے ہیں ، ہم محبت کی اذاں​
قلت وقت کی بناء پر مکمل حاضر کرنے سے قاصر ہوں۔ کبھی انشاءاللہ مکمل بھی آپ کی خدمت میں پیش کروں گا۔ بہرحال کلام انکا عمدہ ہوتا ہے۔​
 

مہ جبین

محفلین
اس نظم میں کس قدر بہترین انداز میں اللہ اور بندے کے تعلق کو واضح کیا گیا ہے

وہ لوگ جو اللہ کی حی و قیوم صفات کے انکاری ہیں کاش اس کو پڑھ کر انکے دل کی آنکھیں کھل جائیں

زبردست کلام ہے نیرنگ خیال
بہت شکریہ شریکِ محفل کرنے کا
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
اس نظم میں کس قدر بہترین انداز میں اللہ اور بندے کے تعلق کو واضح کیا گیا ہے

وہ لوگ جو اللہ کی حی و قیوم صفات کے انکاری ہیں کاش اس کو پڑھ کر انکے دل کی آنکھیں کھل جائیں

زبردست کلام ہے نیرنگ خیال
بہت شکریہ شریکِ محفل کرنے کا
ارے آپی اللہ:a5: کی صفات کا منکر مسلماں تو نہیں ہو سکتا میرے خیال میں۔ اور اگر کوئی ہے تو جان لے کہ اللہ دو جہانوں سے بے نیاز ہے۔
 

نیلم

محفلین
ہےاصل عبادت ہی مخلوق سےمحبت ،ورنہ خدا تو کسی چیز کا محتاج نہیں.
بہت خوبصورت تحریر
 

رانا

محفلین
جی اللہ سے عشق تو نمایاں ہے اور میرے پاس انکی نعت بھی ہے جو بہت خوبصورت ہے۔ مگر احمدی پیروکار ہیں۔ اور انکی اک نظم کا پہلا شعر ہے
منفرد ہے احمدیت ، منفرد اس کا جہاں​
ہم پیامبر امن کے ہیں ، ہم محبت کی اذاں​
اور اسی نظم میں آگے چل کر کہتی ہیں​
ہے جنم بھومی ہماری قادیاں دارالاماں​
ہم پیامبر امن کے ہیں ، ہم محبت کی اذاں​
قلت وقت کی بناء پر مکمل حاضر کرنے سے قاصر ہوں۔ کبھی انشاءاللہ مکمل بھی آپ کی خدمت میں پیش کروں گا۔ بہرحال کلام انکا عمدہ ہوتا ہے۔​

جی ہاں میں خود بھی احمدی ہوں اسی لئے اکثر جماعت کے رسائل میں ان کا کلام پڑھنے کا اتفاق ہوتا رہتا ہے۔ ان کی ایک اور بھی بہت پیاری نعت ہے جو میں نے یہاں محفل پر ابھی دو دن پہلے ہی شیئر کی تھی۔ اسے بھی ضرور پڑھیے گا شائد یہ آپ کی نظر سے پہلے نہ گزری ہو۔
 
Top