جدا کیا ہو گئے تم سے نہ پھر یکجا ہوئے خود سے - سعید الرحمن سعیدؔ

جُدا کیا ہو گئے تم سے نہ پھر یکجا ہوئے خود سے
ملا وہ اختیار آخر کہ خود تنہا ہوئے خود سے

تہ ِ آب ِ دل و جاں موتیوں کی طرح رہتے ہیں
جو منظر اس جہانِ خاک میں پیدا ہوئے خود سے

چھپا لیتے رخِ جاناں ہم اپنی پیاسی آنکھوں میں
لب ِ گویا کے ہاتھوں کس لیے رسوا ہوئے خود سے

اڑی وہ خاک ِ دل صورت نظر آتی نہیں اپنی
پریشان ہو گئے اتنے کہ برگشتہ ہوئے خود سے

جلا کر چاند آنکھوں میں دوعالم دیکھتے تھے ہم
حجاب ِ لا مکاں پایا جو بے پروا ہوئے خود سے

پڑے تھے بے خبر مدت سے خاموشی کے ساحل پر
ہوا ایسی چلی ہم زمزمہ پیرا ہوئے خود سے

اب اس ذوق ِ حضوری کے مزے کس سے بیاں کیجے
ہم اپنی خلوتوں میں کس طرح گویا ہوئے خود سے

سعیدؔ اپنے سفینے کو بہا کر لے گئے ہر سو
جو طوفان قلزم ِ جاں میں مرے برپا ہوئے خود سے

سعید الرحمن سعیدؔ
 
آخری تدوین:

یاز

محفلین
بہت خوب جناب۔

تہ ِ آب ِ دل و جاں کے مروجہ قوانینِ مرکبات کے مطابق ہونے پہ کچھ شک ہے ہمیں۔
 
بہت خوب جناب۔

تہ ِ آب ِ دل و جاں کے مروجہ قوانینِ مرکبات کے مطابق ہونے پہ کچھ شک ہے ہمیں۔
یاز بھائی پسندیدگی کا شکریہ۔ ادب کا طالب علم ہوں ۔ اس بارے اساتذہ کی رائے کا انتظار کروں گا ۔ ایسے ہی تک بندی کرتے کرتے کچھ سیکھ جائیں گے۔
 
بہت ہی عمدہ کاوش ہے اللہ آپ کے زور قلم میں اضافہ فرمائے۔۔آمین
اک گزراش ہے اگر منظور ہو جائے تو۔۔۔۔اس کا فونٹ نستعلیق کر دیا جائے۔۔جزاک اللہ خیراً
 
بہت ہی عمدہ کاوش ہے اللہ آپ کے زور قلم میں اضافہ فرمائے۔۔آمین
اک گزراش ہے اگر منظور ہو جائے تو۔۔۔۔اس کا فونٹ نستعلیق کر دیا جائے۔۔جزاک اللہ خیراً
لبید بھائی شکریہ۔ مجھے تو اس کا فونٹ نستعلیق ہی نظر آتا ہے۔ اگر آپ کے کمپئوٹر میں نستعلیق فونٹ انسٹال ہو گا تو آپ کو بھی نستعلیق ہی نظر آئے گا
 
لبید بھائی شکریہ۔ مجھے تو اس کا فونٹ نستعلیق ہی نظر آتا ہے۔ اگر آپ کے کمپئوٹر میں نستعلیق فونٹ انسٹال ہو گا تو آپ کو بھی نستعلیق ہی نظر آئے گا
میرے پاس نستعلیق سمیت تقریباً تمام فونٹ انسٹال ہیں۔۔۔پھر بھی یہ رومن فونٹ میں نظر آرہا تھا۔۔۔خیر ہم لوگ بڑوں کی بات فوری مان لیا کرتے ہیں بحث مباحثے میں نہیں پڑتے۔۔۔اللہ آپ کو جزاءدے آمین
 
میرے پاس نستعلیق سمیت تقریباً تمام فونٹ انسٹال ہیں۔۔۔پھر بھی یہ رومن فونٹ میں نظر آرہا تھا۔۔۔خیر ہم لوگ بڑوں کی بات فوری مان لیا کرتے ہیں بحث مباحثے میں نہیں پڑتے۔۔۔اللہ آپ کو جزاءدے آمین
لبید بھائی میرے پاس بھی یہ اور سلمان بھائی کی پوسٹ نستعلیق میں ہی ہے
 
saeed13.jpg
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب سعید بھائی !! کیا اچھی غزل ہے !
اور ساتھ ہی آپ کی مصورانہ صلاحیتوں کا اندازہ بھی ہوا ۔ :) اس کے لئے بھی داد!!
 
Top