جرائد اور اداروں میں لائبریری میں تعاون کی کوشش

الف عین

لائبریرین
میں نے کچھ جرائد اور اداروں میں ذیل کا مضمون بذریعہ ڈاک بھیجا ہے۔ دوسرے ارکان بھی اس قسم کی کارروائی رع سکتے ہیں۔ مواد ذیل ہے:
محترمی تسلیم
اردو کے فروغ اور اشاعت کے لئے یقیناً آپ کے ادارے کا اہم رول رہا ہے۔ لیکن اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ دورِ جدید چھپے لفظ کی بہ نسبت پردے پر دیدار کا ہے۔ کمپیوٹر اور انٹر نیٹ پر اس مشن کے لئے راقم الحروف کے ایک یاہو! گروپ "اردو کمپیوٹنگ" کا بھی اہم رول رہا ہے اور اس گروہ سے جڑے لوگوں نے ایسی ویب سائٹس بھی بنائی ہیں جو خالص اردو زبان کی ہیں۔
میں درخواست کروں گا کہ ذیل کی تحریر کو کسی بھی ذیل کے تحت اپنے جریدے/اخبار میں شائع کر دیں تو یہ اردو کی ترقّی کی سمت ایک قدم ہوگا۔ اسے چاہے خطوط میں جگہ دیں یا مفت اشتہار کی صورت۔ مدیر کا فیصلہ بہر حال آخری ہوتا ہے۔
اعجاز عبید

اس ماحول میں اردو کی ترویج کمپیوٹر اور انٹر نیٹ پر اردو کی اشاعت کے بغیر ممکن نہیں۔ اردو کتابیں نہ خریدی جاتی ہیں اور نہ پڑھی جاتی ہیں۔ ایسے ماحول میں اردو کی کتابوں کو انٹر نیٹ پرآن لائن فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ہم نے اردو ویب ڈاٹ آرگ (http://urduweb.org) پر ڈجیٹل لائبریری کا منصوبہ بنایا ہے جہاں ہر موضوع کی اردو کتابیں اردو تحریر کی صورت میں مہیا کی جائیں گی۔
اردو ویب کے علاوہ بھی اردو کی کہلانے والی بیشتر ویب سائٹس در اصل اردو زبان کی نہیں، اردو کے ایک مقبول سافٹ وئر ان پیج سے حاصل کی ہوئی تصویروں سے بنائی گئی ہیں۔ یہ تصویریں نہ صرف لوڈ ہونے میں وقت لیتی ہیں بلکہ یہ تصویرکی صورت ہونے کی وجہ سے آپ ان کے صفحات کو اس طرح کاپی اور پیسٹ نہیں کر سکتے جس طرح انگریزی کی ویب سائٹس کو کرتے ہیں۔ ان کی تلاش بھی انٹر نیٹ پر نہیں کی جا سکتی۔ حال ہی میں کمپیوٹر کی دنیا میں تکنیکی ارتقا کے باعث اب ہر زبان کمپیوٹر پر کسی مخصوص سافٹ وئر کے بغیر ٹائپ بھی کی جا سکتی ہے، ای میل میں بھیجی بھی جا سکتی ہے اور ویب سائٹس بھی بنائی جا سکتی ہیں۔ اس تکنیک سے بنی فائلیں بھی چھوٹی ہوتی ہیں اور آسانی سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہیں۔
اردو ویب ڈاٹ آرگ مکمل تحریری اردو کی پہلی ویب سائٹ ہے۔ اور یہاں ہی لائبریری کا پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ یہاں رضاکارانہ بنیاد پر اردو ویب کی فورم ’اردو محفل‘ کے ارکان کتابیں ٹائپ کر رہے ہیں۔ کچھ کتابیں مکمل ہو چکی ہیں اور کچھ پر کام چل رہا ہے۔ یہ حقیقت بھی واضح کرنا ضروری ہے کہ وہی کتابیں مہیا کی جا رہی ہیں جو کاپی رائٹ سے آزاد ہیں یا جن کے مصنفین یا ناشرین اس کی اجازت دے رہے ہیں۔
یہ تو آپ سمجھ سکتے ہیں کہ اس طرح کام کی رفتار بے حد سست ہوگی۔ اس میں تیزی لانے کے لئے حسب ذیل ترکیبیں سوچی گئی ہیں:
۱۔ زیادہ سے زیادہ عاشقانِ اردو اس محفل کا رکن بنیں۔ اگر ان کو کمپیوٹر پر اردو لکھنے میں دقتّ بھی ہو تو اس فورم میں ہی صوتی کی بورڈ موجود ہے جسے دیکھ کر یا کلک کر کے اردو ٹائپ کی جا سکتی ہے، پھر بھی مشکل ہو تو فورم کے ارکان سے مدد لی جا سکتی ہے۔ راقم نے بھی اس سلسلے میں ایک بھرپور تحریر یہاں دے رکھی ہے:
http://urdutehreer.wordpress.com
اور یہ نئے ارکان بھی رضاکاروں کی فوج بناتے جائیں اور کام آگے بڑھ سکے۔
۲۔ اگر آپ خود ٹائپ نہیں کر سکیں یا اگر آپ کے پاس وقت کی کمی ہے لیکن اردو کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں اور وسائل بھی۔ تو کتابوں کی کمپوزنگ اجرتاً کروا کے اردو ویب کو فراہم کریں۔
۳۔ اگر آپ کے شہر میں ایسا کوئی ادارہ ہے جو اردو کی بقا کے لئے کام کرتا ہے تو اسے آمادہ کریں کہ وہ اپنے ادارے میں اس کام کا بیڑا اٹھائے اور کتابیں ٹائپ کر کے اردو ویب کی لائبریری کو فراہم کرے۔
۴۔ اگر آپ خود مصنف اور ادیب ہیں اور آپ کی بھی کتاب شائع ہو چکی ہے اور آپ کے پاس اس کی کمپیوٹر کی فائل موجود ہے (یا اگر موجود نہ ہو تو حصول میں مشکل نہ ہو) تو اسے ہمیں بھیج دیں۔ ہم اسے انٹر نیٹ پر شائع کر دیں گے۔
۵۔ اگر آپ کی کتاب ابھی چھپی نہیں ہے لیکن آپ چھپوانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اسے بھی کمپوز کروا کے ہمیں بھیج دیں۔ ہماری کمیٹی کی منظوری کے بعد اسے ضرور شائع کیا جائے گا۔
مزید معلومات کے لئے لکھیں یا ای میل کریں:
اعجاز عبید (اعجاز اختر)
 
بہت عمدگی سے مقدمہ پیش کیا ہے اعجاز صاحب آپ نے۔ ویسے کیا ہمیں اردو لغت اور اردو ایڈیٹر کا ذکر بھی کرنا چاہیے تاکہ لوگوں کی دلچسپی زیادہ قائم ہو۔
 
مربوط

بہت اچھی کوشش ہے اعجاز صاحب۔

میرا اپنا یہ ہے کہ جہاں کسی شخص کو دیکھتا ہوں کہ (کمپیوٹر پر) اردو لکھنے پر قادر ہے، فٹ اسے اردو محفل کا پتہ دے دیتا ہوں کہ اس چھت تلے آجاؤ۔

منتظمین سے گزارش ہے کہ اس کوشش کو مربوط کریں۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
شارق، میں اس وقت فورم کی ایک اپگریڈ میں مصروف ہوں۔ میری کوشش ہو گی کہ اس سے فارغ ہوتے ہی اردو سیٹ اپ کرنے سے متعلقہ مواد وکی پر ترتیب دے دوں۔ اعجاز اختر صاحب نے واقعی اردو ویب کو بہت خوبی سے پروجیکٹ کیا ہے اور اس سے انشاءاللہ ہمیں بہت فائدہ ہو گا۔
 

الف عین

لائبریرین
میں نے پچھلے ماہ پرانی پوسٹ میں دئے گئے مضمون کو چار پانچ جگہ بھیجا تھا بشمول حیدر آباد کے دو اردو اخباروں سیاست اور منصف (http://munsifdaily.com) ۔ اخباروں کا تو پتہ نہیں کہ میں ناگپور میں رہا ہوں زیادہ تر، لیکن آج جون کا ’اردو دنیا ‘ لے کر آیا تو اس میں اردو خبرنامے کے تحت سرخی دی گئ ہے
"اردو ویب ڈاٹ آرگ پر ڈجیٹل لائبریری کا منصوبہ"
حیدرآباد کی ڈیٹ لائن کے ساتھ من و عن وہی مضمون دیا گیا ہے جو میں نے لکھا تھا۔ صرف اس کا اضافہ ہے کہ "جناب اعجاز عبید کی اطلاع کے مطابق"۔ اور اگرچہ مجھے امید نہیں تھی لیکن انھوں نے میرے ناگپور اور حیدرآباد دونوں جگہ کے مکمل پتے، فون نمبرس اور ای میل آئ ڈی بھی شامل کی ہیں۔
 
Top