جلوہء دید پہ ہر آن ہے حیراں___

La Alma

لائبریرین
جلوہء دید پہ ہر آن ہے حیراں
عکسِ صد ناز در آئینہء خوباں

صبح نومید کبھی شام پریشاں
رنگ لایا ہے عجب عالمِ ہجراں

چند پل کو سہی، مشکل تو ہو آساں
رک ذرا دیر ہی اے گردشِ دوراں

سرفروشی نے سُجھائی ہے نئی رہ
کنجِ وحشت میں کھلا دفترِ امکاں

سوئے افلاک نگہ اٹھتی نہیں ہے
بس نظر میں ہے مری تنگیء داماں

حسن جاں سوز، فسوں کارِ تمنا
سازِ غم ہائے محبت پہ ہے رقصاں

داغِ دل جلتے رہے، ان کی ضیا سے
کتنے روشن ہوئے تارے سرِ مژگاں

ہم پہ المٰیؔ نہ کھلا عقدہء آدم
کیا خبر کون ہے یہ حضرتِ انساں
 

محمد وارث

لائبریرین
کیا اچھے مصرعے ہیں، کیا خوب اشعار ہیں، کیا ہی عمدہ غزل ہے۔

کنجِ وحثت میں کھلا دفترِ امکاں
مجھے لگا میری پچھلی ایک تہائی صدی کی زندگی جو میں نے ایک کمرے میں گزاری ہے وہ اس مصرعے میں سمٹ آئی۔ :)

واہ واہ واہ۔
 

La Alma

لائبریرین
کیا اچھے مصرعے ہیں، کیا خوب اشعار ہیں، کیا ہی عمدہ غزل ہے۔
بہت مشکور ہوں۔
فیڈ بیک اور غزل کی پسندیدگی کے لیے بہت شکریہ!!
کنجِ وحثت میں کھلا دفترِ امکاں
مجھے لگا میری پچھلی ایک تہائی صدی کی زندگی جو میں نے ایک کمرے میں گزاری ہے وہ اس مصرعے میں سمٹ آئی۔ :)
کنج وحشت کو دوسرے لفظوں میں" گوشہء عافیت" بھی کہتے ہیں۔ :)
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
واہ! بہت خوب! اچھی غزل ہے لاالمٰی!
کئی اچھے اشعار ہیں! بہت داد آپ کے لئے۔

مطلع بہت اچھا ہے لیکن جلوۂ دید کی ترکیب سے اس کی خوبصورتی ماند پڑرہی ہے۔ ۔ جلوہ اور دید ہم معنی الفاظ ہیں ۔ جلوۂ دید کے بجائے جلوۂ حسن یا جلوۂ شوخ وغیرہ بھی رکھا جاسکتا ہے ۔
 
لاجواب۔
صبح نومید کبھی شام پریشاں
رنگ لایا ہے عجب عالمِ ہجراں

چند پل کو سہی، مشکل تو ہو آساں
رک ذرا دیر ہی اے گردشِ دوراں

سرفروشی نے سُجھائی ہے نئی رہ
کنجِ وحشت میں کھلا دفترِ امکاں

سوئے افلاک نگہ اٹھتی نہیں ہے
بس نظر میں ہے مری تنگیء داماں

داغِ دل جلتے رہے، ان کی ضیا سے
کتنے روشن ہوئے تارے سرِ مژگاں

ہم پہ المٰیؔ نہ کھلا عقدہء آدم
کیا خبر کون ہے یہ حضرتِ انساں
کمال
 

La Alma

لائبریرین
واہ! بہت خوب! اچھی غزل ہے لاالمٰی!
کئی اچھے اشعار ہیں! بہت داد آپ کے لئے۔

مطلع بہت اچھا ہے لیکن جلوۂ دید کی ترکیب سے اس کی خوبصورتی ماند پڑرہی ہے۔ ۔ جلوہ اور دید ہم معنی الفاظ ہیں ۔ جلوۂ دید کے بجائے جلوۂ حسن یا جلوۂ شوخ وغیرہ بھی رکھا جاسکتا ہے ۔
بہت عنایت!!
آپ اہلِ علم ہیں سو آپ کی رائے مقدم ہے۔
جلوہء دید کی ترکیب شاید آپ کو غریب معلوم ہو رہی ہو لیکن کہیں میری نظر سے گزری ہے۔ فی الحال حوالہ پیش کرنے سے قاصر ہوں
آپ کی دی ہوئی متبادل تجاویز بہت خوب ہیں لیکن اس سے شعر کا مفہوم قدرے تبدیل ہو جائے گا۔
یہاں پر عکس، پسِ آئینہ کسی "حسن" کا مدح سرا نہیں بلکہ عکس کا روئے سخن خود اپنی دید کی جانب ہے جس پر وہ نازاں ہے۔
 

سید عاطف علی

لائبریرین
واہ بحر جتنی "غریب" ہے غزل اتنی ہی رِچ ماشاءاللہ ۔
بہت پسند آئی ۔
کیا خبر کون ہے یہ حضرتِ انساں
واہ کیا خوب بیان ہے ۔
 

La Alma

لائبریرین
واہ بحر جتنی "غریب" ہے غزل اتنی ہی رِچ ماشاءاللہ ۔
بہت پسند آئی ۔
کیا خبر کون ہے یہ حضرتِ انساں
واہ کیا خوب بیان ہے ۔
بہت شکریہ عاطف بھائی!!
آپ کو فعال دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اللہ تعالی آپ اور آپ کے خاندان پر ہمیشہ اپنی رحمتوں کا نزول جاری رکھے۔ آمین۔
 
جلوہء دید پہ ہر آن ہے حیراں
عکسِ صد ناز در آئینہء خوباں

صبح نومید کبھی شام پریشاں
رنگ لایا ہے عجب عالمِ ہجراں

چند پل کو سہی، مشکل تو ہو آساں
رک ذرا دیر ہی اے گردشِ دوراں

سرفروشی نے سُجھائی ہے نئی رہ
کنجِ وحشت میں کھلا دفترِ امکاں

سوئے افلاک نگہ اٹھتی نہیں ہے
بس نظر میں ہے مری تنگیء داماں

حسن جاں سوز، فسوں کارِ تمنا
سازِ غم ہائے محبت پہ ہے رقصاں

داغِ دل جلتے رہے، ان کی ضیا سے
کتنے روشن ہوئے تارے سرِ مژگاں

ہم پہ المٰیؔ نہ کھلا عقدہء آدم
کیا خبر کون ہے یہ حضرتِ انساں
المیٰ صاحبہ ، سلام عرض ہے !
نہایت مرصع غزل ہے . بہت ساری داد ! مقطع میں ’حضرت‘ كے ساتھ ’ہے‘ کی بجائے ’ہیں‘ زیادہ مناسب ہوتا .
نیازمند ،
عرفان عابدؔ
 

La Alma

لائبریرین
المیٰ صاحبہ ، سلام عرض ہے !
نہایت مرصع غزل ہے . بہت ساری داد ! مقطع میں ’حضرت‘ كے ساتھ ’ہے‘ کی بجائے ’ہیں‘ زیادہ مناسب ہوتا .
نیازمند ،
عرفان عابدؔ
بہت ممنون ہوں!!
تبصرے اور تجویز کے لیے بہت شکریہ۔
"ہیں“ سے زیادہ دھیان حضرت آدم کی طرف جاتا ہے جیسا کہ پہلے مصرع میں بھی ذکر ہے، جو کہ مناسب نہیں۔ جبکہ یہاں آدم اور انسان کو عمومی معنوں میں لیا گیا ہے۔
خوش رہیے!!
والسلام!!
 
آخری تدوین:

فاخر رضا

محفلین
بہت مشکل غزل ہے ہم جیسوں کے لیے مگر کچھ اشعار سمجھ آئے. بلند خیالات سے بھرپور غزل. ہر موضوع ہی موجود ہے.
کچھ سہل غزلیں بھی عنایت فرمائیے ہم جیسوں کے لئے
 

La Alma

لائبریرین
بہت مشکل غزل ہے ہم جیسوں کے لیے مگر کچھ اشعار سمجھ آئے. بلند خیالات سے بھرپور غزل. ہر موضوع ہی موجود ہے.
کچھ سہل غزلیں بھی عنایت فرمائیے ہم جیسوں کے لئے
بہت شکریہ!!
آپ تو حرف شناس ہیں آپ کو فہم کہاں دشوار۔
 
Top