جو پتھرائی ہوئی آنکھوں سے اک آنسو نکل آئے

نوید ناظم

محفلین
مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جو پتھرائی ہوئی آنکھوں سے اک آنسو نکل آئے
تو ممکن ہے تِرے غم کا نیا پہلو نکل آئے

اندھیروں نے مجھے ایسا شرف بخشا کہ اب بھی میں
جو مٹھی کھول دوں تو اس میں سے جگنو نکل آئے

مِرے دل کو غموں نے ہر طرف سے گھیر ڈالا ہے
کسی بھی طرح اس دلدل سے بس اب تُو نکل آئے

ذرا سچ بولنے کی دیر تھی اور دوستو بس پھر
نجانے لوگ کیوں پتھر لیے ہر سو نکل آئے

جب اس دل میں بچا ہی کچھ نہیں پھر کیوں نہ یہ بھی ہو
کبھی اک روز اس دل سے تِری بھی خو نکل آئے

اگر وہ گل بدن اک بار چھو لے پیار سے ان کو
انہی کاغذ کے پھولوں سے بھی پھر خوشبو نکل آئے
 
الف عین

لائبریرین
اچھی غزل ہے لیکن طویل بحر کا ایک سقم کہیں کہیں محسوس ہوتا ہے کہ بھرتی کے الفاظ نظر آتے ہیں۔ جیسے
اندھیروں نے مجھے ایسا شرف بخشا کہ اب بھی میں
اب یا بھی بھرتی کا لگتا ہے۔
اور
ذرا سچ بولنے کی دیر تھی اور دوستو بس پھر
’اور بس‘ کافی تھا، دوستو اور پھر بھرتی کا ہے۔
اسی طرح دیکھو ہر شعر کو ٹھونک بجا کر۔
خو قافیے والا سمجھ نہیں سکا۔
 
بہت شکریہ سر،
بجا فرمایا آپ نے۔۔۔ یہ مصرع ایسے کر دیا ہے،
ذرا سچ بولنے کی دیر تھی اور بس، نہ پوچھو پھر
نجانے لوگ کیوں پتھر لیے ہر سو نکل آئے

خو والا شعر نکال دیا۔
 
الف عین

لائبریرین
اگر یوں کہیں تو
ذرا سچ بولنے کی دیر ہی تھی بس، نہ جانے کیوں
ہزاروں لوگ ۔۔۔۔
تو کیسا رہے؟
 
نوید ناظم

محفلین
دوسرے مصرع میں ’پھر‘ بھرتی کا ہی لگ رہا ہے۔ کچھ اور سوچو، یا میرا مجوزہ قبول کر لو
جی سر، مجوزہ شعر یوں ہو جائے گا۔۔۔

ذرا سچ بولنے کی دیر ہی تھی بس، نہ جانے کیوں
ہزاروں لوگ کیوں پتھر لیے ہر سو نکل آئے
سر شعر میں ''کیوں'' کا یوں دوسری بار آنا شاید نظر انداز ہوا ۔۔۔۔ یہاں بھی دوسرے مصرے میں '' پھر'' ہو سکتا ہے۔

بس اک سچ بولنے کی دیر تھی اللہ جانے کیوں
ہزاروں لوگ پھر پتھر لیے ہر سو نکل آئے
سر اس میں '' پھر'' بھرتی کا تو ہے مگر مبتدی ہونے کا فائدہ اٹھا لیتا ہوں، اسی کی اجازت فرما دیجئے:)
 
Top