جہاں میں دل نہیں لگتا

loneliness4ever

محفلین
السلام علیکم

فقیر حاضر ہے اصلاح کی درخواست لیکر
امید ہے دامن خالی نہیں رہے گا

چلو اب ہم چلیں یاروں
جہاں میں دل نہیں لگتا

یہ محفل ہی ستم گر ہے
خدا جس کا ہوا زر ہے
ضرورت جب پڑی سر پر
بکا ایماں یہاں پر ہے
چلو اب ہم چلیں یاروں
جہاں میں دل نہیں لگتا

عداوت کی یہ دنیا ہے
سیاست کی یہ دنیا ہے
محبت میں بناوٹ ہے
ضرورت کی یہ دنیا ہے
چلو اب ہم چلیں یاروں
جہاں میں دل نہیں لگتا

سحر کی بات کیا کرنی
ثمر کی بات کیا کرنی
حوالوں کی یہ دنیا ہے
ہنر کی بات کیا کرنی
چلو اب ہم چلیں یاروں
جہاں میں دل نہیں لگتا

اذاں جس نے بھی دینی ہے
کہاں جانے وہ ہستی ہے
خدا ہر اک یہاں لگتا
کمی ایسی بشر کی ہے
چلو اب ہم چلیں یاروں
جہاں میں دل نہیں لگتا

صحافت میںیہاں لالچ
صداقت میں یہاں لالچ
جہاں دولت کا بھوکا ہے
عبادت میں یہاں لالچ
چلو اب ہم چلیں یاروں
جہاں میں دل نہیں لگتا

عجب مشکل میں ہستی ہے
اسی الجھن میں رہتی ہے
کرے سجدہ یہ کس کس کو
خداﺅں کی یہ بستی ہے
چلو اب ہم چلیں یاروں
جہاں میں دل نہیں لگتا

س ن مخمور
 
چلو اب ہم چلیں یاروں
خیال اچھا ہے مجھے پسند آیا باقی نظم پہ رائے قائم کرنے کی میری بساط نہیں وہ تو اساتذہ ہی کریں گے یہ مصرع مجھے کچھ غلط لگ رہا ہے یاروں کی سمجھ نہیں آئی میرے خیال میں یارو ہونا چاہیے اور چلیں کی جگہ چلے ہونا چاہیے
 
بجا فرمایا آپ نے ۔۔۔۔۔۔ خاکسار ممنون و مسرور ہے
آپ کی عنایت پر ۔۔۔۔۔ توجہ کا یہ سلسلہ مستقل رکھیں
اللہ آباد و بے مثال رکھے آپکو ۔۔۔ آمین
 
الف عین

لائبریرین
یارو درست ہے یاروں نہیں، لیکن چلیں اور چلے میں فرق ہے۔
چلو اب ہم چلے یارو۔۔۔ مراد یعنی ہم تو روانہ ہو چکے
چلو اب ہم چیں یارو۔۔ مطلب چلو ہم ساتھ ساتھ چلیں، ابھی چلنے کا کام شروع نہیں ہوا۔
یہاں ’چلیں‘ ہی درست ہے۔
البتہ دوسرے بہت سے مصرعوں میں روانی کی کمی ہے، یا بے ربطی محسوس ہو رہی ہے۔ مثلاً
سحر کی بات کیا کرنی
ثمر کی بات کیا کرنی
حوالوں کی یہ دنیا ہے
ہنر کی بات کیا کرنی
ان چاروں میں ربط دکھائی نہیں دیتا۔
 
x boy

محفلین
گڈ
دل لگ جائیگا تو آگے کیسے چل سکیں گے
اس جہاں میں تو بندہ مسافر ہے اگلے جہاں کی تیاری کرکے سفر میں چلتے رہیے۔
 
loneliness4ever

محفلین
یارو درست ہے یاروں نہیں، لیکن چلیں اور چلے میں فرق ہے۔
چلو اب ہم چلے یارو۔۔۔ مراد یعنی ہم تو روانہ ہو چکے
چلو اب ہم چیں یارو۔۔ مطلب چلو ہم ساتھ ساتھ چلیں، ابھی چلنے کا کام شروع نہیں ہوا۔
یہاں ’چلیں‘ ہی درست ہے۔
البتہ دوسرے بہت سے مصرعوں میں روانی کی کمی ہے، یا بے ربطی محسوس ہو رہی ہے۔ مثلاً
سحر کی بات کیا کرنی
ثمر کی بات کیا کرنی
حوالوں کی یہ دنیا ہے
ہنر کی بات کیا کرنی
ان چاروں میں ربط دکھائی نہیں دیتا۔

محترم استاد آپ کی آمد اور عطا پر دل شاد ہے
اور بندہ ممنون ہے

روانی اور ربط کی کھوج کے لئے اس کاوش کو سوچ کی بھٹی میں پھر ڈالے دیتا
اور امید کرتا ہوں جلد خدمت میں ترمیم کے ساتھ حاضر ہونگا

اللہ صحت و تندرستی کی دولت سے مالا مال رکھے آپ کو ۔۔۔ آمین
 
Top