مغزل
محفلین
موت سے کس کو رستگاری ہے -- آج وہ ، کل ہماری باری ہے (صغریٰ بیگم)
اِنَّا للہِ وَاِنَّا اِلیہِ رَاجِعُون و اِن للللہ مَعَ الصّابرِین
حافظ سمیع اللہ آفاقی بھائی کے ماموں جان کے سانحہ ارتحال پر احباب سے دعا کی درخواست
اردو محفل کے خوش ذوق رکن قبلہ حافظ سمیع اللہ آفاقی بھائی کے ماموں جان گزشتہ روز داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ۔مرحوم محمد شعیب صاحب سمیع بھائی کے آخری ماموں رہے جو بقیدِ حیات تھے ۔ حال ہی میں حج کی سعادت کے بعد واپسی ہوئی تھی۔ کسی باقائدہ مرض کا شکار نہ تھے مگر گھٹن سی محسوس کی تو افرادِ خاندان ہسپتال لے کر جارہے تھے مگر انہوں نے گاڑی واپس موڑنے کا کہا اور گھر واپس آکر سبھی سے معافی کی درخواست کی اور اپنی طرف سے سبھی کو معاف کیا، دمِ آخر کلمہ شریف پڑھتے رہے اور یہ کہتے کہتے جان جانِ آفریں کے سپرد کردی کہ مالک میرا خاتمہ ایمان پر فرما، میرا خاتمہ ایمان۔۔۔۔۔
خاندان کے افراد کو اس سانحے کی خبر ضرور ہے مگر سمیع بھائی کی والدہ ماجدہ برین ہمرج کی وجہ سے علیل ہیں سو انہیں خبر نہ کی گئی حتیٰ کہ نازنین بہن کو بھی فی الحال خبر نہیں۔ سمیع بھائی اس وقت سفر میں ہیں سو فون پر رابطہ اس طرح ممکن نہیں جوں جوں میرا رابطہ رہتا ہے احباب کو خبر کرتا ہوں۔ کسی اپنے کے بچھڑ جانے کا غم ایسا ہے کہ لفظ شرمندگی سے منھ چھپاتے ہیں میں بھی اسی شرمندگی کا شکار ہوں، محض آنسو ہیں جو شریک ہیں اور چند ٹوٹی پھوٹی دعائیں۔ مالک و مولیٰ اپنے حبیبِ پاک کے صدقے میں شعیب صاحب کی لغزشوں کو معاف فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام مرحمت فرمائے اور لواحقین کو صبرِ ایوبی سے ہمکنار فرمائے ۔ آمین