حسنِ تہذیب کا اَتمام رسولِ عربی ﷺ

الف نظامی

لائبریرین
حسنِ تہذیب کا اَتمام رسولِ عربی ﷺ
تیرا اسوہ ترا پیغام رسولِ عربی ﷺ

وقت کی روز بدلتی ہوئی تعبیروں میں
سرخرو ہیں تیرے احکام ، رسولِ عربی ﷺ

سلسلہ وحی کا لاریب ہوا تجھ پر ختم
تجھ پر کامل ہوا اسلام، رسولِ عربیﷺ

نگراں میرے تغافل کی تری رحمت ہو
خود بخود ہوں مرے سب کام رسولِ عربی ﷺ

فن میں خوبی ہے جو ، صدقہ ہے تری نسبت کا
خیرِ ہر لفظ ترے نام ، رسولِ عربی ﷺ

رہے تذکار تری نعت ، تری سیرت کا
میرے لب پر سحر و شام ، رسولِ عربی ﷺ

رخ میرے دل کا رہے تیری اطاعت کی طرف
بہ ہر انداز ، بہ ہر گام ، رسولِ عربی ﷺ

ہے دعا خاتمہ باالخیر ترے دین پہ ہو
عمر میری ہو خوش انجام ، رسولِ عربی ﷺ

لَو سکینت کی جو پاتا ہے دل اپنے میں ریاض
ہے تری نعت کا انعام ، رسولِ عربی ﷺ

(سیدنا رحیم ﷺ از ریاض مجید)​
 
Top