سیدہ شگفتہ
لائبریرین
حمد و دُعا
سُورۃُ الفاتحہ کا منظوم ترجمہ
از
سلیم عبدُاللہ
اللہ کے نامِ پاک سے آغاز ہمارے کاموں کا
بے مثل محبت ہے جس کی، جو رحم و کرم میں ہے یکتا
سب حمد اُسی کو زیبا ہے، وہ رب ہے سارے جہانوں کا
سب سُورج چاند ستارُوں کا، سب جانوں کا بے جانوں کا
بے تھاہ سمندر رَحمت کا ، سَرچشمہ مہر و محبت کا
خالق ہے عمل کی قوت کا ، اور مالک روزِ قیامت کا
ہم بندے تیرے اَے آقا ، تیری ہی عبادت کرتے ہیں
توفیقِ اطاعت ، جوشِ عمل کی تُجھ سے چاہت کرتے ہیں
ہاں راہ دِکھا اُس منزل کی ، جو منزلِ فتح و نصرت ہے
اسلاف نے جس پر چل کر پائی دونوں جہاں کی نعمت ہے
وہ راہ نہ ہو گُمراہوں کی ، جو تیرے غضب میں آئے ہیں
ناکامی اور ہلاکت کے دُکھ درد جنھوں نے پائے ہیں