ماہر القادری حمد ٭ پروردگار بھی ہے، وہ کارساز بھی ہے

پروردگار بھی ہے، وہ کارساز بھی ہے
خلّاقِ دو جہاں ہے، بندہ نواز بھی ہے

ہے عالم آشکارا، یہ بات راز بھی ہے
اک پرتوِ حقیقت، حسنِ مجاز بھی ہے

ہر شے ظہور اس کا، ہر سمت اس کے جلوے
یہ کار گاہِ ہستی، اک بزمِ ناز بھی ہے

یہ وقت ہے دعا کا، ہاں! نام لے خدا کا
آنکھیں بھی شبنمی ہیں، دل میں گداز بھی ہے

یہ ذوق و شوقِ طاعت، ماہرؔ تمہیں مبارک
یہ بھی خیال رکھنا، وہ بے نیاز بھی ہے

٭٭٭
ماہر القادریؒ
 
Top