حُسین انجُم --- خود کوغریقِ رحمتِ یاراں کرے کوئی

طارق شاہ

محفلین
غزل
حُسین انجُم
خود کوغریقِ رحمتِ یاراں کرے کوئی
بیعت بدستِ قبلۂ رِنداں کرے کوئی
جب راہبر کی راہزنوں سے ہو دوستی
زادِ سفر کا کِس کو نگہباں کرے کوئی
جب جوئے خوں سے کشتِ حکومت کی ہو نمو
کیونکر فدائے شاہ دل وجاں کرے کوئی
جب شیخِ وقت حاشیہ بردارِ شاہ ہو
کیونکرنہ پاسِ رتبۂ سلطاں کرے کوئی
جب کلمہ گو بھی کفر کے فتوے کی زد پہ ہو
کافر کو کِس غرض سے مسلماں کرے کوئی
کھُل جائے جب بفیضِ دُعا بابِ میکدہ
تب آرزوئے موسمِ باراں کرے کوئی
جب سر بُریدگی ہو علامت حیات کی
کیونکر نہ پیرویِ شہیداں کرے کوئی
سودائے سر اگر ہے تو پاسِ انا بھی ہے
کیونکر بھلا خوشامدِ درباں کرے کوئی
بڑھتی رہیں گی شامِ الم کی اُداسیاں
تارِ گلو کو لاکھ غزلخواں کرے کوئی
جب ہو صلیبِ وقت پہ لاشہ حیات کا
کیونکر بھلا تصوّرِ جاناں کرے کوئی
معشوق درکنار و صراحی بہ رُو برُو
اور پھر تلاشِ چشمۂ حیواں کرے کوئی
جب بارِ زندگی سے بدن کانپنے لگے
پھر کِس لئے نہ موت کا ارماں کرے کوئی
ہو جائے گا وہ محرمِ اسرارِ میکدہ
جب خود کو وقفِ خدمتِ درباں کرے کوئی
جب اُس پری جمال کا زانوں ہو زیرِ سر
کیا آرزوئے تختِ سلیماں کرے کوئی
ڈر ہے بکھر نہ جائے در و بستِ زندگی
زلفوں کو اِس طرح نہ پریشاں کرے کوئی
کتنی شبِ حیات تھی محرومِ روشنی
اب لاکھ گردِ قبر چراغاں کرے کوئی
ہمدم سے نارسائیِ قسمت کا تذکرہ
بندے سے کیا شکایتِ یزداں کرے کوئی
جب جہل پر ہو لطفِ فروانِ خسروی
کیا جستجوئے حکمت وعرفاں کرے کوئی
جاری ہو موجِ خوں جو ہراک زخمِ شاخ سے
کیونکر مجالِ جشن بہاراں کرے کوئی
انجم شریک مجمع روحانیاں ہیں گر
آراستہ نہ محفلِ رنداں کرے کوئی
حُسین انجُم
 

غ۔ن۔غ

محفلین
کتنی شبِ حیات تھی محرومِ روشنی
اب لاکھ گردِ قبر چراغاں کرے کوئی


واہ کیا کہنے بہت خوب ۔ ۔ ۔ ۔
 
واہ لاجواب انتخاب ہے ۔بہت لطف دیا غزل نے۔۔۔ حسین صاحب کا کلام پہلے کبھی گزرا نہیں نظر سے ۔اچھا لکھتے ہیں۔ہو سکے تو مزید کلام بھی عنایت کیجیے گا ۔ اس قدر عمدہ انتخاب پر داد قبول کیجیے۔
 

طارق شاہ

محفلین
واہ لاجواب انتخاب ہے ۔بہت لطف دیا غزل نے۔۔۔ حسین صاحب کا کلام پہلے کبھی گزرا نہیں نظر سے ۔اچھا لکھتے ہیں۔ہو سکے تو مزید کلام بھی عنایت کیجیے گا ۔ اس قدر عمدہ انتخاب پر داد قبول کیجیے۔
گیلانی صاحبہ !
ممنُون ہوں اس مفصّل اظہارِ خیال اور انتخاب کی داد و پذیرائی پر

مرحوم انجُم صاحب کی ایک غزل کچھ روز قبل یہاں چسپاں کی تھی، اورایک کچھ گھنٹوں قبل۔
ٹیگز میں کلک کرنے سے دیکھ سکتی ہیں
ایک بار پھر سے تشکّر
بہت شاداں رہیں
 
Top