خالد مقبول صدیقی کا فلسطینی طلبہ کے لیے اسکالر شپ میں اضافے کا اعلان

الف نظامی

لائبریرین
وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان میں فلسطینی طلبہ کے لیے تعلیمی اسکالر شپ میں اضافے کا اعلان کردیا۔

عمان کے دارالحکومت مسقط میں اسلامی ملکوں کے وزرائے تعلیم کی کانفرنس سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تاریخ کے اس اہم اور فیصلہ کُن موڑ پر فلسطینی طالب علموں کی مدد کرنا دینی اور تاریخی فریضہ ہے۔

یاد رہے کہ چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان خالد مقبول صدیقی 3 روزہ دورے پر عمان پہنچ چکے ہیں۔

ایم کیو ایم کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی عمانی وزارتِ تعلیم کے حکّام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ مسقط عمان کے ذمے دار بھی وفاقی وزیر کے اعزاز میں کئی تقاریب کا اہتمام کر رہے ہیں۔
 

وجی

لائبریرین
ضرور دیں تعلیمی اسکالر شب لیکن آگئے آنے والے مسائل کا حل بھی دیں
کچھ مسائل ان سے بھی سن لیں
 

الف نظامی

لائبریرین
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین میں دیرپا امن کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر غور کرے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے غزہ کی پٹی، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی افواج کی طرف سے وحشیانہ بمباری اور تسلط کا ایک سال مکمل ہونے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی افواج نے پچھلے ایک سال سے ظلم اور بربریت کی انتہا کر دی ہے، عالمی برادری کو فلسطینیوں کی حالت زار پر توجہ دینے اور تنازعہ کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے کام کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی اراضی پر ناجائز قبضہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، فلسطینی عوام کی جائز امنگوں کو تسلیم کیا جائے۔
 

الف نظامی

لائبریرین
لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حالت زار پر دنیا کی خاموشی انسانیت کے لیے ایک المیہ ہے۔


یوم اظہار یکجہتی فلسطین پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، فلسطین کے لوگ اپنے بنیادی حقوق اور اپنی زمین کے تحفظ کے لیے لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے موقف کی مکمل حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا، مسلم لیگ (ن) نے ہر فورم پر فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھائی ہے، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے فلسطین اور کشمیر کے مسئلے اور اس کے حل کا روڈ میپ جاندار انداز میں پیش کیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، جب تک اس کا منصفانہ حل فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں نکلتا دنیا میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے آگے بڑھیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں۔
 

الف نظامی

لائبریرین

فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی​


842315_14363334.jpg

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلسطین اور غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی۔

آل پارٹیز کانفرنس سہ پہر 3 بجے ایوان صدر اسلام آباد میں ہوگی، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے، صدر مملکت اور وزیراعظم کی جانب سے دعوت نامے جاری کر دیئے گئے۔

واضح رہے کہ حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کرکے آج ہونے والی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
 

الف نظامی

لائبریرین
اسلام آباد : (دنیانیوز) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کاکہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد فلسطینی عوام کے ساتھ ہماری مستقل حمایت اور یکجہتی کا اظہار ہے۔


سینیٹر شیری رحمان نے 7 اکتوبر یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج پورا پاکستان متحد ہو کر اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف اپنی آواز کو بلند کرے گا۔

ان کاکہنا تھا کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت اور جنگی جنون کو آج ایک سال مکمل ہو چکا ہے، ایک سال سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 16 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں، تقریباً 23 لاکھ افراد، یعنی 90 فیصد سے زائد آبادی کو زبردستی اپنے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا ہے، غزہ کا اہم انفراسٹرکچر، رہائشی مکانات، معیشت، زرعی زمینیں، اور ماہی گیری کا نظام بڑی حد تک تباہ ہو چکے ہیں۔

سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں امداد کی فراہمی کو محدود کر دیا ہے، جس سے قحط اور طبی سہولیات کی کمی مزید بڑھ گئی ہے، آج ایک سال بعد، 7 اکتوبر 2024 کے دن، اسرائیل نہ صرف فلسطین بلکہ لبنان، ایران، شام اور یمن سے بھی براہِ راست جنگ میں مصروف ہے، اس ایک سال میں اسرائیل مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے، اسرائیلی جنگی جنون کو روکنا عالمی دنیا کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس آج سہ پہر 3 بجے ایوان صدر اسلام آباد میں ہوگی، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے، صدر مملکت اور وزیراعظم کی جانب سے دعوت نامے جاری کر دیئے گئے۔
 
Top