خدا خدا کر کے نالہ اپنا سنا گیا ہے۔۔برائے اصلاح

نمرہ

محفلین
اصلاح اور مشوروں کی درخواست کے ساتھ۔
خدا خدا کر کے نالہ اپنا سنا گیا ہے
ہمیں بھی اب اذن باریابی دیا گیا ہے
ہم اپنے مقدور تک تو کوشش کریں گے، گرچہ
بہت کڑا ہے جو عہد ہم سے لیا گیا ہے
کتب سبھی فاتحین کے نام ہیں جہاں میں
ستم زدوں کا کہیں فسانہ کہا گیا ہے؟
جنوں کے عالم میں دھجی دھجی ہوا گریباں
نہ پوچھ بہر خدا کہ کیونکر سیا گیا ہے
یہ تلخی یونہی قلم سے اپنے نہیں ٹپکتی
زمانہ ظالم ہی زہر ایسا پلا گیا ہے
کوئی تو ہے جو بہت مہارت سے آگے پیچھے
مرے سبھی راستوں میں کانٹے بچھا گیا ہے
ابھی سے دنیا کو فکر ہونے لگی ہے میری
ابھی تو آنکھوں میں خواب تازہ بُنا گیا ہے
وہاں ہمیشہ سے اپنی ہستی پہ ناز تھا کچھ
پر اب ہمارے بھی سر میں سودا سما گیا ہے
جہاں میں یوں آدمی کی تنہائی گونجتی ہے
کہ دور صحرا میں سُر کوئی اک اٹھا گیا ہے
گزر نہیں اس کا میری قسمت میں جب کہیں بھی
تو حیطہء خواب میں اسے کیوں رکھا گیا ہے؟
رہے ہیں مضبوط تخت دنیا میں کیسے کیسے
کہ وقت ٹھوکر سے جاتے جاتے گرا گیا ہے
 

شاہد شاہنواز

لائبریرین
خدا خدا کر کے نالہ اپنا سنا گیا ہے
ہمیں بھی اب اذن باریابی دیا گیا ہے
(خدا خدا کرکے ایک نالہ سنا گیا ہے ۔۔ ہمیں بھی اب اذنِ باریابی دیا گیا ہے)

ہم اپنے مقدور تک تو کوشش کریں گے، گرچہ
بہت کڑا ہے جو عہد ہم سے لیا گیا ہے
(گرچہ کی جگہ "لیکن" ہوسکتا ہے، جو کسی قدر بہتر محسوس ہوتا ہے کیونکہ "گے" اور "گرچہ " کے ایک ساتھ آنے سے صوتی خرابی پیدا ہورہی ہے)

کتب سبھی فاتحین کے نام ہیں جہاں میں
ستم زدوں کا کہیں فسانہ کہا گیا ہے؟
(دوسرا مصرع: کہیں کی جگہ "کہاں " بہتر معلوم ہوتا ہے۔ کہا کی جگہ لکھا ہوسکتا ہے)
 
اگر بارِ خاطر نہ ہوں تو دو چار باتیں عرض کروں گا۔ پسند نہ آئے تو نظر انداز کر دیجیئے گا-

خدا خدا کر کے نالہ اپنا سنا گیا ہے
کی جگہ
خدا خدا کر کے اپنا نالہ سنا گیا ہے
میں زیادہ روانی ہے۔

کتب سبھی فاتحین کے نام ہیں جہاں میں
لفظ "سبھی" کتب کے ساتھ ہے یا پھر فاتحین کے ساتھ؟
سبھی کتب فاتحین کے نام ہیں جہاں میں
زیادہ بہتر لگتا ہے۔

زمانہ ظالم ہی زہر ایسا پلا گیا ہے
لفظ "ہی" کی نشست کچھ ٹھیک نہیں لگ رہی۔ اسے بھی بہتر کیا جا سکتا ہے۔

وہاں ہمیشہ سے اپنی ہستی پہ ناز تھا کچھ
پر اب ہمارے بھی سر میں سودا سما گیا ہے
یہاں مخاطب کون ہے؟ ابہام ہے اس میں۔

کہ دور صحرا میں سُر کوئی اک اٹھا گیا ہے
"سر" کا "اٹھنا" بھی کچھ عجیب لگ رہا ہے یہاں۔

شکریہ
 

الف عین

لائبریرین
مطلع میں کاشف سے متفق ہوں۔
گرچہ کی جگہ لین کے شاہد کا مشورہ اچھا ہے، لیکن مجھے ’مقدور تک ‘ کا استعمال اتنا اچھا نہیں لگا۔ اسے ’مقدور بھر‘ کر دیا جائے۔
سبھی فاتحین بھی درست ہو سکتا ہے، اور سبھی کتب بھی۔ موجودہصورت کاابہامہیبہتر ہے، جسے جو معنی پسند ہوں، وہ سمجھ لے!!!
کسی طرح الفاظ کی نشست یا الفاظ تبدیل کر کے ’زہر ہی ایسا‘ کر دیں۔
سُر اٹھانےکو روا روی میں ’سرَ اٹھانا‘بھی پڑھا جا سکتا ہے۔ سُر اٹھانا تو درست ہے لیکن مصرع رواں نہیں رہا ’اک‘ کی نشست کی وجہ سے۔
وہاں ہمیشہ سے اپنی ہستی پہ ناز تھا کچھ
کہاں؟ واضح نہیں
 
Top