خیبر: مسجد میں بم دھماکہ!

arifkarim

معطل
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک مسجد میں خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم پچاس افراد ہلاک اور ایک سو پچہتر کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

جمرود کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ فضل قادر نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

مقامی لوگوں نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ خودکش حملہ اتنا شدید تھا کہ پوری مسجد زمین بوس ہو گئی اور اس کے ملبے سے لاشیں نکالنے کا کام اب بھی جاری ہے۔

مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ تحصیل جمرود سے تقریباً پانچ کلومیٹر مغرب کی جانب بگیاڑئی کے علاقے میں مسجد بگیاڑئی میں جمعہ کی نماز کے وقت خود کش حملہ ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں مسجد مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق درجنوں لوگ مسجد کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

دھماکے کے بعد مسجد کے دروازے سے آگ کے شعلے اٹھنے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے مسجد زمین بوس ہو گئی۔ یہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ صحن میں موجود لوگ بھی گر گئے۔ میں خود تو معمولی زخمی ہوا ہوں لیکن میں نے بیس لاشیں تو خود دیکھی ہیں

مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت تین سو کے قریب نمازی مسجد میں موجود تھے۔

مقامی لوگوں کے مطابق مسجد کے قریب خاصہ دار فورس کی ایک چیک پوسٹ موجود ہے اور اس مسجد میں زیادہ تر خاصہ دار فورس کے اہلکار ہی نماز کے لیے آتے ہیں۔ خدشہ ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک بڑی تعداد خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کی ہے۔

خاصہ دار فورس کے اہلکار اور عینی شاہد نور محمد نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ کی نماز کی نیت باندھنے سے قبل ایک زور دار دھماکا ہوا۔

’میں نماز کے لیے مسجد کے صحن میں کھڑا تھا کیونکہ میں تھوڑی دیر میں پہنچا اور مجھے مسجد کے اندر جگہ نہ ملی۔ دھماکے کے بعد مسجد کے دروازے سے آگ کے شعلے اٹھنے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے مسجد زمین بوس ہو گئی۔ یہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ صحن میں موجود لوگ بھی گر گئے۔ میں خود تو معمولی زخمی ہوا ہوں لیکن میں نے بیس لاشیں تو خود دیکھی ہیں۔‘

ایک مقامی صحافی نے بھی بی بی سی کو بتایا کہ خودکش حملہ آور نے نمازیوں کے درمیان اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ خودکش حملہ آور پہلے ہی سے مسجد میں موجود تھا۔

واضح رہے کہ خیبر ایجنسی سے افغانستان میں موجود نیٹو فورسز کے لیے رسد لے جانے والے قافلے گزرتے ہیں جس پر پہلے بھی کئی بار حملے ہو چکے ہیں۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اس علاقے میں مسجد پر حملہ ہوا ہے۔

(بی بی سی سے ماخوز)
 

نبیل

تکنیکی معاون
بہت افسوسناک خبر ہے۔ خود کش دھماکہ کرنے والا خود کو ضرور ایمان کے بلند درجے پر فائز سمجھتا ہوگا۔ پاکستان میں مذہبی انتہاپسندی کے بے قابو ہوجانے کے بارے میں پہلے بھی کئی مرتبہ لکھ چکا ہوں، اسے یہاں نہیں دہرا رہا۔ صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اسلام کی تاریخ میں اس سے بھی بدترین فتنے رونما ہوتے رہے ہیں، لیکن ان سے اسلام کا خاتمہ نہیں ہوا تھا۔
 

شمشاد

لائبریرین
آپ اسے مسلمان کہہ رہے ہیں، میں تو انہیں انسان بھی نہیں سمجھتا جنہوں نے یہ حرکت کی اور کروائی ہے۔
 

طالوت

محفلین
اللہ مرحومین کے معاملات آسان فرمائے اور اس کے ذمے داروں کو (اوپر سے نیچے تک) جہنم کے نچلے درجوں میں جگہ دے ۔۔
وسلام
 
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
السلام علیکم
خدا ہی بہتر جانتا ہے مجھے تو وہ واقعہ یاد آتا ہے کہی نظر سے گذرا ہے کہ فلسطین میں میں مسلمانوں نے ایک چرچ میں پناہ لی تھی لیکن یہودیوں نے عیسائیوں کی خوف کی وجہ سے ان پر کسی قسم کی فائرنگ وغیرہ نہ کی لیکن اسلام کے دعوے کرنے والے چاہے سرکاری لشکر ہو یا مجاہدوں کی بھیس میں اسلام فروخت لوگ ہوں
جن لوگوں کی دل میں اللہ کی عظمت ہو گی تو وہ ہی اللہ کی گھر کی بھی احترام کریں نہ کہ بارود سے آڑائیں گے

یا اللہ تو ہی بہترین منصوبہ ساز ہے اور تو کفر کے منصوبے انہی پر الٹا دیں
اور میرے مجاہدین بھائیوں کی تو ہی حفاظت فرما اور امریکہ اور ان کی حواریوں کو ذلیل و خوار کردیں کیونکہ انہی کی وجہ سے آج یہ حالات یہاں پر ہے کہ مسلمان مسلمان کا دشمن ہو گیا ہے ۔
یا ایھالذین امنو ان تنصراللہ ینصرکم و یثبت اقدامکم
اے مومنوں اگر تم اللہ کی( دین ) کی مدد کرو گے تو اللہ تمھارا مدد کرےگا اور تمھارے قدم مضبوط کرے گا


اللہ اکبر کبیرا
 
یہ سب امریکہ اور امریکی ایجنٹوں کا کیا دھرا ہے۔ خدا غارت کرے ان شیطانی منصوبوں کو اور جو ان پر عمل کررہے ہیں۔
 

فرضی

محفلین
یقین نہیں ہوتا کہ کوئی مسلمان مسجد پر حملہ کرے گا۔ اللہ ہم پر رحم فرمائے۔
 

شمشاد

لائبریرین
لیکن یہ خود کُش حملہ لگتا نہیں ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پہلے سے ہی وہاں بارود وغیرہ رکھا جا چکا تھا جو کہ کسی ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا۔ اور یہ کام ظاہر ہے کہ کسی مسلمان کا نہیں ہے۔
 

شمشاد

لائبریرین
اس سے کیا مطلب ہے آپ کا؟

کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ یہ دھماکہ صحیح ہوا ہے؟
 
Top