شَیخ چِلّی 10
۔ "بَہُت خُوب! آپ تو حِکمَت میں بھی دَخَل رَکھتے ہیں۔"
"اَیسا وَیسا۔ مُجھے تو یہ مَعلُوم ہے بُخارکی کَیفِیّت کیا ہوتی ہے۔"
"کیا ہوتی ہے؟"
"آپ دو گَھنٹے دُھوپ میں بَیٹھ کر آئِیے۔ آپ کا جِسم گَرم ہو جائے گا۔ بَس یَہی بُخار میں بھی ہوتا ہے۔"
"واہ صاحِب آپ نے تو مَسئلہ ہی حَل کر دیا۔"
مُلا عَبدُالقادِر اِس خَیال سے اُسے گَھر لے آئے تھے کہ کُچھ دِن مِہمان نَوازی کے بَعد اُسے رُخصَت کردیں گے لَیکِن شَیخ سے صُحبَت ہوئی تو وہ کُچھ اور ہی سوچنے لگا۔ اَیسے نادِرِ روزگار شَخص کو تو دَربار میں ہونا چاہِئے۔ بِیربَل اور مُلا دو پِیازَہ وَہاں مَوجُود ہیں جو اَپنے لَطِیفوں سے دَربار کو زَعفَران زار بنا دیتے ہیں لَیکِن شَیخ چِلّی کا جَواب نَہِیں۔ اُس کی باتوں میں جو سادَگی ہے، پَڑھ لِکھ کر نَہِیں آسَکتی۔ بَلا کا حاضِر جَواب ہے۔ دَربار میں ہونے والے مُباحَثوں میں بَڑا کامیاب رہے گا۔
سَوال یہ تھا کہ دَربار میں اُسے بھیجا کَیسے جائے۔ وہ خود تو بادشاہ سے خَفا تھے، کسی ذَرِیعے سے ہی اُسے بھیجا جا سکتا تھا۔ اُنہوں نے رُقعَہ لکھا اور مُلازم کے ہاتھوں مُلا دو پِیازَہ کے پاس بھیج دیا۔ مُلا دو پِیازَہ اَبھی دَربار سے آئے تھے، کَمَر کھولی ہی تھی کہ رُقعَہ مِل گیا۔ اُنہوں نے زُبانی کَہَلوا بھیجا کہ آج رات خُفِیَہ طور پر آپ سے مِلوں گا۔ پِھر رات کو اُنہوں نے جوگی کا رُوپ دھارا۔ چِمٹا کَھٹکاتے مُلا عَبدُالقادِر کے گَھر پُہُنچ گَئے۔ اَپنی اَنگوٹھی اَندَر بھیجی۔ مُلا عَبدُالقادِر نے اُنہیں اَندَر بُلوا لیا۔
"اِن سے مِلو۔ یہ ہیں شَیخ چِلّی۔ نابغَئہ روزگار ہَستی ہیں۔ کُچھ دیر اِن سے باتیں کرو گے تو خُود ہی سَمَجھ جاؤ گے، بَلکہ اَیسا کرو، اِن سے کُچھ سَوالات کرو۔ اَیسے دانِشمَندانَہ جَواب مِلیں گے کہ طَبِیعَت صاف ہو جائے گی۔"
اِن دِنوں اَکبَر کے دَربار میں ہِندُو مَذہَب کے فَلسَفے پر بَڑی بَحَثیں ہو رہی تھیں۔ مُلا دو پِیازَہ کے ذِہن میں بھی وُہی سَوال تازہ تھے۔ اِس نے سَوچا شَیخ چِلّی کو بھی آزما لِیا جائے۔
"آپ مَرنے کے قائل تو ہوں گے۔" مُلا دوپِیازَہ نے پُوچھا۔
"قَطعی نَہِیں۔"
"اَرے وہ کِیوں؟"
"اِس لِیے کہ میں کِسی کے کَہنے سے کِیوں مَانوں۔ جَب خُود مَروں گا تو پِھر مان جاؤں گا۔"
"بُتوں کی پُوجا کے بارے میں کیا خَیال ہے؟"
"اِعتِراض تو کوئی نَہِیں لَیکِن مُشکِل یہ ہے کہ بولتے نَہِیں۔"
"اور سُورَج کی پَرَستِش؟؟؟؟"
"یہ ٹِھیک ہے۔ کِیونکہ سُورَج بَڑے کام کی چیز ہے۔ دُھوپ کھانے کا مَوقَع مِلتا ہے۔ اَگَر نہ نِکلے تو ہَم سَردی سے ٹِھٹَھر جائیں۔"
"ہِندُو بَرگَد کے پیڑ کی بھی تو پُوجا کرتے ہیں۔"
"بے کار کرتے ہیں۔بَھئی یہ پیڑ تو چِڑیوں کے کام آتے ہیں۔ وہ پُوجا کریں۔ میں کِیوں کَروں۔"
"بے وَقُوف کی تَعرِیف آپ کے نَزدِیک کیا ہے؟"
"جِسے خُود کُچھ نہ آتا ہو ہر بات دُوسروں سے پُوچھے۔"
اِس جَواب سے مُلا دوپیازَہ پر اَیسی چوٹ پَڑی کہ وہ پَھڑَک اُٹھا۔
"بَھئی، یہ تُمہارے مَہمان تو بَڑے کام کی چِیز ہیں۔"
"اِسی لِیے میں نے تُمہیں بُلایا۔ تُمہارے مُلحِد بادشاہ کے دَربار میں یہ شَخص بَڑے گُل کِھلائے گا۔"
"میں سَمَجھ گیا۔ کِسی نہ کِسی طَرح اِسے بادشاہ کے رُوبَرُو پیش کروں گا۔ آگے اِس کی قِسمَت۔"
"مُلا دو پِیازَہ اُسے اَپنے ساتھ گَھر لے گیا اور چَند دِن دَرباری آداب سِکھانے کے بَعد دَربار لے گیا اور بادشاہ کی اِجازَت لے کر اُسے بادشاہ کے سامنے پیش کیا۔
شَطرَنجی سے کَمَر کَسے،بَڑا سا پَگَڑ سَر پر باندھے، گَرمِیوں میں سَردِیوں کا لِباس پَہنے وہ بادشاہ کے سامنے حاضر ہُوا۔ سَلِیقے سے سَلام کیا اور پانچ اَشَرَفِیاں بادشاہ کے رُوبَرُو پیش کیں۔ مُلا دو پِیازَہ نے اُس کا تَعارُف اَیسے مَبالغے سے کیا کہ بادشاہ کو اُس کی باتیں سُننے کا اِشتِیاق ہو گیا۔ تَمام نَورَتَن حاضِر تھے، اُسے بھی ایک طَرف بِٹھا دیا۔ اِس وَقت دَربار میں بَحث چِھڑی ہُوئی تھی کہ ہِندُومَت کو فَضِیلَت حاصِل ہے یا اِسلام کو۔ بِیربَل کی باری تھی کہ وہ دَلائل دے رہا تھا۔
"حُضُور، ہِندومَت کو فَضِیلَت حاصِل ہے۔ اِس لِیے ہِندُو کا نام پَہلے لیا جاتا ہے، مُسِلمان کا بَعد میں۔ یَعنی جَب کَہنا ہوتا ہے تو کَہتے ہیں "ہِندُو مُسِلمان"
بِیربَل کَہہ چُکا تو بادشاہ نے شَیخ چِلّی کی طَرف اِشارَہ کیا۔ یَہاں کیا دیر تھی۔ جَواب تو ہر وَقت حاضِر تھا۔
"جی ہاں، جَیسے جورُو مَرد کہا جاتا ہے مَگَر اَفضَل تو مَرد ہی ہُوا نا۔"
اِس نے کُچھ اِس اَنداز سے جُملَہ کہا کہ بِیربَل سَمیت کوئی بھی ہَنسے بَغَیر نہ رہ سکا۔ بادشاہ نے فَوراً حُکم صادِر کیا کہ شَیخ چلّی کا نام اُس کے نَو رَتنوں میں شامِل کیا جائے۔
شَیخ کے تو مَزے آگئے۔ ایک ہی دِن میں اِتنا بَڑا اِعزاز جو مِل گیا۔ دَربارِیوں نے اُسے مُبارَک باد دی لَیکِن اُسے کے نَزدِک تو اِس عُہدے کی اَہمِیّت تھی ہی نَہِیں۔ اُس کے مِزاج کی سادگی کِسی تَکَبّر کی مُتَحَمِّل ہو ہی نَہِیں سَکتی تھی۔ اُسے تو یہ فِکر تھی کہ اِتنا بَڑا پَگَڑ پَہن کر اُسے دَربار میں آنا پَڑے گا۔
باقی آئندہ