فرحان دانش
محفلین
سنی تحریک کے رہنما شکیل قادری نے کہا ہے کہ درگاہ سید عبداللہ شاہ غازی سے منشیات اور جرائم کے اڈے جمعرات21/ مئی تک ختم نہ ہوئے تو عوام اہلسنت سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری کراچی پولیس پر عائد ہوگی۔ انہوں نے سنی تحریک رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ سی سی پی اوکراچی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ سید عبداللہ شاہ غازی عقیدت کا مرکز ہیں، انہوں نے برصغیر پا ک و ہند میں اسلام کیلئے گراں قدر قربانیاں دیں، آپ کی خدمات کے باعث اللہ تعالیٰ نے آپ کو یہ مقام عطا فرمایا کہ آج لاکھوں بندگان خدا مزار پر حاضری دیتے ہیں۔ ایک منظم سازش کے تحت سوات اور بونیر میں ہمارے اکابرین اولیائے کرام کے مزارات کو بموں سے اڑایا جا رہا ہے جبکہ کراچی میں درگاہوں پر منشیات اور جرائم کے اڈے قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو مزارات سے دور رکھا جا سکے۔ جرائم پیشہ گروہ کا یہ اقدام عوام اہلسنت کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے، اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے سنی تحریک اپنا کردار ادا کرتے ہوئے سی سی پی اوکراچی سے مطالبہ کرتی ہے کہ اگر21/ مئی تک عظیم صوفی بزرگ سید عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے منشیات اور جرائم کے اڈے ختم نہ ہوئے تو عوام اہلسنت سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری کراچی پولیس پر عائد ہو گی۔