السلام علیکم،
تمام محفلین کو محفل فورم پر دو ملین پیغامات کا ہدف عبور کی بہت مبارکباد قبول ہو۔ یہ اردو ویب اور اردو محفل فورم ہی کے لیے نہیں بلکہ بحیثیت مجموعی اردو کمپیوٹنگ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ کچھ عرصہ قبل تک یہ ہدف دور نظر آتا تھا، لیکن آپ دوستوں نے اس مشکل ہدف کو حاصل کرنا آسان بنا دیا۔ اور محفل فورم کی سالگرہ کی تقریبات کے دوران ہی دوملین پیغامات کی تکمیل نے سالگرہ کی رونق بھی دوبالا کر دی ہے۔ دوملین پیغامات کے حصول کے لیے ہماری کوشش محض ایک اتفاق نہیں ہے، بلکہ اس ہدف کی تحصیل کے لیے مہم چلانا اور نئے موڈریٹرز کی تقرری اردو ویب اور اردو محفل فورم کے مستقبل کے حوالے سے ایک بڑے پلان کا حصہ ہے۔ اس تحریر میں میں آپ کے سامنے اس منصوبے کا ایک خاکہ پیش کروں گا، اور اس کی تفصیل انشاءاللہ بعد میں سامنے لائی جائے گی۔
میں پہلے بھی کئی مرتبہ عرض کر چکا ہوں کہ اردو محفل فورم آغاز میں ایک تجربے کے طور پر سیٹ اپ کی گئی تھی اور اس میں وقت کے ساتھ ساتھ زمرہ جات کا اضافہ ہوتا گیا۔ کافی عرصے سے ہمیں اردو محفل فورم کو نئے سرے سے ترتیب دینے کی ضرورت کا احساس ہو رہا ہے، اور اس سلسلے میں ذاتی مکالمے کی صورت میں ہماری مشاورت بھی جاری رہی ہے۔ اب کہیں آ کر ہمارے ذہن میں نئے سیٹ اپ کے خدوخال واضح ہونے شروع ہوئے ہیں، اگرچہ ابھی بھی ہمیں بہت سے سوالات کے جوابات ڈھونڈنے ہیں اور کئی الجھنوں کا حل دریافت کرنا ہے۔
لیکن مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں کچھ بیان کرنے سے قبل میں چاہوں گا کہ اب تک کی اردو محفل کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے کہ ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا۔
اردو محفل فورم کا قیام بلاشبہ ہمارے لیے ایک بڑی تکنیکی کامیابی تھی اور اردو کی ترویج کی راہ میں ایک بڑا قدم تھا۔ محفل فورم کے قیام اور اس کی نظامت میں کئی لوگوں کا حصہ رہا ہے۔ گزشتہ تیرہ سال میں فورم کو کامیابی سے نئے سوفٹویر پر اپگریڈ کرتے رہنا بذات خود اتنا ہی اہم رہا جتنا کہ خود آغاز میں اسے سیٹ اپ کرنا۔ لیکن ہماری اصل کامیابی محفل فورم پر اردو کمپیوٹنگ اور اردو ادب کے حوالے سے ایک متحرک کمیونٹی تشکیل دینا ہے۔
محفل فورم پر اردو کمپیوٹنگ کے حوالے تاریخی اہمیت کا کام ہوا ہے۔ محفل فورم کے پلیٹ فارم سے اردو ایڈیٹر ، نستعلیق فونٹس، کانٹینٹ منیجمنٹ سسٹمز کے اردو ورژن اور دوسرے متفرق سوفٹویر کا اجراء ہوتا رہا ہے۔ علاوہ ازیں یہاں پر دوسری فورمز اور بلاگز کی تشکیل سے متعلق مدد بھی فراہم کی جاتی رہی ہے۔ اردو محفل فورم پر استعمال ہونے والے اردو پلگ ان اور اردو تراجم ہمیشہ افادہ عام کے لیے فراہم کر دیے گئے ہیں، اور انشاءاللہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
اردو سوفٹویر کے اجراء کے ساتھ ساتھ محفل فورم پر اعلی معیار کے تکنیکی ٹیوٹوریل اور مضامین بھی پیش کیے جاتے رہے ہیں۔
اردومحفل فورم کا زمرہ شعر و ادب بھی اردو ویب سائٹس میں ایک امتیازی حیثیت رکھتا ہے اور یہاں اعلی ذوق کے شاعر اور ادیب اکٹھے ہوتے ہیں۔ ان میں کہنہ ادب شاعر بھی شامل ہیں اور ان سے سیکھنے والے نئے شاعر بھی۔ فورم پر نفیس ذوق کے لکھاریوں کی موجودگی سے دوسرے صاحب ذوق افراد کو بھی فورم میں شمولیت کی تحریک ملتی رہی ہے۔
اردو لائبریری پراجیکٹ ایک بڑے سکیل کا پراجیکٹ اور محفل فورم پر ہم نے اپنے محدود وسائل کے باوجود اس پراجیکٹ میں بھرپور توانائی صرف کی ہے۔ ایک مرتبہ پھر سے اس پراجیکٹ کو نئی لیڈشپ اور نئی ٹیم کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ اس امر کی بھی ضرورت ہے کہ ٹیکنالوجی کے نئے امکانات سے بھی استفادہ کیا جائے۔ حال ہی میں گوگل کلاؤڈ سپیچ اور امیج اے پی آئی ٹیکنالوجی میں اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔ اس کے ذریعے اردو او سی آر اور اردو سپیچ ریکگنیشن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
اردو محفل فورم کی تاریخ صرف کامیابیوں سے عبارت نہیں ہے بلکہ ہمیں کئی ناکامیوں کا سامنا بھی ہوا ہے۔
ہمارا ارادہ ایک تکنیکی اور ادبی جریدے کے اجراء کا تھا لیکن اس سلسلے میں پیشرفت نہیں ہو سکی۔ اعجاز اختر صاحب کی زیر ادارت آن لائن جریدے سمت کی صورت میں ایک ادبی جریدہ موجود ہے لیکن اردو میں ایک معیاری تکنیکی جریدے کی ضرورت ابھی بھی محسوس ہوتی ہے۔ محفل فورم پر مذہب اور سیاست کے زمرہ جات پر تنازعات کئی مرتبہ کنٹرول کرنے مشکل ہو جاتے ہیں اور ان کی وجہ سے کئی مرتبہ تنازعے کے ذمہ دار افراد کو معطل کرنے کا ناخوشگوار قدم اٹھانا پڑا ہے۔ یہ اس لیے بھی تکلیف دہ ثابت ہوا ہے کہ اس انضباطی کاروائی کی زد میں وہ افراد بھی آئے ہیں جو بصورت دیگر فورم پر تعمیری سرگرمیوں میں اچھا کردار ادا کر سکتے تھے۔ اس کے علاوہ اردو محفل فورم جیسی مصروف سائٹ کی مونیٹائزیشن کے ذریعے اس کے اخراجات کا بندوبست بھی کیا جانا چاہیے جس کی ابھی تک کمی محسوس ہوتی ہے۔
حسب وعدہ اب میں مستقبل کے حوالے منصوبوں کا ایک خاکہ آپ کے سامنے پیش کر رہا ہوں۔
ہم نے یہ محسوس کیا ہے کہ محفل فورم کے ارتقاء کے لیے ضروری ہے کہ اس کے اہم زمرہ جات کو علیحدہ اور آزاد فورم کی شکل دے دی جائے۔ یعنی کمپیوٹنگ اور آئی ٹی سے متعلق ایک فورم ہو جبکہ شعرو ادب کی ایک الگ فورم ہو۔ اور اسی طرح رائے عامہ اور تفریح وغیرہ کے لیے علیحدہ فورمز بنائی جائیں۔ ان تمام فورمز کی نظامت بھی انڈیپنڈنٹ ہوگی۔ البتہ یہ تمام فورمز ایک دوسرے سے اس طرح مربوط ہوں گی کہ ان کی یوزر بیس ایک ہی ہوگی، یعنی یوزرز ایک فورم میں لاگ ان ہوں گے تو وہ خود کار طور پر تمام فورمز میں لاگ ان ہو جائیں گے۔ یہ کانسپٹ ریڈٹ (Reddit) سے ملتا جلتا ہے، فرق یہ ہے کہ ریڈٹ پر کوئی بھی شخص نئی فورم بنا سکتا ہے جبکہ ہمارے سیٹ اپ میں ان سائٹس کی تعداد محدود ہوگی اور صرف بالا کے موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔ ہمیں احساس ہے کہ یہ ریڈیکل آئیڈیاز ہیں اور آپ میں سے کچھ کو شاک بھی پہنچ سکتا ہے۔
لیکن ہمیں امید ہے کہ باہمی مشورے کے ساتھ ہم نئے سیٹ اپ کے خاکے میں رنگ بھر سکتے ہیں۔ یہاں میں یہ بھی وضاحت کرنا چاہوں گا کہ فی الحال ہمارے لیے ان مستقبل کے منصوبوں کے لیے کوئی ٹائم لائن دینا ممکن نہیں ہے۔ اندازاً یہی کہہ سکتا ہوں کہ ہمیں اپنے منصوبوں کی تکمیل کے لیے اگلی سالگرہ کا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
اکثر دوستوں کے ذہن میں محفل فورم کے موجودہ سیٹ اپ کے بارے میں سوال اٹھیں گے جو کہ یقینا جسٹیفائڈ ہیں۔ مستقبل قریب میں محفل فورم ہی ہماری سرگرمیوں اور منصوبوں کا مرکز رہے گا۔ اور نیا سیٹ اپ تشکیل دیے جانے کے بعد بھی موجودہ فورم کو باقی رکھا جائے گا، اگرچہ اس کا سٹیٹس ریڈ اونلی کر دیا جائے گا۔ اس پر موجود مواد کی اہمیت برقرار رہے گی۔ اور جب تک نیا سیٹ اپ تشکیل نہیں پا جاتا اس وقت تک ہماری سرگرمیوں نکتہ ارتکاز محفل فورم ہی رہے گا۔ یہ وقت ہم نئے سیٹ اپ کے بلڈ اپ اور اس کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے ایک ٹیم کی تشکیل میں صرف کریں گے۔ دو ملین پیغامات کے ہدف کی ہائپ کرئیٹ کرنا اور موڈریٹرز کا تقرر اسی پلان کا حصہ ہے۔
نئے سیٹ اپ کے لیے ہم نے سوفٹویر کا انتخاب بھی کر لیا اور اس کے استعمال کے ابتدائی تجربات بھی کیے ہیں جو کہ حوصلہ افزا ہیں۔ لیکن مختلف فورم سائٹس کو سنگل یوزر بیس کے ساتھ استعمال کرنے کے سلسلے میں ابھی کئی مسائل حل طلب ہیں۔ تکنیکی مسائل سے قطع نظر ابھی یہ بھی حتمی طور پر طے کرنا باقی ہے کہ اصل میں ہمیں کن موضوعات کے لیے فورم سائٹس تشکیل دینا ہوں گی اور ان سائٹس کے موجودہ دور کے اعتبار سے تشخص کو بھی واضح کرنے کی ضرورت ہوگی۔ یہ سب ہم آپ دوستوں کی مدد سے کرنا چاہیں گے۔ اس پوسٹ میں اتنی ہی تفصیل کافی ہے۔ مزید تفصیل انشاءاللہ میں علیحدہ سے پیش کروں گا۔
ایک مرتبہ پھر سے آپ سب دوستوں کو دو ملین پیغامات کا ہدف عبور کرنے پر مبارک ہو۔ اللہ تعالی اس محفل کو اسی طرح ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں، آمین۔