دل پہ کیا کیا عتاب لایا ہے

ایم اے راجا

محفلین
ایک مزید کوشش برائے اصلاح۔

دل پہ کیا کیا عتاب لایا ہے
عشق گویا عذاب لایا ہے
ہر سو بکھری ہیں کرچیاں دل کی
ہجر وہ انقلاب لایا ہے
بیچ کر آدمی سکونِ قلب
بدلے میں صرف خواب لایا ہے
جو بھی لوٹا ہے شہرِ جاناں سے
ساتھ اپنے سراب لایا ہے
کون دیتا ہے ساتھ صدیوں تک
آنکھ میں کیوں تو آب لایا ہے
بحرِ ظلمت میں روشنی کر دی
ہاتھ میں آفتاب لایا ہے
کھول کر آنکھ دیکھ تو راجا
سبز موسم گلاب لایا ہے
 

مغزل

محفلین
دوست رسید حاضر ہے۔۔ اغلاط تو کافی ہیں پر یہ بابا جانی کا شعبہ ہے سو فی الحال رسید حاضر ہے ۔ میں بھی آپ کے ساتھ بابا جانی کا منتظر ہوں۔۔
 

مغزل

محفلین
دل پہ کیا کیا عتاب لایا ہے
عشق گویا عذاب لایا ہے
کرچیاں بکھری ہیں بدن کی ہر سو
ہجر وہ انقلاب لایا ہے
بیچ کر آدمی سکونِ دل
بدلے میں صرف خواب لایا ہے
جو بھی لوٹا ہے شہرِ جاناں سے
ساتھ اپنے سراب لایا ہے
کون دیتا ہے ساتھ صدیوں تک
آنکھ میں کیوں تو آب لایا ہے
بحرِ ظلمت میں روشنی کر دی
ہاتھ میں آفتاب لایا ہے
کھول کر آنکھ دیکھ تو راجا
سبز موسم گلاب لایا ہے
راجہ جی میں نے صرف نشاندہی کردی ہے۔۔ اب آپ ایک کام کیجے جب تک بابا جانی آتے ہیں ،
آپ نشان زدہ میں اغلاط تلاش کریں ، یہ خود تنقیدی کا عمل ہے اور آپ کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوسکتا ہے۔۔
سلامت رہیں۔
 
دل شکنجے میں داب لایا ہے
عشق گویا عذاب لایا ہے
کرچیاں چار سو بکھر سی گیں
ہجر وہ انقلاب لایا ہے
بیچ کر آدمی سکونِ دل کا
اُس کے بدلے میں خواب لایا ہے
جو بھی لوٹا ہے شہرِ جاناں سے
ساتھ اپنے سراب لایا ہے
کون دیتا ہے ساتھ صدیوں تک
آنکھ میں کیوں تو آب لایا ہے
بحرِ ظلمت میں روشنی کر دی
ہاتھ میں آفتاب لایا ہے
کھول کر آنکھ دیکھ تو راجا
سبز موسم گلاب لایا ہے
واہ جناب راجہ صاحب،
عرصہ بعد تشریف لاے، میں سوچا کہ ایسے ہی کوشش کر دیکھوں، اساتذہ کے انتظار میں، گستاخی معاف کیجیے گا
خاکسار
اظہر
 

مغزل

محفلین
جائے استاد خالی است۔۔۔۔

نئے دیوانوں کو دیکھیں تو خوشی ہوتی ہے
ہم بھی ایسے ہی تھے جب آئے تھے ویرانے میں
احمد مشتاق
 

مغزل

محفلین
ارے نہیں بھیا، خوشی سے کہا ہے۔۔۔

بلکہ لو یہ پڑھ لو :
اب سخن کرنے کو ہیں آئندگانَ شہرِ درد
اٹھیے صاحب مسندِ ارشاد خالی کیجے !!!!!!!!
(عرفان صدیقی مرحوم، بھارت)
 

ایم اے راجا

محفلین
دل پہ کیا کیا عتاب لایا ہے
عشق گویا عذاب لایا ہے
کرچیاں بکھری ہیں بدن کی ہر سو
ہجر وہ انقلاب لایا ہے
بیچ کر آدمی سکونِ دل
بدلے میں صرف خواب لایا ہے
جو بھی لوٹا ہے شہرِ جاناں سے
ساتھ اپنے سراب لایا ہے
کون دیتا ہے ساتھ صدیوں تک
آنکھ میں کیوں تو آب لایا ہے
بحرِ ظلمت میں روشنی کر دی
ہاتھ میں آفتاب لایا ہے
کھول کر آنکھ دیکھ تو راجا
سبز موسم گلاب لایا ہے
راجہ جی میں نے صرف نشاندہی کردی ہے۔۔ اب آپ ایک کام کیجے جب تک بابا جانی آتے ہیں ،
آپ نشان زدہ میں اغلاط تلاش کریں ، یہ خود تنقیدی کا عمل ہے اور آپ کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوسکتا ہے۔۔
سلامت رہیں۔
شکریہ مغل صاحب، لیکن جو کام کرو وہ پورا کرو، آپ کو یہ بھی فرمانا چاہئیے کہ کیا خامیاں ہیں سرخ مصرعوں میں، وزن کی ا ترتیب و زبان کی ، جواب کا بے چینی سے منتظر رہوں گا۔
 

مغزل

محفلین
بھائی اتنی سہل پسندی ٹھیک نہیں ۔۔
خیر اگر آپ یہ چاہتے ہیں تو پھر یہ شعبہ بابا جانی کا ہے ۔۔
میں نے تو پورے اخلاص سے آپ کو اس خود تنقیدی کے عمل کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی تھی۔۔۔
سو میں بھی تیل دیکھتا ہوں تیل کی دھار دیکھتا ہوں۔۔۔
 

ایم اے راجا

محفلین
بھائی اتنی سہل پسندی ٹھیک نہیں ۔۔
خیر اگر آپ یہ چاہتے ہیں تو پھر یہ شعبہ بابا جانی کا ہے ۔۔
میں نے تو پورے اخلاص سے آپ کو اس خود تنقیدی کے عمل کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی تھی۔۔۔
سو میں بھی تیل دیکھتا ہوں تیل کی دھار دیکھتا ہوں۔۔۔
بھائی آپ اسکو سہل پسندی نہ سمجھیں بلکہ میری کم علمی سمجھیں
 

ایم اے راجا

محفلین
مغل صاحب میں بہت معذرت خواہ ہوں واقعی، میں نے کرچیاں والے مصرعہ میں غلط کر دیا تھا، اصل میں مصرعہ کی تدوین کر دی تھی مگر شاید سیو نہیں ہو سکی تھی اب دیکھا تو پتہ چلا، درست کر دیا ہے، اس مصرعہ کو۔
 

مغزل

محفلین
ارے نہیں بھیّا، ایسا کچھ نہ کہا کیجے۔رہی بات لا علمی کی تو دوست علم اسی کا تو نام ہے کہ لاعلمی دور کی جائے ۔۔اسی لیے گزشتہ ادوار میں بھی عرض گزار ہوا تھا کہ کاتا اور لے دوڑی سے گریز بہتر ہے اور سیکھنے کے عمل میں معاون بھی۔۔لو میں صراحت کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔۔۔

دل پہ کیا کیا عتاب لایا ہے
عشق گویا عذاب لایا ہے
عتاب بطور قافیہ تو ٹھیک ہے دوست مگر معنوی اعتبار سےیہاں اس کا محل نظر نہیں آتا یہ لفظ عتب سے ہے یعنی کسی بات کے اقرار سے پھر جانے پر تعزیر۔۔۔
کرچیاں بکھری ہیں بدن کی ہر سو
یہ مصرع تو آپ نے درست کر دیا ہے اور اوزان خطا ہونے کا معاملہ دور کیا، مگر مصرع ثانی سے ’’تہذیب اور اقدار‘‘ کے منافی ہونے کی وجہ سے مطابقت نہیں رکھتا۔۔​
ہجر وہ انقلاب لایا ہے
بیچ کر آدمی سکونِ دل
بدلے میں صرف خواب لایا ہے
مصرع کی روانی متاثر ہورہی ہے ’’ صرف بدلے میں خواب لایا ہے ‘‘ رواں شکل ہے مگر ’’تعقید‘‘ کا عیب پیدا ہوجائے گا۔۔ سو مصرع بدلنے کی ضرورت پیش آرہی ہے​
جو بھی لوٹا ہے شہرِ جاناں سے
ساتھ اپنے سراب لایا ہے
کون دیتا ہے ساتھ صدیوں تک
آنکھ میں کیوں تو آب لایا ہے
قافیہ نویسی کے فن کے طور پر تو ٹھیک ہے مگر مصرع کی ساخت اسے ’’ زبان و محاورہ‘‘ سے دور کرنے پر مُصر ہے ۔۔۔ یعنی مصرع کا حسن جاتا رہا۔​
بحرِ ظلمت میں روشنی کر دی
ہاتھ میں آفتاب لایا ہے
کھول کر آنکھ دیکھ تو راجا
سبز موسم گلاب لایا ہے
غزل مجموعی طور پر ’’ غزل برائے غزل ‘‘ کے منصب پر فائز ہے اور ذہنی بالیدگی اور پراگندہ طبعی کے مابین ہچکولے کھا رہی ہے ۔۔ معانی آفرینی ، زبان و بیان، مصرع کی بُنت ،کیفیات کا بہاؤ، اور غنائیت کسی بھی غزل کے بنیادی جواہر ہیں اس غزل میں ’’ کسبِ کیف‘‘ کی صورت اُ س طرح میسر نہیں جیسی کے ہونی چاہیے ۔ امید ہے آپ مطالعے کی عادت پر زور دیں گے اور دیگر ’’ ادبی سماجیاتی‘‘ عوامل سے گریز کی حد تک جا کر خود تنقیدی کو معمول بنائیں گے انشا اللہ آپ کے ہاں ندرت اور کیف دونوں ہی کمال سطح پر پڑھنے اور سننے والے کو نصیب ہوں گے۔ مشق برائے مشق غزل کہنا اپنی جگہ مسلم مگر اس سے مجھے آپ کی سابقہ غزلیاتی مشق کا معیار ہی ملتا ہے اسے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ امید ہے میری خامہ فرسائی سے آپ کو اگر کوئی بات ناگوار گزری تو معاف کیجے گا۔ دعا گوں ہوں کہ ربِّ ن و قلم آپ کے قلم کو معجز بیانیاں نصیب فرمائے آمین۔​
 

مغزل

محفلین
شہزادے بھائی معافی چاہتا ہوں ایک طویل مراسلہ لکھا تھا مگر بجلی منحوس محترمہ کی وجہ سے ارسال ہی نہ ہوسکا اور محنت اکارت ہوگئی۔۔
 
ایک مزید کوشش برائے اصلاح۔

دل پہ کیا کیا عتاب لایا ہے
عشق گویا عذاب لایا ہے
ہر سو بکھری ہیں کرچیاں دل کی
ہجر وہ انقلاب لایا ہے
بیچ کر آدمی سکونِ قلب
بدلے میں صرف خواب لایا ہے
جو بھی لوٹا ہے شہرِ جاناں سے
ساتھ اپنے سراب لایا ہے
کون دیتا ہے ساتھ صدیوں تک
آنکھ میں کیوں تو آب لایا ہے
بحرِ ظلمت میں روشنی کر دی
ہاتھ میں آفتاب لایا ہے
کھول کر آنکھ دیکھ تو راجا
سبز موسم گلاب لایا ہے
عزیز دوست ۔۔۔۔۔۔۔۔ برادر محمود مغل کا تجزیہ درست ہے میں خود محمود مغل صاحب ، عبید صاحب اور محمد وارث صاحب کے مراسلات سے بہت کچھ سیکھ رہا ہوں ، غزل فقط بحر ، اوزان اور قافیہ پیمائی کا نام نہیں، اول خیال پھر بنت اور مصرعوں کا ربط ہی اشعار کے معنوی اور جمالیاتی حسن کو نکھارتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ بڑی بات ہے کہ آپ بہت کم عرصے میں اوزان اور بحروں کو سمجھنے لگے ہیں لیکن یقین رکھیئے انشاللہ العزیز وقت اور مشق کے ساتھ ساتھ آپ کا سخن بھی ضرور نکھرے گا

میں برادر محمود مغل صاحب اور محترم اعجاز عبید صاحب جیسا مستندعلم تو نہیں رکھتا لیکن مجھ مبتدی اور طالب علم کی حقیر سی تجاویز کچھ یوں ہیں

مطلع نظر ثانی چاہتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔
رنج و غم بے حساب لایا ہے
عشق ایسے عذاب لایا ہے

سراب کا تعلق دشت و صحرا سے ہے نہ کہ شہر سے سو اگر یوں کر لیا جائے تو بہتر صورت ہو
جو بھی لوٹا ہے دشت لیلٰی سے (یا ) جو بھی لوٹا ہے دشت و صحرا سے
ساتھ اپنے سراب لایا ہے

ایسے ہی ۔۔۔۔۔

بیچ کر آدمی سکوں دل کا
بدلے میں اضطراب لایا ہے (یا) روح کا اضطراب لایا ہے

مقطع یوں بھی کیا جا سکتا ہے

خواب تعبیر بن گئے راجا
حسن نکھرے گلاب لایا ہے

کوئی ٹائپنگ کی غلطی یا عروضی غلطی ہو تو معذرت ۔۔۔۔۔۔
والسلام
فاروق درویش
 

مغزل

محفلین
اجی جانے دیجیے فاروق صاحب کیوں مجھ نا اہل کو شرمندہ کرتے ہیں۔ میں نے بس دوست داری کی چھوٹی سی سعی کی تھی۔میرے طویل مراسلے اسی بابت اشارہ رہا تھا مگر رہے نام بجلی کا کہ سب ملیا میٹ ہوگیا۔ پھر طبیعت پر بوجھ بن جائے تو میں لکھنے سے حذر کرتا ہوں۔تاکہ شکر رنجی کا ظہور نہ ہوجائے۔۔ میں آپ کی نشاندہی سے متفق ہوں۔۔ بہتری کی صورت تو یقیناً رہتی ہے، مگر ایک شعر پر میں نے راجہ امین کو داد دی تھی کہ ۔​
جو بھی لوٹا ہے شہرِ جاناں سے​
ساتھ اپنے سراب لایا ہے​
بظاہر یہ التزامی حالت نہیں مگر ۔۔ میں شہرِ جاناں کی گرد خواری کو دشت نوردی ہی گردانتا ہوں ، یہ کم لوگوں کے نصیب میں آتاہے ، لاشعوری طور پر اپنی انجذابی کیفیت میں مختصر مکمل یعنی ابہام کی وجہ سے خوب ہے۔ سو میری اس فروگزاشت کو شخصی ٹیڑھ پر ہی لیا جائے وگرنہ آپ کی بات سے اختلاف مقصود نہیں ہے، ہاں سہوِ حافظہ سے جو جو لکھا تھا راجہ کے لیے یاد پڑتا ہے تو تحریر کیے دے رہا ہوں۔۔​
--------------------------------------------------------------​
ارے نہیں بھیّا، ایسا کچھ نہ کہا کیجے۔رہی بات لا علمی کی تو دوست علم اسی کا تو نام ہے کہ لاعلمی دور کی جائے ۔۔اسی لیے گزشتہ ادوار میں بھی عرض گزار ہوا تھا کہ کاتا اور لے دوڑی سے گریز بہتر ہے اور سیکھنے کے عمل میں معاون بھی۔۔لو میں صراحت کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔۔۔
دل پہ کیا کیا عتاب لایا ہے​
عشق گویا عذاب لایا ہے​
عتاب بطور قافیہ تو ٹھیک ہے دوست مگر معنوی اعتبار سےیہاں اس کا محل نظر نہیں آتا یہ لفظ عتب سے ہے یعنی کسی بات کے اقرار سے پھر جانے پر تعزیر۔۔۔ مصرع آخر الذکر میں گویا نےلطف دیا خوش رہو۔۔۔​
کرچیاں بکھری ہیں بدن کی ہر سو​
یہ مصرع تو آپ نے درست کر دیا ہے اور اوزان خطا ہونے کا معاملہ دور کیا، مگر مصرع ثانی سے ’’تہذیب اور اقدار‘‘ کے منافی ہونے کی وجہ سے مطابقت نہیں رکھتا۔۔میں وضاحت کرتا ہوں۔۔​
ہجر وہ انقلاب لایا ہے​
پیارے ہجر ایک متعیّنہ کیفیت کا نام ہے اسے انقلاب سے جوڑ کرکوئی معانی پیدا کرنے کی کوشش ’’عجز بیانی ‘‘ کہلاتی ہے، ہمارے شعری ماحول میں سو میں اسّی ’’شعراء‘‘ انقلاب انقلاب کے نعرے کے پیچھے بھاگتے ہیں۔۔ دیکھو پیارے صاحب۔۔ ہر لفظ اپنا ایک خاندان رکھتا ہےا ورکیفیات وتجربات کا انبوہِ کثیر بھی۔۔ محض کے قوافی کی بنیاد پر غزل کا ڈھانچہ تو کھڑ ا ہوسکتا ہے مگر تغزّل کی چاشنی عنقا ہوجاتی ہے۔۔ انقلاب کا لفظ لکھنے سے پہلے میں دیکھنا ہوگا کہ انقلاب ہے کیا اور اس کے ثمرات کیا کیا ہیں اور نقصانات کیا کیا۔۔۔ اس طرح یہ اسالیبِ غزل میں مشق تو خیر احسن کام ہے مگر ادبی کام کا حصہ نہیں بنتا اور نہ نقّاد کومتوجہ کرسکتاہے۔
بیچ کر آدمی سکونِ دل​
بدلے میں صرف خواب لایا ہے​
مصرع کی روانی متاثر ہورہی ہے ’’ صرف بدلے میں خواب لایا ہے ‘‘ رواں شکل ہے مگر ’’تعقید‘‘ کا عیب پیدا ہوجائے گا۔۔ سو مصرع بدلنے کی ضرورت پیش آرہی ہے۔​
(یہ سطور فاروقی صاحب کے مراسلے سے قبل لکھی تھیں سو۔۔ میں فاروقی صاحب کی بات پر یہ بحث سمیٹتا ہوں)​
جو بھی لوٹا ہے شہرِ جاناں سے​
ساتھ اپنے سراب لایا ہے​
(اس شعر پر بالا میں بات ہوچکی سو یہ سطور حذف ہونے کا شرف حاصل کر رہی ہیں۔۔)
کون دیتا ہے ساتھ صدیوں تک​
آنکھ میں کیوں تو آب لایا ہے​
قافیہ نویسی کے فن کے طور پر تو ٹھیک ہے مگر مصرع کی ساخت اسے ’’ زبان و محاورہ‘‘ سے دور کرنے پر مُصر ہے ۔۔۔ یعنی مصرع کا حسن جاتا رہا۔​
بحرِ ظلمت میں روشنی کر دی​
ہاتھ میں آفتاب لایا ہے​
ہاں پیارے اس پر خاصی بات ہوئی تھی میرا نصیب یاوری پر نہیں سو مراسلہ روانہ نہ ہوسکا تھا۔ بحر یعنی سمندر، ظلمت یعنی تاریکی ۔۔ میں روشنی کردی ۔۔ صوتی اعتبار سے خوب محسوس ہورہا ہے مگردرج بالا مصرعوں میں دولخت ہونے کا احساس اجاگر ہورہا ہے۔۔ سوال پیدا ہوتا ہے کہ تاریکی کے سمندر میں روشنی کرنے والا ہاتھ جو آفتاب لایاہے وہ کس کا ہے۔ یعنی ضمیر غائب ۔۔ ’’ کون یہ آفتاب لایا ہے‘‘ جیسی شکل کے مصرع سے لختِ جگر کو دو لخت ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔ پیارے یاد ہوگا کہ میں نے آپ کی مرتب کردہ کتاب میں سوال نامے کی مد میں ’’ اصلاح لینے کی بجائے اصلاح ہونے پرزور دیا تھا‘‘ بہت سے لوگ صلاح کو ’’درستگیِ شعر‘‘ سے تعبیرکرتے ہیں یہ درست عمل ہو تو ہو کسی کے لیے میرے نزدیک یہ ’’ تہی دست پر مُصر‘‘ رہنے کی علامت ہے اور ایسی علامات بڑے مرض کی طرف بھی لے جاسکتی ہے۔۔ سو ایک بار پھر ایک مخلصانہ دوستانہ مشورہ کہ ’’کاتا اور لے دوڑی‘‘ پر ’’ الحذر ، الحذر‘‘ کی ایک تسبیح پڑھ کر پھونکنے سے ’’ تساہل ‘‘ کا بھوت رفع ہوجاتا ہے اور مہمیز ملنے سے شعری قامت میں اضافے کا موجب ٹھہرتا ہے سو ’’ بلند قامتی ‘‘ کے سفر میں تھوڑی سی ’’ خود تنقیدی‘‘ معاون ثابت ہوسکتی ہے مثال کے طور پر جیسے آپ نے آج خود ہی میرا دل رکھتے ہوتے نظرِ ثانی کیا تو ایک مصرع درست ہوگیا۔۔۔
کھول کر آنکھ دیکھ تو راجا​
سبز موسم گلاب لایا ہے​
غزل مجموعی طور پر ’’ غزل برائے غزل ‘‘ کے منصب پر فائز ہے اور ذہنی بالیدگی اور پراگندہ طبعی کے مابین ہچکولے کھا رہی ہے ۔۔ معانی آفرینی ، زبان و بیان، مصرع کی بُنت ،کیفیات کا بہاؤ، اور غنائیت کسی بھی غزل کے بنیادی جواہر ہیں اس غزل میں ’’ کسبِ کیف‘‘ کی صورت اُ س طرح میسر نہیں جیسی کے ہونی چاہیے ۔ امید ہے آپ مطالعے کی عادت پر زور دیں گے اور دیگر ’’ ادبی سماجیاتی‘‘ عوامل سے گریز کی حد تک جا کر خود تنقیدی کو معمول بنائیں گے انشا اللہ آپ کے ہاں ندرت اور کیف دونوں ہی کمال سطح پر پڑھنے اور سننے والے کو نصیب ہوں گے۔ مشق برائے مشق غزل کہنا اپنی جگہ مسلم مگر اس سے مجھے آپ کی سابقہ غزلیاتی مشق کا معیار ہی ملتا ہے اسے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ امید ہے میری خامہ فرسائی سے آپ کو اگر کوئی بات ناگوار گزری تو معاف کیجے گا۔ دعا گوں ہوں کہ ربِّ ن و قلم آپ کے قلم کو معجز بیانیاں نصیب فرمائے آمین۔​
 

ایم اے راجا

محفلین
میں آپ دونوں صاحبان کا مشکور ہوں۔ میں شاعر ہوں نہیں بننے کی کوشش کر رہا ہوں مغل صاحب اسی لیئے میں غلطیوں پر غلطیاں کرتا ہوں، امید ہے کہ آپ آئیندہ بھی میری رہنمائی فرمانے میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
 

مغزل

محفلین
پیارے یقیناً آپ مشکور (اسمِ مفعول کیفیت: جس کا شکریہ ادا کیا جائے ) بھی ہیں شکرگزار بھی ۔ ہم تو خالی خولی متشکّرم کا دعویٰ رکھتے ہیں۔ اور یہ بات خوب کہی آپ نے کہ شاعر نہیں ہیں اور شاعر بننے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بھئی کیا عمدہ لطیفہ ہے ۔۔ پیارے صاحب۔۔۔۔شاعر یا تو ہوتا ہے یا نہیں ہوتا، سو دل چھوٹا نہ کریں جو ہمیں مقدور ہے آپ کے سامنے پیش کردیتے ہیں امید ہے کہ آپ ہمیں گوئندہ و شنوندہ کے مقام سے پرے رکھ کر ان باتوں پر عمل کی کوشش کیجے گا جس طرف ہمارا (ضمیرِ ذاتی) اشارہ رہا۔اغلاط کا سرزد ہونا تو نیک فال ہے اس سے سیکھنے کو ملتا ہے ۔۔ ہم بھی خوب خوب غلطیاں کرتے ہیں تاکہ ہمارے متقدمین ہماری خوب کلاس لیں اور ہمیں سیکھنے کو ملے سو دل نہ چھوٹا کریں ،مالک و مولیٰ کرم فرمائے آمین
 
Top