جاسم محمد
محفلین
دنیا میں سب سے سستا پیٹرول پاکستان میں ہے، وزیراعظم
ویب ڈیسک جمع۔ء 5 نومبر 2021ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے، کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، وزیراعظم۔(فوٹو :فائل)
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا میں سب سے سستا پیٹرول پاکستان میں ہے، جب کہ چینی کی قیمتیں سندھ میں شوگر ملز بند ہونے کی وجہ سے بڑھیں۔اٹک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 30سالوں میں یہ 2 خاندان امیر ہو گئے ملک پیچھے چلا گیا، پچھلے 30سال میں بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گیا، ان 2 خاندانوں نے ملک کو معاشی طور پر بےحد کمزور کردیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا مسئلہ پوری دنیامیں ہے، دنیا میں سب سے زیادہ سستا پیٹرول پاکستان میں ہے، سندھ میں شوگر ملز بند ہونے کی وجہ سے چینی کی قیمتیں بڑھ گئیں، پتا چلا ہے کہ شوگر ملز مالکان نے مختلف معاملات پر جولائی سے اسٹے آرڈر لے رکھے ہیں، سندھ میں چلنے والی 3 شوگر ملز کو بند کردیا گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پہلی بار طویل المدتی پلاننگ ہو رہی ہے، آٹا، گھی اور دالوں پر 30 فیصد احساس کارڈ پر سبسڈی دیں گے، ہماری برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، کم ترقی یافتہ علاقوں کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ترجیح ہے، عوام 5 سال بعد ہماری کارکردگی دیکھیں، 5 سال میں پتہ چلے ہوگا کہ پاکستان میں غربت کم ہوئی کی نہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے اٹک کی پی ٹی آئی قیادت نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزداد، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت جب آئی تو اس وقت مجموعی معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا جس کی وجہ سے معاشی صورتحال مشکل تھی، ہمارا انحصار دارمدات پر ہے اس لیے جب باہر قیمتیں بڑھتی ہی تو یہاں بھی بڑھ جاتی ہیں، ہم نے دن رات محنت کی اور ایک سال میں خسارہ 20 ارب سے کم کر کے ایک ارب ڈالر پر لے آئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دو برس میں کورونا وباء نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا، پوری دنیا کی معیشت خسارے میں چلی گئی اور بین الاقوامی سطح پر بحران آیا، تاہم ہماری کامیاب پالیسیوں کی بدولت کورونا وباء کا مقابلہ کیا اور اس چیلینج سے نمٹنے میں کامیاب رہے، بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی پزیرائی کی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے، صحت کارڈ کا پورے صوبہ پنجاب میں آغاز کرنے لگے ہیں جس کی بدولت غریب گھرانے معیاری علاج کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے، احساس سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومت مل کر مستحق گھرانوں کو آٹا، دالوں اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی فراہم ہوگی، کامیاب پاکستان پروگرام 20 لاکھ گھرانوں کے لیے سود کے بغیر قرضے فراہم کرے گا، گھر تعمیر کرنے، چھوٹا کاروبار شروع کرنے، اسکلز ٹریننگ پروگرام اور چھوٹے کسان کے لیے قرضہ دیے جائیں گے، کامیاب جوان پروگرام پہلے سے ہی ملک بھر میں نوجوانوں کو قرضے فراہم کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر گھر میں جا کر احساس سروے کیا گیا تاکہ کوئی مستحق پروگرام سے باہر نہ رہ جائے، کبھی بھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہں کیا، ہر سطح پر اپ ان تمام پروگرامز کا فائدہ اپنے اپنے علاقوں میں غرباء تک پہنچائیں، ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے، کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، مقامی سطح کی قیادت متحرک ہو کر غریب اور مسحق افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام پر توجہ مرکوز کریں۔