دہشت گردوںکا ہر جگہ تعاقب کریں گے، افغانستان مُلا فضل اللہ کو ختم کرے،پاکستان کا مطالبہ

دہشت گردوںکا ہر جگہ تعاقب کریں گے، افغانستان مُلا فضل اللہ کو ختم کرے،پاکستان کا مطالبہ

اسلام آباد(آن لائن‘اے پی پی)پاکستان نے مطالبہ کیاہے کہ افغانستان تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملافضل اللہ کو ختم یا پاکستان کے حوالے کرے ،ٹی ٹی پی سربراہ کا جب بھی پاکستان آنا ہوگا پاک فوج اس کا خاتمہ کرے گی،دہشت گردوں کا ہرجگہ تعاقب کریں گے،ایک لاکھ افراد کے افغانستان جانے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں،پاک فضائیہ آپریشن میں مؤثر کرداراداکرہی ہے،اس کی موجودگی میں ڈرون سمیت کسی مددکی ضرورت نہیں،پاکستان صرف تعاون چاہتاہے، عالمی پالیسیوں نے دہشتگردی کوہوادیا،ایجنسی میں مکمل حکومتی عملداری تک کارروائی جاری رہے گی۔ کوئی دہشتگردبچ نہیں سکے گا۔ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے غیر ملکی میڈیا کو آپریشن پر بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور ریاستوں و سرحدی امور کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ بھی موجود تھے۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ میرانشاہ میں بم بنانے کی فیکٹری پکڑی گئی ہے جہاں سے ٹینک شکن بارودی سرنگوں سمیت اسی کلو گرام سے 100کلو گرام دھماکہ خیز مواد سے بھرے 225سلنڈرز برآمد ہوئے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیرعبدالقادربلوچ نے کہاکہ ہمارا ہدف تحریک طالبان کو ختم کرناہے،واضح علامات ہیں کہ یہ ٹوٹ رہی ہے۔میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاکہ افغان حکومت اپناکرداراداکرتے ہوئے ملا فضل اللہ کو ختم یا پاکستان کے حوالے کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی صورت دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہوگی‘ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب مکمل طور پر اپنی صلاحیتوں سے کررہے ہیں، ڈرونز کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ ضرب عضب آپریشن چار مرحلوں میں مکمل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں دہشت گردوں کو ختم کریں گے‘ اگلے مرحلے میں عملداری برقرار رکھتے ہوئے ترقیاتی کام شروع ہوں گے اور حتمی مرحلے میں ترقی یافتہ اور خوشحال شمالی وزیرستان قبائلی عوام کو منتقل کریں گے۔ فوجی ترجمان نے ایجنسی میں شدت پسندوں کی تعداد کے بارے میں کہا کہ فوجی کے انٹیلی جنس اداروں کے پاس اس حوالے سے معلومات ہیں تاہم انہیں منظر عام پر نہیں لایا جاسکتا۔اس موقع پر وفاقی وزیرعبدالقادربلوچ نے کہا کہ دہشگردی میں ملوث عناصرکا خاتمہ کیاجائیگا چاہے ان کا تعلق کسی بھی گروپ سے ہو،پاکستان عالمی برادری سے کوئی مالی مددطلب نہیں کرے گا تاہم انہیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہوناچاہئے۔ دریں اثناء پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں اب تک شدت پسندوں کے 61ٹھکانے اور بم بنانے والی ایک فیکٹری کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضرب عضب آپریش میں اب تک 376شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 19شدت پسندوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ میرانشاہ میں طالبان کی اسلحہ فیکٹری سے ٹینک شکن بارودی سرنگوں سمیت اسی کلو گرام سے 100کلو گرام دھماکہ خیز مواد سے بھرے 225سلنڈر برآمد ہوئے ہیں۔خصوصی پریس بریفنگ میں میران شاہ میں طالبان کی دیسی ساخت کے بم بنانے کی فیکٹری کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کے علاوہ اس کی تصاویر بھی جاری کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اس فیکٹری میں دس اینٹی ٹینک مائنز یا ٹنک تباہ کرنے والی بارودی سرنگیں بھی برآمد ہوئیں۔ فیکٹری میں چار سو کے قریب تیار شدہ بم بھی موجود تھے جن میں کیلیس اور پینچ بھرے گئے تھے۔

http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=213832
 
Top