دیکھ مت دل کی طرف اتنی فراوانی سے

فرخ منظور

لائبریرین
دیکھ مت دل کی طرف اتنی فراوانی سے
یہ کبھی دام میں آتا نہیں آسانی سے

آج کل اوج پہ ہے حالتِ وحشت اپنی
اور کیا پوچھتے ہو درد کے زندانی سے

بابِ حیرت کبھی کھلتا نہیں آئینے پر
تنگِ دامان و تہی دست ہے عریانی سے

میں تری چشمِ فسوں ساز میں الجھا ایسا
آج تک لوٹ کر آیا نہیں‌ حیرانی سے

اپنے ہمراہ کہاں زادِ سفر رکھتے ہیں
جو محبت کی طرف آئے ہوں نادانی سے

محفلِ عیش و طرب میں بھی گیا ہوں لیکن
دل کو تسکین ملی دشت کی ویرانی سے

جو گزر جائے اسے قصہء ماضی سمجھو
ہاتھ کچھ بھی نہیں آتا ہے پشیمانی سے

بشکریہ ون اردو (ون اردو پر لکھا ہے یہ غزل کسی آصف شفیع کی ہے لیکن مجھے شک ہے - )
 

محمد وارث

لائبریرین
شکریہ فرخ صاحب شیئر کرنے کیلیئے، واقعی اچھی غزل ہے۔

ایک درخواست: مطلع میں 'فروانی' کی بجائے 'فراوانی' ہونا چاہیئے۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت شکریہ وارث صاحب، شمشاد صاحب اور محسن حجازی -
وارث صاحب وہ ٹائپنگ کی غلطی تھی میں نے تصحیح کر دی ہے - شکریہ نشاندہی کے لیے -
 

ابوشامل

محفلین

فرخ منظور

لائبریرین
یہ شعر کس کے بارے میں کہا جا رہا ہے :)
آج کل اوج پہ ہے حالتِ وحشت اپنی
اور کیا پوچھتے ہو درد کے زندانی سے


محفلِ عیش و طرب میں بھی گیا ہوں لیکن
دل کو تسکین ملی دشت کی ویرانی سے
سبحان اللہ بہت خوب شعر ہے۔ سخنور بہت شکریہ

بہت شکریہ ابو شامل لیکن میں سمجھا نہیں‌ کہ کیا آپ اس شعر کا مطلب پوچھ رہیں ہیں یا مزاح پیدا کر رہے ہیں - :)
 

ابوشامل

محفلین
میں موجودہ سیاسی صورتحال کا باعث بننے والی ایک اہم شخصیت کی جانب اشارہ کر رہا تھا :) زحمت کے لیے معذرت
 

جیا راؤ

محفلین
دیکھ مت دل کی طرف اتنی فراوانی سے
یہ کبھی دام میں آتا نہیں آسانی سے

آہا زبردست جناب !
بہت ہی اچھا !


اپنے ہمراہ کہاں زادِ سفر رکھتے ہیں
جو محبت کی طرف آئے ہوں نادانی سے

خوبصورت !
 

نوید صادق

محفلین
فرخ صاحب!!
آپ کو کیا شک ہے۔؟؟
آصف شفیع ہمارے دوست شاعر ہیں۔ مکینیکل انجینئر ہیں۔ آج کل سعودی عرب میں کام کر رہے ہیں۔
 

محسن حجازی

محفلین
میں تری چشمِ فسوں ساز میں الجھا ایسا
آج تک لوٹ کر آیا نہیں‌ حیرانی سے
کیا ہی بات ہے جناب۔۔۔
لوٹ کے ل پر پیش بھی خوب رہے گی۔


محفلِ عیش و طرب میں بھی گیا ہوں لیکن
دل کو تسکین ملی دشت کی ویرانی سے

ارے واہ! یہ بھی ہم سی ہی کہی!

جو گزر جائے اسے قصہء ماضی سمجھو
ہاتھ کچھ بھی نہیں آتا ہے پشیمانی سے

ارے یہ تو ہم خوب جانتے ہیں۔۔۔

نوید صادق صاحب یہ محترم آصف شفیع آپ کے دوست نکل آئے سو ہم جرح بخشے دیتے ہیں اس واسطے وگرنہ یک سطری تبصروں تک محدود نہ رہتے۔
 

نوید صادق

محفلین
بھیا!! دوست ہیں تو کیا ہوا۔ میں نے تو بس سخن ور کے سوال کا جواب دیا تھا۔ ویسے بھی بقول انور شعور

دوستی اپنی جگہ ہے شاعری اپنی

آپ کو پورا حق ہے۔ میں نے کبھی اپنی غزل پر کسی کو نہیں روکا تو دوسروں کے لئے کیوں روکوں گا۔
جی تو کیجے ! بسم اللہ!!
 

محسن حجازی

محفلین
بھیا!! دوست ہیں تو کیا ہوا۔ میں نے تو بس سخن ور کے سوال کا جواب دیا تھا۔ ویسے بھی بقول انور شعور

دوستی اپنی جگہ ہے شاعری اپنی

آپ کو پورا حق ہے۔ میں نے کبھی اپنی غزل پر کسی کو نہیں روکا تو دوسروں کے لئے کیوں روکوں گا۔
جی تو کیجے ! بسم اللہ!!

جس شدومد سے آپ ہمیں دعوت ضرب و تخریب دے رہے ہیں اس سے ثابت یہی ہوتا ہےکہ آپ ان کے دوست نہیں ہیں۔ :grin:
اب ہم کو اس بابت آصف شفیع صاحب سے بھی احوال معلوم کرنا ہوگا تبھی کچھ حتمی کہہ سکیں گے کہ آپ نے تو مزید اشتباہ میں ڈال دیا :grin:
 

فرخ منظور

لائبریرین
فرخ صاحب!!
آپ کو کیا شک ہے۔؟؟
آصف شفیع ہمارے دوست شاعر ہیں۔ مکینیکل انجینئر ہیں۔ آج کل سعودی عرب میں کام کر رہے ہیں۔

نوید صاحب مجھے شک تھا کہ یہ آصف شفیع صاحب کی نہیں ہے - لیکن آپ نے تصدیق کردی تو اب کسی شک کی گنجائش کہاں نکلتی ہے - بہت ہی کمال کی غزل ہے میری طرف سے داد دیجیے گا قبلہ! :) اور مزید کلام بھی اگر میسر آسکے تو ضرور پوسٹ کیجیے گا - بہت شکریہ!
 

آصف شفیع

محفلین
نوید صاحب مجھے شک تھا کہ یہ آصف شفیع صاحب کی نہیں ہے - لیکن آپ نے تصدیق کردی تو اب کسی شک کی گنجائش کہاں نکلتی ہے - بہت ہی کمال کی غزل ہے میری طرف سے داد دیجیے گا قبلہ! :) اور مزید کلام بھی اگر میسر آسکے تو ضرور پوسٹ کیجیے گا - بہت شکریہ!

قبلہ۔ آپ بھی آپ کو شک ہے کیا؟ میں نے کچھ غزلیں پوسٹ بھی کی ہین اور کچھ اور بھی پوسٹ کردوں گا۔ بہرحال آپ کے ان تاثرات سے مجھے کافی حوصلہ ہوا۔ ویسے میں نے دو غزلیں ایک ہی رو میں لکھی تھیں۔ ایک تو یہ غزل جو زیرِ بحث تھی۔ جس کا مطلع یہ ہے:
دیکھ مت دل کی طرف اتنی فراوانی سے
یہ کبھی دام میں آتا نھیں آسانی سے

دوسری غزل کا مطلع کچھ یوں تھا۔

آبدیدہ تھا جو میں بے سرو سامانی پر
محوِ حیرت ہیں محبت کی فراوانی پر::grin:
 

فرخ منظور

لائبریرین
شکریہ آصف صاحب - قبلہ اب تو کوئی شک بچا ہی نہیں‌ آپ کا مزید کلام بھی دیکھا سب ہی اچھا ہے - لیکن یہ غزل مجھے اب بھی سب سے زیادہ پسند ہے اور اس میں اساتذہ کی جھلک نظر آتی ہے - :) اور قبلہ وہ دوسری غزل جسکا آپ نے تذکرہ فرمایا ہے وہ بھی عنایت کیجیے گا - بہت شکریہ!
 
Top