رمضان: احتیاطی تدابیر اور طبی فوائد

لاریب مرزا

محفلین
رمضان المبارک بڑی رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ اس کی اہمیت و افادیت زندگی کے مختلف پہلوؤں سے ثابت ہے۔ سال کے اس بابرکت ماہ میں ہمیں خداوند تعالیٰ کی طرف سے عبادتوں کے ثواب اور گناہوں کا کفارہ ادا کرنے کا بھرپور موقع ملتا ہے۔ ساتھ ہی تیس دنوں میں ذہنی اور جسمانی نظام مضبوط اور طاقت ور ہوجاتا ہے خاص طور پر جو غذا ہم اس مہینے افطاری و سحری میں استعمال کرتے ہیں وہ سادہ، متوازن اور صحت بخش ہونی چاہئے۔ افطاری میں صحت بخش جوس ضرور نوش کرنا چاہئے تاکہ جسم میں کمزوری نہ رہے۔

سحری:
سحری میں پیٹ بھر کر کھانا غلط طرز عمل ہے اس سے معدے کا نظام غیر محرک ہوجاتا ہے اور نظام ہضم کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ ہمارا معدہ ایک خاص مقدار تک کی غذا ہضم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مخصوص مقدار سے زائد غذا اکثر مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہے٬ جیسے ڈائریا، تیزابیت اور معدے کا انفکیشن وغیرہ۔ زیادہ کھانے سے دست شروع ہوجائیں تو شدید کمزوری لاحق ہوتی ہے٬ پھر دستوں کے ساتھ الٹیاں متاثرہ شخص کو مزید لاغر کر دیتی ہیں٬ لہٰذا اول تو کسی بھی قسم کی بھاری و ثقیل غذا کا استعمال ہرگز نہ کریں اور اگر بھاری غذا استعمال کر بھی رہے ہیں تو کم مقدار میں لیں۔ سحری میں گھی میں ڈوبے پراٹھوں کی جگہ کوشش کریں کہ سادہ روٹی یا ڈبل روٹی یا استعمال کریں۔ یہ معدے کے لئے مفید ہے۔ ان کے ساتھ دال یا کم روغن والا سالن استعمال میں کھانے کے بعد توانائی پہنچانے والا کوئی بھی جوس یا تازہ پھلوں کا رس استعمال کرسکتے ہیں۔ ان سب چیزوں کے ساتھ ساتھ سحری میں کوئی سا ایک پھل ضرور استعمال کریں۔ اور اسے اپنی عادت بنا لیں۔ رمضان کے بعد ایسا ہی ناشتہ کرنے کی عادت ڈال لیں ۔ انشاءاللہ کبھی معدے کی کوئی شکایت نہیں ہوگی ۔

سحری میں چاول سے بنی ہوئی ڈشیز بہت کم استعمال کریں۔ نہاری، سری پائے، بینگن اور گوبھی وغیرہ سے بھی پرہیز کریں۔ اگر مذکورہ غذائیں سحری میں استعمال کی جائیں تو بد ہضمی کی شکایت ہوسکتی ہے ،البتہ کبھی کبھار استعمال کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں، لیکن کوشش کریں کہ کم مقدار میں کھائیں ورنہ پورا دن کھٹی ڈکاریں آئیں گی اور تیزابیت کی شکایت بھی ہوسکتی ہے۔ ایک اور بات کا بہت خیال رہے کہ سحری میں انڈا یا اس سے بنی ہوئی چیزیں کم سے کم استعمال کریں یا بالکل ہی نہ کھائیں ایسی غذاؤں سے پیاس کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ ان احتیاطی تدابیر سے افطار تک انشاءاللہ بہت اچھا گزرے گا ۔ ہاں، ایک احتیاط اور برتیں، سحری کے بعد آرام بالکل نہ کریں۔ اپنے روزمرہ کام سرانجام دیتے رہیں اور خود کو مصروف رکھیں ۔ سحری کے فوراً بعد آرام سے جسم میں سستی آجاتی ہے جو معدے کا سائز بڑھاتی ہے اور پیٹ بھرا ہوا اور پھولا پھالا سا محسوس ہوتا ہے۔

افطار:
روزہ ہمیشہ کھجور یا نمک سے افطار کریں٬ طبی اور مذہبی اعتبار سے اسکی بڑی اہمیت ہے۔ یہ دونوں چیزیں صحت کے لئے نہایت مفید ہیں۔ جدید تحقیق کے مطابق کجھور میں کچھ ایسی غذائیت ہوتی ہے جو معدے کے عضلات کو مضبوط کرتی ہے اور دوران خون کی کارکردگی بڑھا دیتی ہے۔ کھجور کے استعمال سے نہ صرف ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں بلکہ یہ جسم کو بھرپور توانائی فراہم کر کے جسم کی کمزوری دور کرتی ہے۔

کھجور کے فوراً بعد تھوڑا سا نیم گرم پانی استعمال کریں، یہ بھی معدے کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور معدے میں موجود تیزاب کو ختم کر نے میں مدد دیتا ہے۔ سحری کی طرح افطاری میں بھی روغنی اشیاء کا استعمال کم سے کم کریں، یا بالکل ہی نہ کریں ۔ افطاری میں دہی بڑے، سبزی کے پکوڑے، فروٹ چاٹ، فریش جوس یا گلوکوز لے سکتے ہیں۔ سموسے اور رول وغیرہ کا استعمال کم سے کم کریں۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ پورا رمضان المبارک صحت مند رہیں اور معدے کی بیماریوں سے بچیں تو افطاری کے فوراً بعد کھانا نہ کھائیں، بلکہ دو گھنٹے بعد کھائیں۔ عادت بنا لیں کہ افطاری کے بعد تھوڑی بہت چہل قدمی ضرور کریں۔ مرد حضرات تراویح وغیرہ پڑھتے ہیں تو ان سے ورزش ہوجاتی ہے اور کھانا ہضم ہوجاتا ہے خواتین کے لئے ضروری ہے کہ وہ کھانے سے پہلے اور افطاری کے کچھ دیر بعد چہل قدمی کریں، تاکہ کھانا ہضم ہوجائے، ورنہ کھانے کے بعد سونے سے کھانا ٹھیک سے ہضم نہیں ہوگا اور سحری میں بھی بھاری بھاری سا محسوس ہوگا ۔ یہ طرز عمل صحت کے لئے کسی طور مناسب نہیں ہے۔

سحری اور افطاری کا خاص شیڈول بنائیں اور پھر پورا مہینہ اس پر سختی سے عمل کریں ، تاکہ تمام روز مرہ کے کام بھی متاثر نہ ہوں اور عبادت کا لطف و ثواب بھی پورا حاصل ہو سکے ۔

ماخذ
 

فرقان احمد

محفلین
سحری میں تو یہ اہتمام ہو سکتا ہے تاہم افطار کے وقت ہمیں نہ ہی چھیڑا جائے تو احسانِ عظیم ہو گا۔
 
آخری تدوین:

لاریب مرزا

محفلین
سحری میں تو یہ اہتمام ہو سکتا ہے تاہم افطار کے وقت ہمیں نہ ہی چھیڑا جائے تو احسانِ عظیم ہو گا۔
ہاہا ہاہاہاہاہا!! :D افطار سے پہلے لگتا ہے کہ پورا جگ ایک ہی سانس میں پی جائیں گے اور جانے کتنا کچھ کھا جائیں گے۔ لیکن روزہ کھول کے ایک دم زیادہ کھایا پیا نہیں جاتا۔ :)
 

لاریب مرزا

محفلین
میں اس قبیل سے ہوں جو رمضان کی برکت پر پورا یقین رکھتے ہیں کہ رمضان میں کچھ نہیں ہونا۔ اور ابھی تک الحمد للہ یہ یقین سلامت ہے۔ :)
جی درست کہا لیکن احتیاط پھر بھی کرنی چاہیے۔ اور جو پکوان آپ نے اوپر بیان کیے ہیں اس سے ظاہر ہے کہ آپ کے ہاں کوئی بہت چٹپٹے کھانے نہیں کھائے جاتے۔ :)
 

arifkarim

معطل
پاکستان کے لوگ تو ہوتے ہی لکڑ ہضم پتھر ہضم ہیں۔ :D آپ عام طور پر نارویجن کھانے کھاتے ہیں یا پاکستانی کھانوں کا اہتمام بھی ہوتا ہے؟؟
نارویجن کھانے تو بس خاص مواقع پر ہی کھاتے ہیں جیسے کرسمس پارٹیز وغیرہ میں۔ عام دنوں میں دیسی یا امریکی فاسٹ فوڈ چلتا ہے۔ نارویجن کھانے زیادہ تیز مرچ مصالحہ نہ ہونے کی وجہ سے آسانی سے کھائے نہیں جا سکتے۔
 

arifkarim

معطل
اس قسم کی پوسٹس پڑھ کر لگتا ہے عوام کو روزوں میں صرف کھانے پینے سے غرض ہوتی ہے۔ وہ الگ بات ہے باقی سال بھی یہی حال ہوتا ہے البتہ رمضان میں ذرا زیادہ اہتمام سے کھانے کھائیں جاتے ہیں
 

لاریب مرزا

محفلین
اس قسم کی پوسٹس پڑھ کر لگتا ہے عوام کو روزوں میں صرف کھانے پینے سے غرض ہوتی ہے۔ وہ الگ بات ہے باقی سال بھی یہی حال ہوتا ہے البتہ رمضان میں ذرا زیادہ اہتمام سے کھانے کھائیں جاتے ہیں
رمضان میں روٹین تھوڑی الگ ہوتی ہے اور احتیاط بھی تھوڑی زیادہ کرنی چاہیے۔ کھانا پینا تو ہوتا ہی ہے۔ بس یہی بات ہے۔
 
Top