وفاقی وزیر بہبود آبادی ڈاکٹرعاشق فردوس اعوان نے کہاکہ دو سے زیادہ بچے پیداکرنے پراگرٹیکس لگانا ضروری ہے تو اس کا آغاز پارلیمنٹرنیز سے ہونا چاہیے‘اگرایوان اس معاملے پراتفاق رائے پیدا کرے تو میں اس کیلئے تیارہوں۔یہ بات انہوں نے پیرکے روزوقفہ سوالات کے دوران (ق)لیگ کے رکن اسمبلی ریاض فتیانہ کے سوال کے جواب میںکہی۔ریاض فتیانہ نے ایک ضمنی سوال کے دوران کہاکہ وزارت بہبود آبادی ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول پانے میں ناکام ہوگئی ہے اس لئے ان کی تجویز ہے کہ زیادہ بچوں کی پیدائش پر ٹیکس عائدکردینا چاہیے۔عاشق فردوس اعوان نے اس سوال کے جواب میں کہاکہ مجھے معززممبرکی تجویز سے اتفاق ہے لیکن اگر یہ ٹیکس لگنا ضروری ہے تو سب سے پہلے اس کا اطلاق ممبران پارلیمنٹ پرہونا چاہیے کیونکہ ہم لوگ عوام کیلئے رول ماڈل ہیں اگرہم اس پر عمل کریں گے توعوام بھی پیروی کریں گے۔