داغ ساتھ شوخی کے کچھ حجاب بھی ہے - داغ دہلوی

کاشفی

محفلین
غزل
(داغ دہلوی رحمتہ اللہ علیہ)

ساتھ شوخی کے کچھ حجاب بھی ہے
اس ادا کا کہیں جواب بھی ہے؟

رحم کر میرے حال پر واعظ
کہ اُمنگیں بھی ہیں شباب بھی ہے

مار ڈالا ہے اِس دو رنگی نے
مہربانی بھی ہے عتاب بھی ہے

عشق بازی کو ہے سلیقہ شرط
یہ گناہ بھی ہے یہ ثواب بھی ہے

داغ کا کچھ پتا نہیں ملتا
کہیں وہ خانماں خراب بھی ہے؟
 

جیہ

لائبریرین
واہ! کیا شوخ غزل ہے۔ سبحان اللہ

عشق بازی کو ہے سلیقہ شرط
یہ گناہ بھی ہے یہ ثواب بھی ہے

واہ واہ۔ مکرر
 

فرخ منظور

لائبریرین
واہ! کیا شوخ غزل ہے۔ سبحان اللہ

عشق بازی کو ہے سلیقہ شرط
یہ گناہ بھی ہے یہ ثواب بھی ہے

واہ واہ۔ مکرر

بہت عمدہ جویریہ! مجھے بھی یہی شعر سب سے زیادہ بھایا۔ :)

بہت عمدہ انتخاب ہے کاشفی صاحب۔ سارے اشعار ہی بہت خوب ہیں۔ لیکن مندرجہ بالا شعر کا جواب نہیں۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
تو اس کا مطلب ہوا کہ میں کچھ کچھ شاعری کو سمجھنے لگی ہوں:)

آپ شاعری نہیں سمجتھیں تو پھر اور کون سمجھے گا۔ :)
ویسے میرا مشورہ ہے کہ چاہے کوئی شاعری پسند آئے یا نہ آئے لیکن پسندیدہ کلام میں جو بھی پوسٹ ہو اسے پڑھا ضرور کریں۔ پھر غالب کی شاعری کے علاوہ کچھ اور شاعری بھی آپ کو پسند آنا شروع ہو جائے گی۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ غالب کو ترک کر دیں بلکہ غالب کے علاوہ دوسرے شعرا کو بھی پڑھیں۔ کیونکہ غالب نے ہی کہا تھا۔
ہیں اور بھی دنیا میں سخنور بہت اچھے۔
:)
 

جیہ

لائبریرین
آپ کا مشورہ سر آنکھوں پر ۔ بقول غالب

مفت ہاتھ آئے تو برا کیا ہے

میں پڑھتی ضرور ہوں سارا پوسٹ شدہ کلام ، کبھی سر سری کبھی غور سے۔ مگر میری ایک عادت ہے بری یا اچھی۔ ر جب بھی کوئی غزل پڑھتی ہوں تو اگر مطلع من کو نہ بھائے تو باقی اشعار نہیں پڑھتی ۔ اب پرسوں ہی استاد قمر جلالوی کا مجموعہ اوج قمر اسی طرح ہی پڑھ ڈالا۔ یوں سمجھیں کہ صرف مطلعیں پڑھے
 
Top