رضا سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبی

مہ جبین

محفلین
سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبی:pbuh:
سب سے بالا و والا ہمارا نبی:pbuh:
اپنے مولیٰ کا پیارا ہمارا نبی:pbuh:
دونوں عالم کا دولہا ہمارا نبی:pbuh:
بزمِ آخر کا شمعِ فروزاں ہوا
نورِ اول کا جلوہ ہمارا نبی:pbuh:
جس کو شایاں ہے عرشِ خدا پر جلوس
ہے وہ سلطانِ والا ہمارا نبی:pbuh:
بجھ گئیں جس کے آگے سب ہی مشعلیں
شمع وہ لے کر آیا ہمارا نبی:pbuh:
جس کے تلووں کا دھون ہے آبِ حیات
ہے وہ جانِ مسیحا ہمارا نبی:pbuh:
عرش و کرسی کی تھیں آئینہ بندیاں
سوئے حق جب سدھارا ہمارا نبی:pbuh:
خلق سے اولیاء ، اولیاء سے رسل
اور رسولوں سے اعلیٰ ہمارا نبی:pbuh:
حسن کھاتا ہے جس کے نمک کی قسم
وہ ملیحِ دل آرا ہمارا نبی:pbuh:
ذکر سب پھیکے جب تک نہ مذکور ہو
نمکین حسن والا ہمارا نبی:pbuh:
جس کی دو بوند ہیں کوثر و سلسبیل
ہے وہ رحمت کا دریا ہمارا نبی:pbuh:
جیسے سب کا خدا ایک ہے ویسے ہی
اِن کا اُن کا تمہارا ہمارا نبی:pbuh:
قرنوں بدلی رسولوں کی ہوتی رہی
چاند بدلی کا نکلا ہمارا نبی:pbuh:
کون دیتا ہے دینے کو منھ چاہئے
دینے والا ہے سچا ہمارا نبی:pbuh:
کیا خبر کتنے تارے کھلے چھپ گئے
پر نہ ڈوبے نہ ڈوبا ہمارا نبی
مُلکِ کونین میں انبیاء تاجدار
تاجداروں کا آقا ہمارا نبی:pbuh:
جس نے ٹکڑے کئے ہیں قمر کے وہ ہے
نورِ وحدت کا ٹکڑا ہمارا نبی:pbuh:
سب چمک والے اُجلوں میں چمکا کئے
اندھے شیشوں میں چمکا ہمارا نبی:pbuh:
جس نے مردہ دلوں کو دی عمرِ ابد
ہے وہ جانِ مسیحا ہمارا نبی:pbuh:
غمزدوں کو رضا مژدہ دیجے کہ ہے
بیکسوں کا سہارا ہمارا نبی:pbuh:
اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی رحمۃ اللہ علیہ​
 

الف نظامی

لائبریرین
سبحان اللہ ، سبحان اللہ ، سبحان اللہ ، سبحان اللہ ، سبحان اللہ!!!!!

غمزدوں کو رضا مژدہ دیجے کہ ہے
بیکسوں کا سہارا ہمارا نبی:pbuh:
 

الف نظامی

لائبریرین
تیرگی میں اُجالا ہمارا نبی :pbuh:
روشنی کا حوالا ہمارا نبی :pbuh:
غیب داں ، کملی والا ہمارا نبی:pbuh:
سب سے اولی و اعلی ہمارا نبی:pbuh:
سب سے والا و اعلی ہمارا نبی:pbuh:
بحر غم میں کنارا ہمارا نبی :pbuh:
چشم عالم کا تارا ہمارا نبی :pbuh:
آمنہ کا دُلارا ہمارا نبی :pbuh:
اپنے مولی کا پیارا ہمارا نبی :pbuh:
دونوں عالم کادولہا ہمارا نبی :pbuh:
جس کی تبلیغ سے حق نمایاں ہوا
بتکدہ جس کی آمد سے ویراں ہوا
جس کے جلووں سے ابلیس لرزاں ہوا
بزمِ آخر کا شمعِ فروزاں ہوا
نورِ اول کا جلوا ہمارا نبی :pbuh:
در پہ غیروں کے زحمت نہ فرمائیے
بھیک لینے مدینے چلے جائیے
کوئی دیتا ہے تو سامنے لائیے
کون دیتا ہے دینے کو منہ چاہیئے
دینے والا ہے سچا ہمارا نبی :pbuh:
پیش داور جو ہے عاصیوں کا وکیل
جس کے ہاتھوں سے منظور ہوگی اپیل
جس کا مکھڑا ہے خود مغفرت کی دلیل
جس کی دو بوند ہیں کوثر و سلسبیل
ہے وہ رحمت کا دریا ہمارا نبی :pbuh:
جس کے عرفاں پے موقوف عرفانِ ذات
جس کی رحمت کے سائے میں ہے کائنات
جس کے در سے نکلتی ہے راہِ نجات
جس کے تلووں کا دھوون ہے آبِ حیات
ہے وہ جانِ مسیحا ہمارا نبی :pbuh:
اللہ اللہ وہ امی و استادِ کل
مچ گیا جس کی بعثت پہ مکے میں غل
رہبر انس و جاں ، منتہائے سبل
خلق سے اولیا ، اولیا سے رسل
اور رسولوں سے اعلی ہمارا نبی :pbuh:
جس کے اذکار کی ہیں سجی محفلیں
دم قدم سے ہیں جس کے یہ سب رونقیں
بزم کونین میں جس کی ہیں تابشیں
بجھ گئیں جس کے آگے مشعلیں
شمع وہ لے کر آیا ہمارا نبی :pbuh:
فرش کو مہر اعزاز جس کے قدم
جس کے ابرو میں اک دلربایانہ خم
وہ جمیل الشیم وہ جلیل الحشم
حسن کھاتا ہے جس کے نمک کی قسم
وہ ملیح دل آرا ہمارا نبی :pbuh:
جیسے مہرِ سما ایک ہے ویسے ہی
جیسے روزِ جزا ایک ہے ویسے ہی
جیسے بابِ عطا ایک ہے ویسے ہی
جیسے سب کا خدا ایک ہے ویسے ہی
اِن کا ، اُن کا ، تمہارا ،ہمارا نبی :pbuh:
کتنے روشن دئیے دم زدن میں بجھے
کتنے سروِ سہی زیر گردوں جھکے
کتنے دریا یہاں بہتے بہتے رکے
کیا خبر کتنے تارے کھلے چھپ گئے
پر نہ ڈوبے نہ ڈوبا ہمارا نبی :pbuh:
زندگی کتنے موتی پروتی رہی
خود میں رنگ تغیر سموتی رہی
بیج کیا کیا تنوع کے بوتی رہی
قرنوں بدلی رسولوں کی ہوتی رہی
چاند بدلی کا نکلا ہمارا نبی :pbuh:
اب نہ دل پہ کوئی بات لیجے کہ ہے
جامِ کوثر کوئی دم میں پیجے کہ ہے
ائے نصیر اب ذرا غم نہ کیجے کہ ہے
غمزدوں کو رضا مژدہ دیجے کہ ہے
بے کسوں کا سہارا ہمارا نبی :pbuh:
 

مہ جبین

محفلین
ماشاءاللہ ۔۔۔سبحان اللہ ۔۔۔۔الحمد للہ ۔۔۔۔۔ اللہ اکبر

الف نظامی بھائی بہت بہت بہت عمدہ و اعلیٰ تضمین ہے ، حضرت پیر نصیر الدین نصیر رحمۃاللہ علیہ کی
واقعی میں پڑھنے میں اس قدر کیف و سرور اور ایسی بےخودی ہے کہ جس کو الفاظ میں رقم کرنا بہت مشکل ہے
اعلیٰ حضرت کا اعلیٰ کلام اور اس پر اعلیٰ تضمین جیسے سونے پر سہاگہ ہے
جزاک اللہ خیراً کثیراً
 

سید زبیر

محفلین
عرش و کرسی کی تھیں آئینہ بندیاں
سوئے حق جب سدھارا ہمارا نبی

مہ جبین بہن اور الف نظامی صاحب دونوں کا اتنا پر اثر کلام محفل میں شریک کرنے کا بہت شکریہ ۔۔۔۔جزاک اللہ
 

کامران

محفلین

جس کے تلووں کا دھون ہے آبِ حیات

ہے وہ جانِ مسیحا ہمارا نبی

مجھے یہ اتنے اعلیٰ کلام دیکھ کے بہت خوشی ہوئی
مہ جبین باجی آپ کو اللہ خوش رکھے
 

مہ جبین

محفلین
عرش و کرسی کی تھیں آئینہ بندیاں
سوئے حق جب سدھارا ہمارا نبی

مہ جبین بہن اور الف نظامی صاحب دونوں کا اتنا پر اثر کلام محفل میں شریک کرنے کا بہت شکریہ ۔۔۔ ۔جزاک اللہ
جس کے تلووں کا دھون ہے آبِ حیات
ہے وہ جانِ مسیحا ہمارا نبی

مجھے یہ اتنے اعلیٰ کلام دیکھ کے بہت خوشی ہوئی
مہ جبین باجی آپ کو اللہ خوش رکھے

سید زبیر بھائی اور کامران بھائی آپ دونوں کا نعت شریف کو پسند کرنے کا بہت شکریہ

جزاکم اللہ خیراً
 
Top