سفر پاکستان 2012

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،
ہر سال کی طرح اس بار بھی میں پاکستان کچھ ہفتے گزار کر آیا ہوں۔ پاکستان میں ایسا کچھ ٌخاص کام نہیں کر پاتا جس کی روداد سنانے کے قابل ہو۔ لیکن کچھ دوستوں کی فرمائش پر اس مرتبہ پاکستان میں قیام کی کچھ تفصیل بیان کر رہا ہوں۔ اگست، ستمبر جیسے گرمی اور حبس والے موسم میں پاکستان جانے کی واحد وجہ یہی ہے کہ میرے بچوں کے سکول میں اسی وقت گرمیوں کی چھٹیاں ہوتی ہیں اور انہیں پاکستان جانا نہایت پسند ہے، اس لیے وہ گرم موسم سے بھی نہیں گھبراتے۔ ایمانداری کی بات تو یہ ہے کہ پاکستان کا سفر مجھ پر کافی بھاری گزرتا ہے۔ زیادہ تر وقت میرا پیٹ خراب رہتا ہے اور مسلسل لوڈ شیڈنگ بھی مجھے عاجز کیے رکھتی ہے۔ اس مرتبہ اتنی خیر ضرور گزری کہ بارشوں کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹتا رہا۔ بیمار بھی اس مرتبہ میں زیادہ نہیں پڑا۔ لیکن کئی وجوہات کی بناء پر لوگوں سے ملاقات کا وقت نہیں ملا اور تقریباً تمام وقت گھر پر ہی گزارا۔ پاکستان میں قیام کا سب سے مثبت پہلو مجھے اپنے والد صاحب کی صحبت میں نظر آتا ہے۔ میرے والد صاحب تمام عمر تدریس اور لکھنے پڑھنے کے میدان سے وابستہ رہے ہیں اور ایک صاحب علم شخصیت ہیں۔ ان کے ساتھ مختلف موضوعات پر گھنٹوں گفتگو جاری رہتی ہے اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ میں اپنے پاکستان کے قیام کو reading vacations بھی قرار دیتا ہوں کیونکہ سال بھر میں یہی موقع ہوتا ہے جب مجھے یکسوئی سے کتابیں پڑھنے کا موقع ملتا ہے۔ بالا کی سطور سے واضح ہو گیا ہوگا کہ پاکستان سے میں صرف کچھ احساسات اور مشاہدات ہی واپس لاتا ہوں۔ :)

پاکستان میں اگر موقع مل جائے اور کچھ پیسے بچ جائیں تو کچھ کتابوں کی خریداری بھی کر لیتا ہوں۔ اس مرتبہ اپنی پسند کی تمام کتابیں نہیں خرید سکا۔ صرف ایک مرتبہ مال روڈ پر کتابوں کی خریداری کے سلسلے میں چکر لگا۔ فیروز سنز تو ختم ہی ہو گئی ہے۔ صرف ماوراء ہی باقی رہ گئی ہے۔ اس مرتبہ جن کتابوں کی خریداری کی، ان کی فہرست ذیل میں ہے۔

مشتاق احمد یوسفی کی خاکم بدہن، چراغ تلے اور زرگزشت (آب گم پہلے ہی میرے پاس تھی)
مقدمہ ابن خلدون
زندہ رود (جاوید اقبال)
ہیرلڈ لیم کی کتابوں کے اردو تراجم عمر خیام، چنگیز خان، صلاح الدین ایوبی، بابر۔۔
بابر سے ظفر تک (جمیل یوسف)
توزک جہاں گیری
لسان الغیب، شرح دیوان حافظ (میر ولی اللہ)
اس کے علاوہ بھی چند اور کتابیں ہیں جن کے نام اس وقت یاد نہیں آ رہے۔ چند کتابیں میں اپنے والد صاحب سے ادھار بھی لے آیا ہوں۔ لیکن اس سب کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ میں ان کتابوں کو پڑھوں گا بھی۔ :) دیوان حافظ میں دلچسپی کی بھی ایک وجہ ہے۔ اس پر علیحدہ سے لکھوں گا۔

پاکستان میں قیام کے دوران میں نے جو کتابیں پڑھیں ان میں سیرت کے موضوع پر دو کتابیں پڑھیں جن میں ایک فرانسیسی سے اردو میں ترجمہ تھی۔ یہ کتاب گانسٹن ویرژیل گیورگیو نے لکھی ہے اور غالباً صمصام احمد نے اس کا ترجمہ کیا ہے۔ دوسری کتاب کے ایک گابا کی لکھی ہوئی جس کا ترجمہ پیغمبر صحرا کے نام سے چھپا ہے۔ اس کے علاوہ میں نے ایک اور کتاب کا مطالعہ شروع کیا تھا جو کہ آر وی سی باڈلے کی لکھی ہوئی ہے لیکن یہ میں پوری نہیں پڑھ سکا تھا۔

میں پاکستان سے کچھ مواد کی فوٹو کاپی بھی کروا کر لایا ہوں۔ حضرت امداد اللہ مہاجر مکی رحمۃ اللہ علیہ کی تحاریر اب کلیات امدادیہ کے نام سے چھپ چکی ہے لیکن یہ دستیاب نہیں تھی۔ میرے والد صاحب نے کچھ عرصہ قبل یہ کتاب کراچی سے آرڈر پر منگوائی تھی۔ مجھے اس میں صرف دو حصے ضیاءالقلوب اور فیصلہ ہفت مسئلہ درکار تھے جو کہ میں نے فوٹو کاپی کروا لیے۔ میں انہیں جلد ہی سکین کر کے ان کی پی ڈی ایف اپلوڈ کر دوں گا۔ :) اس کے علاوہ میں اپنے والد صاحب کے تحریر کردہ چند مضامین بھی لایا ہوں۔ انہیں ٹائپ کرنے کی فرصت تو شاید ہی ملے۔ انہیں بھی سکین کرکے انہیں تصویری شکل میں پوسٹ کر دوں گا۔

لاہور سے ایک معیاری ادبی جریدہ سورج کے نام سے جاری ہوتا ہے جس کے مدیر اعلی تسلیم تصور صاحب ہیں۔ میرے والد صاحب ایک عرصے تک اس جریدے کے اعزازی مدیر رہے ہیں اور اب بھی وقتاً فوقتاً ان کی تحاریر جریدہ سورج میں شائع ہوتی رہتی ہیں۔ تسلیم تصور صاحب نے کچھ عرصہ قبل ایک بین الاقوامی غالب کانفرنس کا انعقاد کیا تھا جس میں پیش کیے گئے مقالہ جات جریدہ سورج کے ایک خصوصی شمارہ میں شائع ہوئے۔ میں اس خصوصی شمارے کی ایک کاپی بھی ساتھ لایا ہوں۔ چند ہی مہینوں میں تسلیم تصور صاحب دوبارہ غالب کانفرنس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ میں نے تسلیم تصور صاحب سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور انہیں اردو ویب اور اردو محفل فورم کا تعارف کروایا۔ انہوں نے اس تمام سلسلے میں گہری دلچسپی لی۔ میں نے ان سے درخواست کی وہ خود سے جریدہ سورج کے شماروں کا تعارف محفل فورم پر پوسٹ کر دیا کریں۔ بدقسمتی سے تسلیم تصور صاحب کمپیوٹر کا استعمال نہیں جانتے۔ تسلیم تصور صاحب کے صاحبزادے اگرچہ خود کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں، لیکن وہ اپنے والد صاحب کو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ سے آگاہی دلانے کو (تسلیم تصور صاحب کے) وقت کا ضیاع سمجھتے ہیں۔ میں نے ان کے خیالات کو تبدیل کرنا مناسب نہیں جانا، البتہ میں نے ان سے جریدہ سورج کے سرورق کی گرافکس اور اس میں چھپنے والے چند مضامین کی سوفٹ کاپی مانگی جے ارسال کرنے کا انہوں نے وعدہ تو کر لیا لیکن ابھی تک ان کی جانب سے ای میل کا انتظار کر رہا ہوں۔ اگر انہوں نے فائلیں بھیج دی تو انہیں یونیکوڈ میں کنورٹ کرکے پوسٹ کر دوں گا۔ بصورت دیگراپنے پاس موجود صفحات کو ہی سکین کرکے ان کو تصویری شکل میں پوسٹ کر دوں گا۔

فی الحال اتنی ہی تفصیلات کافی ہیں۔ :) مجھے معلوم ہوا ہے کہ لاہور میں محفلین نے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔ یہ بہت خوشی کی بات ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ میں اس میں شامل نہیں ہو سکا۔ چلیں اگلے سال سہی۔ :)
والسلام
 
پپو

محفلین
جزاک اللہ بھائی جی پاکستان واپسی کی سوغاتیں تو زبردست ہیں جیسا کہ آپ نے کہا بانٹ دیں ذرا جلدی منتظر رہونگا
 
معلوماتی اور حوصلہ افزا روداد لکھی ہے نبیل۔

سورج جریدے کے متعلق پڑھ کر خوشی ہوئی اور امید ہے کہ ان سے اصرار کرکے معلومات اردو محفل پر پوسٹ کروا ہی لیں گے۔
 
نایاب

لائبریرین
بہت شکریہ محترم نبیل بھائی
آپ نے پاکستان میں گزارے وقت میں ہمیں شمولیت سے نوازا ۔
باقی سب کتابیں تو آرام سے سکین کرتے رہیئے گا
لیکن محترم والد صاحب کے لکھے مضامین پہلی فرصت میں سکین کر کے پوسٹ کر دیں ۔
بہت شکریہ
 
نبیل

تکنیکی معاون
جزاک اللہ بھائی جی پاکستان واپسی کی سوغاتیں تو زبردست ہیں جیسا کہ آپ نے کہا بانٹ دیں ذرا جلدی منتظر رہونگا

شکریہ برادرم۔ جی جلد ہی انشاءاللہ بانٹ دوں گا۔:)

معلوماتی اور حوصلہ افزا روداد لکھی ہے نبیل۔

سورج جریدے کے متعلق پڑھ کر خوشی ہوئی اور امید ہے کہ ان سے اصرار کرکے معلومات اردو محفل پر پوسٹ کروا ہی لیں گے۔

شکریہ محب۔ میں کوشش تو کروں گا کہ کچھ اصرار کرکے سوفٹ کاپیاں منگوا لوں۔ آگے ان کی مرضی پر منحصر ہے۔ ورنہ سکین تو کر ہی سکتا ہوں۔

بہت شکریہ محترم نبیل بھائی
آپ نے پاکستان میں گزارے وقت میں ہمیں شمولیت سے نوازا ۔
باقی سب کتابیں تو آرام سے سکین کرتے رہیئے گا
لیکن محترم والد صاحب کے لکھے مضامین پہلی فرصت میں سکین کر کے پوسٹ کر دیں ۔
بہت شکریہ

شکریہ برادرم نایاب۔ جی جلد ہی آپ کے حکم کی تعمیل کروں گا۔ :)
 
قیصرانی

لائبریرین
نبیل بھائی، جتنی کتب آپ لاتے ہیں، اس طرح تو بھابھی اور بچوں کے سامان میں بھی صرف اور صرف آپ کی کتابیں ہی آتی ہوں گی؟
 
ساجد

محفلین
نبیل بھائی ، لاہور میں بہت علمی و ادبی مصروفیات رہی ہیں آپ کی۔ کچھ وقت ہم جیسے بے ادبوں کو بھی دیتے تو بہت اچھا ہوتا۔ خیر کوئی بات نہیں آپ نے خود ہی اگلے برس کا وعدہ کر لیا ہے۔ بشرطِ زندگی ملاقات ہو گی۔ اپنی لاہوری مصروفیات پر مزید کچھ لکھیں کہ کہاں کہاں کی سیر کی۔ لاہور سے باہر کی بھی سیر کی؟۔
جی بالکل ایک نہیں دو دو عید ملن پارٹیاں ہوئی ہیں ایک کا احوال تو آپ میرے دستخط پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔ اس پارٹی میں ایک رُکن کی غائبانہ شرکت بھی ہوئی یعنی ایک نئی بدعت کا آغاز:)۔
 
نبیل

تکنیکی معاون
نبیل بھائی، جتنی کتب آپ لاتے ہیں، اس طرح تو بھابھی اور بچوں کے سامان میں بھی صرف اور صرف آپ کی کتابیں ہی آتی ہوں گی؟

ہاہا۔۔
ابھی تم نے اپنی بھابھی کی شاپنگ نہیں دیکھی۔ :) اب دراصل ہم پانچ افراد سفر کرتے ہیں تو سامان کی گنجائش نکل آتی ہے۔ البتہ مجھ غریب کی شامت آ جاتی ہے جسے ہر جگہ اتنے ڈھیر سارے سوٹ کیس چڑھانے اتارنے پڑتے ہیں۔ :(
 
نبیل

تکنیکی معاون
نبیل بھائی ، لاہور میں بہت علمی و ادبی مصروفیات رہی ہیں آپ کی۔ کچھ وقت ہم جیسے بے ادبوں کو بھی دیتے تو بہت اچھا ہوتا۔ خیر کوئی بات نہیں آپ نے خود ہی اگلے برس کا وعدہ کر لیا ہے۔ بشرطِ زندگی ملاقات ہو گی۔ اپنی لاہوری مصروفیات پر مزید کچھ لکھیں کہ کہاں کہاں کی سیر کی۔ لاہور سے باہر کی بھی سیر کی؟۔
جی بالکل ایک نہیں دو دو عید ملن پارٹیاں ہوئی ہیں ایک کا احوال تو آپ میرے دستخط پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔ اس پارٹی میں ایک رُکن کی غائبانہ شرکت بھی ہوئی یعنی ایک نئی بدعت کا آغاز:)۔

جی انشاءاللہ ضرور ملاقات رہے گی۔ اللہ تعالی آپ کے بیٹے کو جلد صحت یاب کرے آمین۔ بیٹے کی خیریت سے آگاہ کرتے رہیں۔
 
ساجد

محفلین
جی انشاءاللہ ضرور ملاقات رہے گی۔ اللہ تعالی آپ کے بیٹے کو جلد صحت یاب کرے آمین۔ بیٹے کی خیریت سے آگاہ کرتے رہیں۔
اللہ کا شُکر ہے کہ اب بخار کا زور ٹوٹ گیا ہے اور پلیٹلیٹس کی مقدار بھی بڑھی ہے۔ ڈینگی سے چونکہ شدید کمزوری ہو جاتی ہے انشاء اللہ تین چار دن میں چلنے پھرنے لگے گا۔
 
قیصرانی

لائبریرین
اللہ کا شُکر ہے کہ اب بخار کا زور ٹوٹ گیا ہے اور پلیٹلیٹس کی مقدار بھی بڑھی ہے۔ ڈینگی سے چونکہ شدید کمزوری ہو جاتی ہے انشاء اللہ تین چار دن میں چلنے پھرنے لگے گا۔
اللہ تعالٰی شفائے کاملہ عطا کریں۔ براہ کرم احوال سے مطلع کرتے رہا کیجئے گا
 
قیصرانی

لائبریرین
ہاہا۔۔
ابھی تم نے اپنی بھابھی کی شاپنگ نہیں دیکھی۔ :) اب دراصل ہم پانچ افراد سفر کرتے ہیں تو سامان کی گنجائش نکل آتی ہے۔ البتہ مجھ غریب کی شامت آ جاتی ہے جسے ہر جگہ اتنے ڈھیر سارے سوٹ کیس چڑھانے اتارنے پڑتے ہیں۔ :(
اب میں یہ سوچ سوچ کر ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو رہا ہوں کہ سارے سوٹ کیسوں کا وزن ایک طرف اور کتب کا وزن ایک طرف اور آپ بے چارے نہ دوسروں کے بیگوں پر اور نہ ہی اپنے سامان پر کوئی اعتراض کر سکتے ہوں گے :biggrin:
 
زبیر مرزا

محفلین
وعلیکم السلام
نبیل بھائی یہ کتابوں کے نام لکھ کرآپ نے اچھا کیا ، میں ان سے 2 بابرسے ظفرتک اور
زندہ رود (جاوید اقبال) کو اپنی فہرست میں شامل کرلیا ہے​
فیروزسنز کو کیا ہوا؟ ماوراء تو کراچی کے ہیں لاہور کیسے پہنچ گئے- میں تولاہورکا پروگرام صرف کتابوں اورسنگ (میل لوئرمال) کی وجہ​
سے بنا کے بیٹھا ہوں - (اگرکوئی گوجرانوالہ سے لاہورتک لے جانے والا ملا تو)​
آپ کے کتابوں پر مزیدتبصروں کا انتظاررہے گا​

شکریہ محب۔ میں کوشش تو کروں گا کہ کچھ اصرار کرکے سوفٹ کاپیاں منگوا لوں۔ آگے ان کی مرضی پر منحصر ہے۔ ورنہ سکین تو کر ہی سکتا ہوں۔​
اس کام کے لیے سب سے اہم شخصیت آپ کے والد ہو سکتے ہیں اور اس طرح کے جملے کافی کام آ سکتے ہیں۔

والد صاحب سے آپ کے رسالے کی بہت تعریفیں سنتا رہتا ہوں ، اب پڑھ کر میں بھی قدردان اور پرستار ہوگیا ہوں۔
اردو ویب پر میں نے کچھ تذکرہ کیا تھا تب سے لوگوں کی فرمائشوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔
 
محمدصابر

محفلین
فیروزسنز کو کیا ہوا؟ ماوراء تو کراچی کے ہیں لاہور کیسے پہنچ گئے- میں تولاہورکا پروگرام صرف کتابوں اورسنگ (میل لوئرمال) کی وجہ​
سے بنا کے بیٹھا ہوں - (اگرکوئی گوجرانوالہ سے لاہورتک لے جانے والا ملا تو)​

ماوراء تو عرصے سے مال پر ہی ہے۔ :)

http://www.urduweb.org/mehfil/threads/لاہور-میں-ادارہ-فیروز-سنز-کی-مرکزی-دکان-میں-آتشزدگی.51797
 
ناعمہ عزیز

لائبریرین
ارے واہ اتنا علمی اور ادبی سفر، مجھے بہت خوشی ہوئی پڑھ کر لالہ :) کیونکہ ہم لوگ کتابوں سے دور ہوتے جا رہے ہیں لیکن پھر بھی جب کتابوں ذکر آتا ہے تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہے ، اور جلدی اسکین دستیاب کرٰیں تاکہ اس پر کام شروع ہو سکے اس طرح ہم بھی بہت کچھ سیکھیں گے :)
 
Top