حسب روایت محفل کی اس سال کی سالگرہ کا کافی ماحول بن چکا ہے کئی نئی لڑیاں محفل کی سولہویں کےلیے آرائش و تزئین کا سامان لیے آویزاں کی جا چکی ہیں اور اپنے اپنے موضوعاتی تنوّع کے ساتھ محفلین ان میں اپنی استطاعت، محفل سے محبت اور نیک خواہشات کے جذبات کے مطابق گرمجوشی کے ساتھ رونق افروز ہو رہے ہیں ۔
ان میں محفلین کی سینئر شخصیات کے شخصی تعارف، علمی مکالمات اور روز مرہ گپ شپ کے ساتھ ساتھ دوستانہ نوک جھونک کے نہ رکنے والے سلسلوں نے ماحول میں ایک سماں باندھا ہوا ہے ۔اس سے یہ گمان بھی ثبوت کو پہنچتا نظر آتا ہے کہ نوک جھونک کی صلاحیتیں اس محفلی قوم میں برجۂ اتم موجود ہیں اور اپنی آب و تاب سے فضا کو گرمائے ہوئے ہیں ۔اس رونق کے جاری رہنے کے امکان میں ابھی کم از کم دو تہائی ماہ کا عرصہ باقی ہے ۔ اس سلسلے میں ایسا ممکن نہ تھا کہ تحریروں اور تقریروں کے ساتھ مشاعرے کا اہتمام نہ ہو تا۔ اگر چہ چند سال سے یہ سلسلہ تعطل کا بھی شکار رہا ۔ اور اب کئی شعراء اور شاعرات نے اسے برپا کرنے کی ہامی بھری ہوئی ہے ۔ مولیٰ تعالٰی کامیاب کرے ۔
انہی سلسلوں میں ایک سلسلہ شعراء کی تخلیقات کا صوتی ادائیگی میں بھی شروع ہوا اور خوب سراہا گیا ہے ۔
اسی نسبت سے تمام محفلین سے گزارش ہے کہ سولہویں سالگرہ کے لیے حسب روایت جو تک بندی کی لڑی اب تک آویزاں نہیں ہوئی تھی اسے اس کی لڑی کی کڑی سمجھا جائے اور اپنی شعری تک بندیاں پیش کی جائیں ۔
اس میں کوئی بحر کی پابندی نہیں بس لڑی کی مناسبت سے ایک شعری تقاضا ہے ۔ تک بندی بحری کے ساتھ ساتھ برّی (یعنی بے بحری) بھی ہو سکتی ہے ۔ بس پیش دلی جذبات سے کی جائے ۔
گزشتہ برس محفل کی پندرہویں سالگرہ پر ہم نے محفل کی جوانی پر کچھ عرض کیا تھا
ایک اسی کا ضمیمہ اور تتمّہ آج بطور آغاز پیش خدمت ہے ۔
سولہ سنگھار
گزشتہ سال چڑھا تھا شباب محفل پر
ہوئے تھے پندرہ پورے جو سال محفل پر
سجا کے بزم یہ کہتے ہیں محفلین امسال
"بھری جوانی" کے سولہ سنگھار محفل پر