سیالکوٹ میں دہشت گردی کا خدشہ

محمد وارث

لائبریرین
آج صبح جب میں دفتر جانے کیلیے تیار ہو رہا تھا تو میرے دونوں اسکول جانے والے بچے ہنستے مسکراتے اور انتہائی خوش خوش واپس آ گئے اور کہنے لگے کہ اسکول میں چھٹی ہو گئی ہے۔ میں نے حیران ہو کر اپنی بیوی سے بات کی اور اس نے اسکول فون کیا تو علم ہوا کہ کئی دہشت گرد سیالکوٹ میں داخل ہو چکے ہیں اور سیالکوٹ کے اسکولوں میں دہشت گردی کا خدشہ ہے، اس وجہ سے اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔

آفس آتے ہوئے بھی سیالکوٹ کینٹ میں فوج کا سخت پہرہ دیکھا اور انکی سخت پوچھ گچھ کے بعد ہی دفتر آسکا۔

دفتر پہنچا تو ہر طرف یہی بات تھی، میرے ایک کولیگ کی بیگم ایک کالج میں لیکچرار ہیں، اس کولیگ سے معلوم ہوا کہ سب اسکولوں اور کالجوں میں باقاعدہ اطلاع دی گئی ہے کہ سیالکوٹ میں دہشت گرد داخل ہو چکے ہیں اور اگلے بہتر گھنٹے بہت خطرناک ہیں اور یہ بھی کہ انکا نشانہ ایسے اسکول ہیں جہاں 'کو ایجوکیشن' یا مخلوط تعلیم ہے۔

آج پورے سیالکوٹ کے اسکول بند رہے اور کئی اسکول تین دن کیلیے بند کر دیئے گئے ہیں۔

انا للہ و انا الیہ راجعون۔

لعنت اللہ علی الظالمین۔
 

زینب

محفلین
پاکستانی نسل کو تعلیم سے دور رکھنے کی ایک اور سازش۔۔۔۔۔۔۔۔میرا خیال ہے کہ اب پاکستانی قوم غریب سے غریب تر بھی اسی کوشیش میں ہے کہ بچے دو چار جماعتں پڑھ جایئں ۔۔۔۔خاصی توجہ دے رہے ہیں والدیں اپنے بچوں کی تعلیم پر۔۔پہلے اسلام اباد میں اب سیالکوٹ میں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔سازش ہی ہے بہت بڑی
 

ساقی۔

محفلین
مجھے تو یہ سمجھ نہیں آتی جب دشت گرد سیالکوٹ میں داخل ہو رہے تھے تو ایجنسیاں بیٹھ کے دیکھتی رہیں اور وہ آرام سے داخل ہو گئے سیالکوٹ میں !
اور جب داخل ہو گئے تو خبر لگا دی .
بھئی اگر آپ کو پتا ہے داخل ہو گئے تو پکڑا کیوں نہیں؟؟؟

عجیب کھلواڑ کھیلا جا رہا ہے عوام کے ساتھ!
 

نوید صادق

محفلین
صوفی صاحب کا جو بیج ہم سوات میں بو بیٹھے ہیں۔ وہ تیزی سے بڑھا درخت بن رہا ہے۔ اور یہ فتویٰ تو اس درویش شکل ،بدبخت انسان کی طرف سے آ چکا ہے کہ سوات کے سوا سارا پاکستان کافر ہے۔ سو ان خبیثوں کے اسلام میں کافر کو مارنے پر غور کی ضرورت نہیں ۔ اب بھی ہماری آنکھیں نہ کھلیں تو کیا کہنے ہیں ہمارے!!
ابھی ٹی وی پر بونیر میں کھلے عام بدمعاش طالبان کے اسلحہ لے کر گھومنے کے نظارے دیکھ کر آیا ہوں۔وہاں کے لوگ خوف سے گھروں میں دبک گئے ہیں۔ اللہ ان طالبان پر اپنی جملہ عذاب نازل فرمائے اور ہمیں سکت دے، سمجھ بوجھ دے کہ ہم ان کو سبق سکھا سکیں۔
 

خرم

محفلین
طالبان کی بندوقوں میں ہمارے کوسنوں سے کیڑے تو پڑنے سے رہے۔ ساقی بھیا ایجنسیوں کو جب ان کے مخبر اطلاع دیتے ہیں تب ہی انہیں بھی پتہ چلتا ہے۔ یقیناَ اس وقت وہ بھی سرگرمی سے ان لوگوں‌کو تلاش کررہے ہوں گے لیکن یہ بلی چوہے کا کھیل ہے اور ہار جیت کا فرق بہت معمولی ہوتا ہے۔ ویسے بھی ان "مجاہدین" کو کسی "جہاد" کے حامی نے ہی اپنےگھر میں، حویلی میں، دوکان میں پناہ دی ہوگی۔ آخر دن رات جو "مجاہدین" کی تعریف و توصیف میں زمین آسمان کے قلابے ملائے جاتے ہیں ان کا اثر بھی تو ہوتا ہے لوگوں‌پر۔ اگر خاکم بدہن یہ لوگ اپنی کاروائی میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ تمام اصحاب "ثواب" میں برابر کے حقدار ہوں گے۔
فیصل - ہمت بھیا کی بات کا بُرا مت منائیے۔ اب اس عمر میں چڑے ہی یاد آنے ہیں‌:)
 

محمد وارث

لائبریرین
میں نے اس حوالے سے 'جنگ' پر ایک خبر دیکھ ہے جس کے مطابق سرکاری سطح پر کوئی ہدایات نہیں ہیں اسکولوں کے بارے میں، جب کہ پورے شہر اور بالخصوص سیالکوٹ کینٹ میں خوف و ہراس پھیلا ہے۔ سیالکوٹ کینٹ میں داخل ہونے تمام راستوں کو ایک طرح سے بند کر دیا گیا ہے۔ سیالکوٹ چھاؤنی کے چاروں طرف سول آبادی ہے اور روزانہ ہزاروں افراد چھاؤنی کے اندر سے ہو کر گزرتے ہیں، جنہیں روک کر چیک کیا جا رہا ہے اور کچھ حصوں میں تو روڈ مکمل طور پر بلاک کر دیئے گئے ہیں، مجھے آج کافی لمبا چکر کاٹ کر واپس پہنچنا پڑا اور جگہ جگہ لمبی قطاریں بھی دیکھیں!

یہ سب کیا ہو رہا ہے اور کیوں ہو رہا ہے؟ میری سمجھ سے تو باہر ہے!
 

محمد وارث

لائبریرین
درست کہا، لیکن اس میں صرف وردی والے اکیلے نہیں ہیں، انکی سیٹی پر دُم ہلانے والے، داڑھیوں والے اور گاڑیوں والے اور سرداریوں والے اور زرداریوں والے بھی شامل ہیں!
 

ساجد

محفلین
اللہ تعالی خیر کرے۔ اب تو اس قسم کی بات سنتے اور پڑھتے ہی دماغ ماؤف ہو جاتا ہے۔
ہمارے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے بارے میں بھی ایسی ہی خبریں کل سے کچھ ٹی وی چینلز پہ چل رہی ہیں۔ خدا خیر کرے۔۔
 

arifkarim

معطل
اللہ تعالی خیر کرے۔ اب تو اس قسم کی بات سنتے اور پڑھتے ہی دماغ ماؤف ہو جاتا ہے۔
ہمارے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے بارے میں بھی ایسی ہی خبریں کل سے کچھ ٹی وی چینلز پہ چل رہی ہیں۔ خدا خیر کرے۔۔

انہی خیر کی صداؤں کیساتھ طالبان ہم پر مسلط ہوئے ہیں۔ ہمارے نوجوان جوق در جوق انکے گروہ میں زبردستی یا خوشی سے شامل ہو رہے ہیں۔ جب ناامیدی عام ہو جائے تو ایسی صورت حال ایک معمول بن جاتی ہے۔
 

arifkarim

معطل
درست کہا، لیکن اس میں صرف وردی والے اکیلے نہیں ہیں، انکی سیٹی پر دُم ہلانے والے، داڑھیوں والے اور گاڑیوں والے اور سرداریوں والے اور زرداریوں والے بھی شامل ہیں!

حُکمرانوں میں سب لوگ شامل ہیں، وہ بھی جو مسلط ہو گئے اوروہ بھی جنکی خواہش تھی لیکن نا کام ہو گئے۔
 

نایاب

لائبریرین
السلام علیکم
محترم محمد وارث بھائی
اللہ سدا اپنی امان میں رکھے آمین
آپ تو حاضر موقع ( سیالکوٹ ) میں ہیں ۔
ابھی آپ کے دھاگے سے آگاہی پا کر ڈسکہ گھر فون کیا ۔
بہت ہی زیادہ خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے ۔
اللہ خیر کرے سنا ہے سمبڑیال کا کوئی اسکول ہٹ لسٹ پر ہے ۔
کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں ۔
اور سیالکوٹ مکمل سیل ہے ۔ ؟؟؟
اللہ میرے پیارے وطن پر اپنا رحم و کرم نازل کرے آمین
نایاب
 

طالوت

محفلین
دفتر پہنچا تو ہر طرف یہی بات تھی، میرے ایک کولیگ کی بیگم ایک کالج میں لیکچرار ہیں، اس کولیگ سے معلوم ہوا کہ سب اسکولوں اور کالجوں میں باقاعدہ اطلاع دی گئی ہے کہ سیالکوٹ میں دہشت گرد داخل ہو چکے ہیں اور اگلے بہتر گھنٹے بہت خطرناک ہیں اور یہ بھی کہ انکا نشانہ ایسے اسکول ہیں جہاں 'کو ایجوکیشن' یا مخلوط تعلیم ہے۔

مجھ کم علم کی عقل میں یہ بات نہیں آتی کہ عموما جو لوگ دہشت گرد حملوں میں ملوث پائے گئے ہیں ان کا حلیہ شکل و شباہت عام طور پر پنجاب میں بسنے والوں سے مختلف ہوتی ہے ۔۔ تو یہ محض اطلاع ہی کیوں فراہم کر پاتے ہیں اس پر کوئی کاروائی کیوں نہیں ہوتی ؟
وسلام
 

محمد وارث

لائبریرین
بہت شکریہ نایاب صاحب اور یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ کا تعلق بھی ضلع سیالکوٹ سے ہے!

یہ بھی سننے میں آ رہا ہے کہ سیالکوٹ کا کانونٹ اسکول بھی لسٹ میں ہے، بلکہ اس اسکول کو تو کل ہی فوج نے گھیرے میں لے لیا تھا اور خالی کرا دیا گیا تھا۔ یہ سیالکوٹ کے تاریخی اسکولوں میں سے ہے جو 1856ء میں قائم ہوا تھا۔

اور یہ بھی سننے میں آ رہا ہے کہ کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں!
 

علی ذاکر

محفلین
درست کہا، لیکن اس میں صرف وردی والے اکیلے نہیں ہیں، انکی سیٹی پر دُم ہلانے والے، داڑھیوں والے اور گاڑیوں والے اور سرداریوں والے اور زرداریوں والے بھی شامل ہیں!

یہ سب جانتے ہوئے کہ ان سب کے پیچھے صرف طالبان ہی نہیں کوئ اور ہاتھ بھی شامل ہیں‌تو پھر ہم ہر بات کا ذمہ دار طالبان کو ہی کیوں ٹہراتے ہیں ؟

مع السلام
 
Top