الف نظامی
لائبریرین
تجھے مل گئی اک خدائی حلیمہ
کہ ہے گود میں مصطفائی حلیمہ
یہ کیا کم ہے تیری بڑائی حلیمہ
زمانے کے لب پر ہے مائی حلیمہ
بہت لوریاں دیں ماہ آمنہ کو
کہاں تک ہے تیری رسائی حلیمہ
جو ہے آخری ایک شاہکارِقدرت
وہ صورت تیرے گھر میں آئی حلیمہ
وہ نعمت جوتجھ کو عطا کی خدا نے
کسی اور نے وہ کب پائی حلیمہ
وہ عظمت ملی ہے کہ الله اکبر
مقدر کی تیرے دہائی حلیمہ
نصیر اپنی قسمت پہ نازاں ہو جس دم
ملے تیرے در کی گدائی حلیمہ
( سید نصیر الدین نصیر گیلانی رحمۃ اللہ علیہ )