عوام جاننا چاہتے ہیں نوازشریف کو کون سی بیماری ہے، فردوس عاشق اعوان
ویب ڈیسک 4 گھنٹے پہلے
نوازشریف کی بیماری کی حتمی تشخیص تک چہ مگوئیاں ہوتی رہیں گی، معاون خصوصی۔ فوٹوفائل
اسلام آباد: معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جاننا چاہتے ہیں اور بیرون ملک جانے کے بعد ابھی تک نواز شریف کے حوالے سے کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ معزز عدلیہ نے میڈیکل رپورٹس دیکھ کر نواز شریف کو ریلیف دیا اور ہم نے بھی میڈیکل رپورٹس دیکھ کر سہولت کاری کی، ہم نے علاج و معالجے کے تمام امور نیک نیتی سے انجام دیے، لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں یہ آپ نے کیا کیا؟۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عوام کو جواب دہ ہیں اورانہوں نے اپنی تقریر میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کی، عوام نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جاننا چاہتے ہیں، بیرون ملک جانے کے بعد ابھی تک نواز شریف کے حوالے سے کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی، وہاں سے بھی کوئی ڈاکٹر یا میڈیکل بورڈ ان کی بیماری کی تشخیص کر دے ہم بھی عوام کو بتائیں ان کو یہ بیماری ہے، حتمی تشخیص تک چہ مگوئیاں ہوتی رہیں گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے اپوزیشن کو نوحہ کناں ہوئے ڈیڑھ سال ہو چکے ہیں، اپوزیشن جتھا بنا کر الیکشن کمیشن پہنچ گئی تاہم وزیراعظم کی ذات پر کرپشن کا کیچڑ نہیں اچھال سکی، اپوزیشن کے رویے سے ہمارے بیانیے کو تقویت ملتی ہے دال میں کچھ کالا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ اصطلاح کی مذمت کرتے ہیں اس سے ہمارے ممبرز اور ڈونرز کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں تمام سوالات کے جوابات جمع کرا چکی ہے اور اپنے دفاع کا حق رکھتی ہے، ہمارا دامن صاف ہے، اپنا نظریہ الیکشن کمیشن میں واضح کریں گے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی اپوزیشن سے متعلق درخواستوں کو بھی سنے۔