فقظ عاشق کمپیوٹر
السلام علیکم:
جناب میرا نام محمد ندیم اعظم ہے، بوریولہ کا رہائشی ہوں۔ عمر ہے 17 سال اور سیکنڈ ایئر کا سٹوڈینٹ ہوں، جہاں تک کمپیوٹر سے میرے تعلق کی بات ہے تو میں صرف اس بات پر اکتفا کروں گا کہ اس فیلڈ میں میری حیثیت طفل مکتب سی ہے۔ مگر جس خیال نے مجھے اس کورس میں شمولیت پر اکسایا وہ ہے کمپیوٹر سے میرا عشق اور دیوانگی کی حد تک تعلق۔
مزید میں میرے بارے میں
"کمپیوٹر میرا شوق، میرا عشق ہے۔ یقین مانئیے، ساتویں جماعت تک میں نے کمپیوٹر کی شکل تک نہ دیکھی تھی۔ دراصل میں ایک گاؤں میں رہتا تھا جہاں کمپیوٹر تو کیا ٹیلی فون کی سہولت بھی موجود نہ تھی۔ بہرحال ساتویں کی اواخر میں ہمارا سامنا کمپیوٹر سے یوں ہوا کہ ایک دن دوست کہ گھر پارٹی پر چلے گئے ڈرائنگ روم میں ایک سفید سے ٹی وی اور اس کے ساتھ پیانو جیسے آلے کو دیکھ کر کچھ سمجھ نہ آئی، خفت سے بچنے کے لئے بولا یار ذرا اپنا یہ ٹی وی چلا کر کارٹون تو دکھاؤ۔ دراصل اس وقت ہم نئے نئے بوریولہ شہر میں منتقل ہوئے تھے۔ جواب میں ہنسی سننے کو ملی، حیرت کے اظہار پر بتایا گیا کہ یہ کمپیوٹر ہے۔ ہمارے ذہن میں جو کمپیوٹر کا خاکہ تھا سب کا سب زمین بوس ہوگیا۔ بہرحال یہ تھا کمپیوٹر کا ہمارا پہلا واسطہ۔
بعد ازاں کمپیوٹر ہمارا شوق بن گیا۔ آٹھویں جماعت میں جو سرکاری وظیفہ لگا اس کا کمپیوٹر خرید لیا۔ انٹرنیٹ کی سہولت اگرچہ گھر پر موجود نہ تھی مگر انٹرنیٹ کیفے میرے اس شوق کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوا
میرا شوق شروع سے ہی مختلف انفارمیٹو سائیٹس کو وزٹ کرنا اور ایجوکیشنل سایٹس سے تعلیمی مواد اکٹھا کرنا ہوتا تھا۔ دسویں میں کمپیوٹنگ فورمز سے آشنائی ہوئی۔ وہاں سے اردو محفل کا پتہ چلا۔ اور اس طرح یہ سلسلہ آگے چلا۔ دسویں کے بعد انٹرنیٹ گھر میں لگوا لیا۔ جی تو اس طرح کمپیوٹر سے آشنائی کا سلسلہ یوں ہی آگے بڑھتا گیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مہارت میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ اور دلچسپی بھی بتدریج بڑھتی گئی۔ اور اب تو اگرایک دن آن لائن نہ ہوں تو دن نہیں کٹتا۔ جب پچھلے سال اگست میں 20 NOP سکالرشپ کے سلسلہ میں ٹاپ 450 طلباء و طالبات کے ساتھ بیس دن کی کوچنگ کے لئے LUMS میں قیام کیا تو ہمیں Computer Lab استعمال کرنے کی اجازت نہ تھی۔ مگر 20 دن بغیر کمپیوٹر کے کاٹنا، اف اللہ تصور ہی بھیانک تھا، چناچہ امر بالمجبوری ان کے سرور کمپیوٹر کو ہیک کرنا پڑا۔ کیونکہ ان کے تمام computers ایک سرور کمپیوٹر سے کنٹرول ہوتے تھے۔ بہر حال اچھا وقت تھا۔ 100 ایم بی فی سیکنڈ سپیڈ ، موجیں تھی وہ بھی فری میں بغیر لوڈ شیڈنگ کے۔ مزا آگیا۔میں نے ادھر کوئی 5 جی بی کی ڈاؤن لوڈنگ کی "۔
دراصل فارغ وقت ہی بہت قلیل ہوتا تھا۔ مگر پھر بھی شوق پورا ہوتا رہا۔
جی یہ تو تھا میرا تعارف۔ اور اس کورس سے متعلق فقط اتنا کہوں گا کہ میں اپنی طرف سے انتہائی کوشش کروں گا کہ آپ کی امیدوں پر پورا اتروں۔
فی ایمان اللہ