حزیں صدیقی شہروں میں ایسے منظر بھی نظروں سے ٹکراتے ہیں۔۔۔ حزیں صدیقی

مہ جبین

محفلین
شہروں میں ایسے منظر بھی نظروں سے ٹکراتے ہیں
آنکھوں والے آتے جاتے اندھوں سے ٹکراتے ہیں

سورج تو پیاسا ہے ازل کا تاروں کو پی جاتا ہے
شبنم کے پاگل قطرے کیوں کرنوں سے ٹکراتے ہیں

تو نے یہ کیا قید لگادی ، تیرے جیسے رنگ بھروں
کون سے میرے خاکے تیرے خاکوں سے ٹکراتے ہیں

ایک سحر کی آس میں دل کب سے انگارے پیتا ہے
ہر شب جانے کتنے سورج آنکھوں سے ٹکراتے ہیں

دہراتی ہے شب بیداری دن بھر کے سب ہنگامے
تنہائی کے سنّاٹے بھی کانوں سے ٹکراتے ہیں

وقت کے دریا کی موجوں میں روز تصادم ہوتا ہے
جاتے لمحے آنے والے لمحوں سے ٹکراتے ہیں

اب جو صبا آتی ہے چمن میں گل ہی اور کھلاتی ہے
سوکھے پتے اڑکر ویراں شاخوں سے ٹکراتے ہیں

حزیں صدیقی

انکل الف عین کی شفقتوں کی نذر

والسلام
 
الف عین

لائبریرین
آج رات کو اس کی ای بک فائنل کر دوں گا، پھر اپ ڈیٹ تو ہوگی لیکن سائٹ پر اپ لوڈ نہیں۔
 
محمداحمد

لائبریرین
تو نے یہ کیا قید لگادی ، تیرے جیسے رنگ بھروں
کون سے میرے خاکے تیرے خاکوں سے ٹکراتے ہیں

واہ۔۔۔!

ماہ جبین صاحبہ،

سب سے پہلے تو بہت شکریہ کہ آپ نے اتنی محنت اور لگن سے حزیں صدیقی کا کلام محفل میں پیش کیا جو اب انشا اللہ ای بک کی شکل میں بھی مل سکے گا ۔ اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔ (آمین)

حزیں صدیقی کا کلام بہت خوبصورت ہے ۔ تقریبا" جتنا بھی کلام آپ نے پیش کیا ہے سب ہی غزلیں ایک سے بڑھ کر ایک ہیں ۔ اور دلپذیر ہیں۔

اگر حزیں صدیقی کے بارے میں کچھ معلومات ، کچھ تعارف دستیاب ہو تو وہ بھی ضرور شئر کیجے۔

ایک بار پھر شکریہ۔۔۔۔۔!

خوش رہیے۔ :)
 
مہ جبین

محفلین
تو نے یہ کیا قید لگادی ، تیرے جیسے رنگ بھروں
کون سے میرے خاکے تیرے خاکوں سے ٹکراتے ہیں

واہ۔۔۔ !

ماہ جبین صاحبہ،

سب سے پہلے تو بہت شکریہ کہ آپ نے اتنی محنت اور لگن سے حزیں صدیقی کا کلام محفل میں پیش کیا جو اب انشا اللہ ای بک کی شکل میں بھی مل سکے گا ۔ اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔ (آمین)

حزیں صدیقی کا کلام بہت خوبصورت ہے ۔ تقریبا" جتنا بھی کلام آپ نے پیش کیا ہے سب ہی غزلیں ایک سے بڑھ کر ایک ہیں ۔ اور دلپذیر ہیں۔

اگر حزیں صدیقی کے بارے میں کچھ معلومات ، کچھ تعارف دستیاب ہو تو وہ بھی ضرور شئر کیجے۔

ایک بار پھر شکریہ۔۔۔ ۔۔!

خوش رہیے۔ :)
السلام علیکم محمد احمد بھائی
آپکی حوصلہ افزائی اور عزت افزائی کے لئے بیحد ممنون اور مشکور ہوں
جہاں تک ان غزلوں کو پیش کرنے کی بات ہے تو اسکا سارا کریڈٹ اعجاز انکل کو جاتا ہے کی انہی کے کہنے پر میں یہ سب کر سکی ہوں ورنہ میرے اندر اتنا حوصلہ کبھی نہیں آسکتا تھا کہ میں ایک ساتھ اتنی غزلیں پوسٹ کرتی ۔ اسکے لئے پہلے تو انکا بہت شکریہ اور پھر باقی تمام سخن شناس و سخن فہم لوگوں کا بہت شکریہ
اور حزیں صدیقی (نانا جی ) کے بارے میں کیا کہوں کہ وہ تو ہماری امی کے ماموں تھے تو ہمارے نانا ہوئے ، ویسے وہ ملتان میں رہائش پذیر تھے اور ان سے ہماری کبھی روبرو ملاقات نہ ہوسکی کہ وہ کبھی کراچی نہ آسکے اور ہم ملتان نہ جاسکے ، اسکا افسوس مجھے زندگی بھر رہے گا کہ میں ان سے کبھی مل نہ سکی ۔ لیکن انکی شاعری پڑھ کر مجھے بہت روحانی سکون ملتا ہے اور یہاں انکی شاعری کو لکھ کر مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ شاید ان سے رشتہ داری کا حق ادا کرسکوں ۔۔۔۔۔۔
آپ نے انکے بارے میں لکھنے کا حکم دیا ہے تو ضرور انکے حالاتِ زندگی لکھوں گی انشاءاللہ
ایک بار پھر تہِ دل سے آپکی مشکور ہوں ، بہت بہت شکریہ
 
Top