شیفتہ شیفتہ ہجر میں تو نالہء شب گیر نہ کھینچ ۔۔۔ نواب مصطفیٰ خان شیفتہ

محمد بلال اعظم

لائبریرین
شیفتہ ہجر میں تو نالہء شب گیر نہ کھینچ
صبح ہونے کی نہیں خجلتِ تاثیر نہ کھینچ

اے ستم گر رگِ جاں میں ہے مری پیوستہ
دم نکل جائے گا سینے سے مرے تیر نہ کھینچ

حور پر بھی کوئی کرتا ہے عمل دنیا میں
رنجِ بے ہودہ بس اے عاملِ تسخیر نہ کھینچ

عشق سے کیا ہے تجھے شکل تری کہتی ہے
حسنِ تقریر کو آہیں دمِ تقریر نہ کھینچ

ہے یہ سامان صفائی کا عدو سے کیوں کر
دستِ مشاطہ سے یوں زلفِ گرہ گیر نہ کھینچ

اے ستم پیشہ کچھ امیدِ تلافی تو رہے
دستِ نازک سے مرے قتل کو شمشیر نہ کھینچ

چارہ گر فکر کر اس میں، کہ مقدر بدلے
ورنہ بے ہودہ اذیت پئے تدبیر نہ کھینچ

کون بے جرم ہے جو شائقِ تعزیر نہیں
شوقِ تعزیر سے تو حسرتِ تقصیر نہ کھینچ

وجد کو زمزمہء مرغِ سحر کافی ہے
شیفتہ نازِ مغنئ و مزامیر نہ کھینچ

(نواب مصطفیٰ خان شیفتہ)

 

طارق شاہ

محفلین
عشق سے کیا ہے تجھے شکل تری کہتی ہے
حُسنِ تقریر کو آہیں دمِ تقریر نہ کھینچ
کیا کہنے صاحب!

عمدہ انتخاب جناب !
بہت سی داد اور تشکّر شیئر کرنے پر
بہت شاداں رہیں
 
کون بے جرم ہے جو شائقِ تعزیر نہیں
شوقِ تعزیر سے تو حسرتِ تقصیر نہ کھینچ۔
بہت خوب غزل ہے بلال میاں ۔۔۔واہ ۔۔غزل کے چند اشعار بہت پہلےنظر سے گزرے تھے آج آپکی بدولت مکمل غزل پڑھنے کا شرف حاصل ہوا ۔۔شکریہ ۔جیتے رہیئے ۔
 

عاطف بٹ

محفلین
اے ستم پیشہ کچھ امیدِ تلافی تو رہے
دستِ نازک سے مرے قتل کو شمشیر نہ کھینچ​
واہ بلال، بہت ہی عمدہ غزل ہے۔
شئیر کرنے کے لئے بہت شکریہ۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
کون بے جرم ہے جو شائقِ تعزیر نہیں
شوقِ تعزیر سے تو حسرتِ تقصیر نہ کھینچ۔
بہت خوب غزل ہے بلال میاں ۔۔۔ واہ ۔۔غزل کے چند اشعار بہت پہلےنظر سے گزرے تھے آج آپکی بدولت مکمل غزل پڑھنے کا شرف حاصل ہوا ۔۔شکریہ ۔جیتے رہیئے ۔

واہ، یہ تو خوشی کی بات ہے پھر۔
انتخاب پسند کرنے کا شکریہ۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین

فرخ منظور

لائبریرین
اچھا تو یہ پیج آپ کا ہے۔
بہت زبردست پیج ہے۔
تبھی میں بھی کہوں کہ جو بھی غزل مجھے پسند آتی ہے، وہ پہلے ہی سے آپ نے شئیر کی ہوتی ہے۔
زبردست، فرخ سر۔
بیحد زبردست کام۔

شکریہ بلال صاحب! فیس بک پر سات عدد پیجز چلا رہا ہوں۔
1- اردو کلاسیکی شاعری
2- ن م راشد
3- مرزا غالب
4- فیض احمد فیض
5- صوفی تبسّم
6- مصطفیٰ زیدی
7- مجید لاہوری
 
Top