طوافِ شہر ناپُرساں میں اپنا دن گُزرتا ہے --- اسلام عظمیؔ

صائمہ شاہ

محفلین
طوافِ شہر ناپُرساں میں اپنا دن گُزرتا ہے
کہیں دیوار آتی ہے، نہ کوئی دَر نکلتا ہے

مگر اِک فاصلہ اوّل سے آخر تک برابر ہے
نہ ہم منزل بدلتے ہیں، نہ وہ رَستہ بدلتا ہے

ہماری بیشتر باتیں، فقط محدود ہم تک ہیں
گُزر جاتی ہے جب اِک عمر، تب یہ بھید کُھلتا ہے

بہت موہوم سی آہٹ، بہت مدھم کوئی جذبہ
ہمارے ساتھ چلتا ہے، ہمارے ساتھ رہتا ہے

وہ لفظوں اور جذبوں کی رفاقت کا نہیں قائل
جہاں چاہے، کہانی کا تسلسل توڑ دیتا ہے

کسی پر بھی نہیں موقوف اس کی رونقیں لوگو
یہ صحرا ہے، اُجڑ بھی جائے تو آباد رہتا ہے

خیال دوستاں ہو یا ہجوم گُل رُخاں عظمیؔ
ذرا سی روشنی یا تھوڑی خُوشبو چھوڑ جاتا ہے
 

طارق شاہ

محفلین
خیالِ دوستاں ہو یا ہجومِ گُل رُخاں عظمیؔ
ذرا سی روشنی یا تھوڑی خُوشبو چھوڑ جاتا ہے
کیا کہنے صاحب

شاہ صاحبہ ایک بہت اچھی غزل کے انتخاب اور پیشکش پربہت سی داد قبول کیجئے
تشکّر
بہت شادماں رہیں
 
Top