عظمتِ قرآن از آفاق صدیقی

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
عظمتِ قُرآن



نُورِ وحدت کا ہے گھر قرآن میں
کُھل گئے رحمت کے در قرآن میں​

خود ہی فرما دی بیاں اللہ نے
عظمتِ خیر البشر قرآن میں​

فیض ختم المرسلیں کی مدحتیں
جا بجا ہیں جلوہ گر قرآن میں​

معجزہ ہے معنی و الفاظ کا
ہر پیامِ معتبر قرآن میں​

آگیا تہذیبِ انساں کا سفر
منزلِ مقصود پر قرآن میں​

علم و حکمت کی اچھوتی وسعتیں
پا رہے ہیں دیدہ ور قرآن میں​

عام ہے اہلِ بصیرت کے لئے
راحتِ قلب و نظر قرآن میں​

سنگ و آہن موم ہو کر ہی رہے
ہے کچھ ایسا بھی اثر قرآن میں​

اپنی ہر مشکل کا حل موجود ہے
ڈھونڈنا چاہیں اگر قرآن میں​

کیوں نہ ہو آفاق یہ اُم الکتاب
ہے دو عالم کی خبر قرآن میں​


کلام : آفاق صدیقی​
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم

آپ سب کے کلمات کے اصل حقدار تو صاحبِ کلام ہی ہیں جنہوں نے اسے موزوں کیا ، البتہ مجھے خوشی ہے کہ عظمتِ قرآن بزبانِ دیگر ہی سہی مجھے یہاں پیش کرنے کی سعادت ملی ۔ آپ سب کا بے حد شکریہ !
 
Top