علوی نستعلیق ۔ ایک نئے دور کی ابتداء

علوی امجد

محفلین
title2.jpg


کاروانِ عہد​
"طلوع اردو"​

فاروق سرور خان
23 مارچ 1988
یونیورسٹی آف سنسناٹی میں 1981 کے پہلے کوارٹر کے دوران میں نے انٹر ایکٹیو کمپیوٹر گرافکس کے آخری ٹیسٹ کے لئے ڈاکٹر برگس نے کلاس کو اپنی پسند سے کسی بھی ممکنہ تصویر، آؤٹ لائین ، سکائی لائین یا کسی بھی قسم کے شیپ کو فارمولوں اور پروگرامز کی مدد سے کمپیوٹر، گرافکس ٹرمینل اور پلاٹر کی مدد سے ڈرائنگ کرنے کے لیئے کہا۔ پلاٹر پر پلاٹ کرنا تو شاید ایک آسان کام ہوتا، لیکن اس سے بھی مشکل کام یہ تھا کہ کیا بنایا جائے۔ مجھے خیال آیا کہ اردو کے حروف تہجی الف سے یے تک لکھتا ہوں۔ ان کو کروی لینئیر فارمولوں میں بیزئیر قوسوں کی مدد سے بناتا ہوں، بچپن کا تختی لکھنا کام آیا، پہلے حروف ہاتھ سے لکھے اور پھر ان کو قوسوں اور لکیروں کی شکل دی، بیزئیر اوزان لگائے اور چند دنوں میں صرف آؤٹ‌لائین والے اور بھرے ہوئے دونوں طرح کے کوئی 36 حروف میرے سامنے تھے۔ جو میں نے کسی خواب و خیال کے بغیر اپنے اسائنمنٹ کے لئے جمع کرادئیے۔ کوارٹر کے آخری دن، حسب عادت و دستور، ڈاکٹر برگس نے طالب علموں کے نام لے کر ان کے اسائنمنٹ واپس کرنے شروع کئے۔ میرا نام پکارا مسٹر خان! میں اٹھ کر چلا تو اسی دوران اس نے میرا جمع کیا ہوا کام ساری کلاس کو دکھاتے ہوئے کہا ،--- بہترین کام، میری بیوی کو یہ یورڈو کیریکٹرز بہت پسند آئے۔ ---
ستاروں‌ بھری آنکھوں نے بڑا سا A بہت بعد میں دیکھا اور اردو کو جدید ٹیکنالوجی کے آسمان پر طلوع ہوتے ہوئے پہلے دیکھا! یہ اسی وعدہ کی تکمیل کا دن ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ وہ دن دور نہیں، جب آپ کے اردو پیغامات الیکترونی مواصلاتی نظام سے گذرتے ہوئے آپ تک پہنچیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقت میں مجھ سے بہتر، ذہین اور محنتی برادران اس کام کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

۲ نومبر ۲۰۰۸ء
ہاں!۔۔۔ یہ فاروق سرور خان کے دیکھے ہوئے خواب کی تکمیل کا ایک اور عہد ساز دن ہے۔ شائد اس بار تقدیر کےپرندے کو میرے سر پر متمکن ہونا تھاتاکہ یہ عظیم خدمت میرے ہاتھوں سے انجام پا سکے۔ لیکن ۔۔۔یہ تو اس کارواں کا ایک عارضی پڑاؤ ہے ۔۔۔۔۔آگے ہر قدم ۔۔۔ہر گام پر ۔۔نئی منزلوں ۔۔۔ نئے راستوں پر یہ کارواں اپنی فتوحات کا جھنڈا گاڑتا چلا جائے گا۔ہم ہوں نہ ہوں ہمارے بعد کتنے اور لوگ اس عہد کو نبھانے کا عزم لے کر اس کارواں کے ہم رکاب بنتے رھیں گے اوریوںمرزا جمیل احمد کا چلایاہوا یہ کاروانِ عہد ہر دور میں اپنی منزل کی طرف اسی شان سے رواں دواں رہے گا۔ آج اسی کارواں کے ایک ادنی ٰمسافر کی حیثیت سے میں اسی عزم کوپھر دوہرانے کی سعادت حاصل کروں گا کہ ٹیکنالوجی کا آسمان جتنا بھی بلند کیوں نہ ہوتا جائے ہم اس پر اپنی قومی زبان کے ستارے کو ہمیشہ چمکتا دمکتا اور سب سے روشن دیکھنا چاہیں گے۔ ہمارے ارادے جوان ہیں اور نگاہیں آسمان پر ہیں یہی تو اس قوم کی خاصیت ہے۔

آج کا دن فاروق سرور خان کے نام جن کی وطن سے محبت اور خلوص سے مجھے اور میرے جیسے نمعلوم کتنے اور لوگوں کو ایک جذبہ اور جدوجہد کا ولولہ ملا اوریقیناًملتا رہے گا۔ یوں یہ سلسلہ قائم و دائم ہے ۔

اس فانٹ کی تیاری میں محترم شاکر القادری صاحب کی ہرلمحہ کی حوصلہ افزائی کا بے انتہا شکر گذار ہوں۔ جنہوں نے اپنی قیمتی وقت اور پرخلوص دعاوں سے ہر ممکنہ مشاورت دی۔ اسی طرح القلم فورم کو سالگر ہ کی مبارکباد دینا بھی اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ جس پر مجھے بہت زیادہ اپنائیت ملی۔ اتنا خلوص اور محبت تو میرے جیسے کم مایہ انسان کی توقعات کی بلندیوں سے بھی بہت بڑھ کر ہے۔ اللہ آپ ساتھیوں کو کو ترقی و عظمت سے نوازے۔

اور اب شائد آپ شدت سے اس گھڑی کے انتظار میں ہوں گے جب علوی نستعلیق آپ کے ہاتھوں میں ہو تو میرے خیال میں وہ لمحہ اب آگیا ہے میں آپ کے اور علوی نستعلیق کے درمیان مزید حائل نہیں ہونا چاہتا۔ یہ اب آپ کی دسترس میں ہے۔ آپ اس کے سکرین شارٹس سے بخوبی آشنا ہیں۔ اس لئے مزید کسی سکرین شارٹس کی ضرورت نہیں۔ یہ فانٹ اپنے آپ کو خود منوانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فانٹ کا لنک درج ذیل ہے۔


http://www.urdushare.net/alvi/Alvi_Nastaleeq_1_0_0.zip

ایک تخلیق کار کی حیثیت سے میں ہر لمحہ اس میں تبدیلی کا خواہش مند رہا۔ اور ابھی بھی اس سے مطمئن نہیں۔ آپ بھی اس کو استعمال کرنے کے بعد شائد اس میں بے شمار چیزوں کی توقع رکھیں لیکن پھر بھی ہر ممکن سعی کی گئی ہے کہ یہ فانٹ کسی موڑ پر ناکام نظر نہ آئے۔ سب سے دشوار منزل ایک کیریکٹر بیسڈ فانٹ کی تکمیل تھی۔ جو نستعلیقی خوبصورتی کی حامل بھی ہو اور اس کی رفتار کو متاثر بھی نہ کرے۔ جیسا کہ ماضی میں مختلف دوستوں کی انتہائی محنت سے بنائے گئے فانٹس میں نظر آتا تھا۔یہ دشوار مرحلہ بھی صدف سافٹ وئیر کے خط رعنا کی مدد سے کسی نہ کسی طرح طے ہوا جس کے بعد مزید مشکل مرحلہ اس فانٹ کے اندر لیگیچرز کی شمولیت تھی ۔ یہ صحیح معنوں میں ایک محنت طلب اور تھکا دینے والے کام تھا جس کے دوران کئی بار ہمت جواب دے جاتی لیکن خدا معلوم وہ کون سی طاقت تھی جو میرے عزم اور حوصلے کو پھر سے تازہ دم کردیتی اور اگلے لمحے میں اس پر پھر سے کام شروع کردیتا۔ میری VBA کی پروگرامنگ کی پریکٹس نے مجھے اس کام میں بہت مدد دی۔ جس سےلیگیچرز کے لک اپس تیار ہوئے۔ لیگیچرز کی شمولیت نے فانٹ کی سپیڈ کو مزید بڑھا دیا۔ اس کی رفتار کا مشاہدہ آپ اس فانٹ کو دیگر فانٹس سے موازنہ کرکے بخوبی اندازہ کرسکتے ہیں۔ یہی رفتار اس کو ویب پر بھی ممتاز بناتی ہے اگرچہ اس فانٹ کی بنیاد ویب کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر نہیں کی گئی تھی اس لئے اس حوالے سے اس میں کافی تشنگی رہ گئی لیکن یہ پھر میری توقع سے بہتر رزلٹ دے رہا ہے۔مزید برآں لینکس سے عدم واقفیت اور عدم استعمال کی وجہ سے مجھے اس کا لینکس پر رزلٹ کا اندازہ نہیں اس کے بارے میں آپ لوگ بہتر رائے دے سکتے ہیں۔

بہرحال یہ اردو فانٹس کے حوالے سے یک نئے دور کی ابتداء ہے ۔اس کی خامیوں کو دیکھنے سے قبل اس کی خوبیاں ضرور دیکھئے گا۔ میری کوشش ہوگی کہ اگلے ورژنوں میں اس کے اندر پائی جانے والی تمام خامیوں کو درست کردیا جائے۔ انشاء اللہ۔

اس فانٹ کوصرف اور صرف ترویج و ترقی ٔاردو کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بلاقیمت دیا جارہا ہے۔ یہ کوئی کمرشل پراڈکٹ نہیں ہے۔ اس لئے اس کا کسی بھی کاروباری حوالے سے استعمال قطعا ممنوع ہے اور ایسے کسی بھی استعمال کے لئے اس کے تخلیق کار سے قبل ازیں اجازت لیناضروری ہے۔ شکریہ۔

اور ایک آخری بات کہ فانٹ کا نام عین آخری لمحات میں تھوڑا سا بدل کر Alvi Nastaleeq v1.0.0 رکھ دیا گیا اس لئے اگر القلم اور اردو محفل کے فورم میں موجود سٹائل شیٹ میں فانٹ کے نام کو ٹھیک کرلیا جائے تو شائد فورم کے ساتھیوں میں سے کسی کو زحمت نہ ہو۔
 

arifkarim

معطل
انتظار کی گھڑیاں ختم، علوی نستعلیق کی اس شاندار ریلیز پر میری طرف سے سب کو دلی مبارک باد!
 

وجی

لائبریرین
علوی صاحب کیا بات ہے بہت خوب کمال کردیا آپ نے
ماشاءاللہ
اللہ جزائے خیر دے آپکو آمین
 

منہاجین

محفلین
اردو کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل عبور ہوا. الحمد للہ
محترم علوی صاحب کو ڈھیروں مبارکباد
سردست ملاحظہ ہو: قرآن مجید کا اردو ترجمہ عرفان القرآن علوی نستعلیق میں
قرآن مجید کی طویل ترین سورہ بقرہ کا طویل صفحہ بھی پروسسنگ میں وقت نہیں‌لگا رہا.
میں اپنی تمام اردو ویب سائٹس پر علوی نستعلیق مہیا کرنے جا رہا ہوں. اور یہ فرض‌ ہم سب کو جلد پورا کرنا چاہیئے.
 

جہانزیب

محفلین
اوبنٹو پر چیک کرنے سے ماشاللہ فانٹ‌ نہایت پیارا دکھائی دیتا ہے، لیکن چند ایک الفاظ‌ آپس میں‌ گڈ‌ مڈ‌ ہو رہے ہیں، ذیل میں‌ عکس ملاحظہ فرمائیں‌ ۔

o
 

باسم

محفلین
بھئی بہت بہت مبارکباد ان تمام حضرات کو جو اس شاندار فونٹ کی تشکیل میں کسی بھی طرح معاون رہے
واقعی اب ان پیج کی ضرورت ہی نہیں رہے گی، فونٹ ویب پر بھی دوڑ رہا ہے لنک درست دکھا رہا ہے
اور تعارفی تحریر بھی بہت خوب ہے۔
 

علوی امجد

محفلین
میرے خیال میں نون غنہ کی ابتدائی شکل نہیں ہوتی۔ اس لئے میں اس کی سپورٹ مہیا نہیں کی۔آپ اس کو ن سے لکھ لیں۔ آنحضرت
 
میں نے اسے سمت کے تازہ شمارے جس کہ ابھی اجرا نہیں ہوا میں استعمال کر کے دیکھا۔ الحد للہ سب کچھ بخیر ہے بس فائرفاکس 3 میں ایک سطر میں کوئی انگریزی فقرہ تھا اس کے ٹھیک نیچے والی سطر اپنے اصلی مقام سے ایک سطر نیچے کسک جا رہی ہے اور یوں نچلی سطر کے ساتھ گڈ مڈ ہو رہی ہے۔ پر یہ مسئلہ انٹرنیٹ ایکسپلورر میں نہیں دکھا۔

اگر ممکن ہو تو ایک عدد بگ ٹریکنگ کا دھاگہ کھول لیتے ہیں۔
 

علوی امجد

محفلین
اوبنٹو پر چیک کرنے سے ماشاللہ فانٹ‌ نہایت پیارا دکھائی دیتا ہے، لیکن چند ایک الفاظ‌ آپس میں‌ گڈ‌ مڈ‌ ہو رہے ہیں، ذیل میں‌ عکس ملاحظہ فرمائیں‌ ۔

o

میرے پاس چونکہ لینکس نہیں ہے اس لئے مجھے اس کے رزلٹ کا کچھ پتہ نہیں تھا۔ آپ کے پاس صرف ایک "د اور ر" کا ٹیبل مسئلہ دے رہا ہے۔ اور مجھے اس کا اندازہ بھی ہے کہ وہ کیوں ایسا دے رہا ہے۔ انشاءاللھ میں اس کو ٹھیک کرکے اپ لوڈ کردوں‌گا۔
 

گل خان

محفلین
علوی امجد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بھائی ۔۔۔ جزاک اللہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بہت خوب۔۔۔اللہ تعالٰی آپ کو مزید ترقی عطا فرمائے------آمین۔۔۔۔۔۔۔۔
 

جہانزیب

محفلین
میرے پاس چونکہ لینکس نہیں ہے اس لئے مجھے اس کے رزلٹ کا کچھ پتہ نہیں تھا۔ آپ کے پاس صرف ایک "د اور ر" کا ٹیبل مسئلہ دے رہا ہے۔ اور مجھے اس کا اندازہ بھی ہے کہ وہ کیوں ایسا دے رہا ہے۔ انشاءاللھ میں اس کو ٹھیک کرکے اپ لوڈ کردوں‌گا۔

مجموعی طور پر اوبنٹو پر فانٹ‌ سے میں نہایت مطمعن ہوں، اوبنٹو پر اس سے پہلے صرف فجر نوری نستعلیق ہی درست کام کرتا تھا، لیکن فجر نوری نستعلیق میں‌ الفاظ‌ اور سطروں‌ کا آپس فاصلہ نہایت غیر فطری تھا، جو کہ علوی نستعلیق میں‌ نہیں‌ ہے، جو چند ایک الفاظ‌ گڈ‌ مڈ‌ ہو رہے ہیں‌ انشاللہ ان پر بھی جلد ہی قابو پا لیا جائے گا، میری طرف سے نہایت اعلی فانٹ‌ تیار کرنے پر دلی طور پر امجد علوی صاحب کو بہت بہت مبارک باد ہو ۔
دوسری بات میں‌ اس فانٹ‌ کو اپنی ویب سائٹ‌ کے ڈاؤنلوڈ‌ سیکشن میں رکھنا چاہتا ہوں، کیا آپ کی طرف سے اس کی اجازت ہے؟:mrgreen:
 
Top