کراچی اور حیدر آباد میں انتخابی ڈھونگ عوام سے سنگین مذاق ہے، معراج الہدیٰ
پاکستان | May 12, 2013
کراچی (وقائع نگار)جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کراچی میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے،خون خرابہ سے بچنے کیلیے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں بات چیت کے دوران کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی تمام تحفظات اور احتجاج کے باوجود جمہوریت پر یقین رکھتے ہوئے انتخابات کے عمل میں شامل ہوئی مگر بدقسمتی سے 11مئی کو الیکشن کے نام پرجس طرح ڈھونگ ہوا ہے وہ کراچی وحیدرآباد کے عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں تحریک انصاف نے قوم کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہا کہ مثبت تبدیلی کیلیے مثبت قوتوں کے ساتھ جماعت اسلامی مل کر چلنے کیلیے تیار ہے۔ کراچی میں بدترین دھاندلی کیخلاف اور کراچی کو یرغمال قوتوں سے نجات دلانے کیلیے دیگر تمام جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ پرامن آئینی وقانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو آزادانہ طور پر اپنی رائے دینے کا حق دیا جائے، صاف وشفاف انتخابات کے نتیجے میں جو بھی پارٹی جیتے جماعت اسلامی اس کا بھرپور خیرمقدم کرے گی۔