اس سے بحث نہیں کہ وہ نور ہیں یا وجہہ وجود کائنات ، اسے عید کہنا درست ہے یا غلط ، اس کا منانا حکم ہے یا بدعت ۔ اپنے عقائد کا جواب تو بہرحال دینا ہے اور سب نے دینا ہے ۔ مگر اس میں بھلا کیا شبہ کہ رحمت اللعلمین کی پیدائش کا یہ دن مبارک ہے ۔ مگر میری بڑی خواہش رہی کہ بجائے یہ کہ اس دن ہم چراغاں کر کے یا جلسے جلوسوں میں شریک ہونے کے کہ بجلی اور امن و امان کی صورتحال سب پر واضح ہے ، رسول اللہ کی شاندار تعلیمات پر عمل پیرا ہوں ۔
مثلاٌہزاروں لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلیں گے اور صبح سے شام تک نعرے لگائیں گے یہاں سے وہاں سفر کریں گے اور بالاخر تھکے ماندے گھر پہنچیں گے ۔ اسی تھکاوٹ کو ، اسی سفر کو ، اسی آواز کو آپ کی تعلیمات کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ، جیسے یہ مجمعے ، یہ گروہ اس دن اپنے اپنے علاقے میں راستوں کو صاف کریں کہ یہ سنت نبوی ہے ، مریضوں کی عیادت کو جائیں کہ سنت نبوی ہے ، ناراضوں کو راضی کریں کہ سنت نبوی ہے اور ایسے ہی بے شمار کام ، تو یہ جشن رسول اللہ کی تعلیمات کے عین مطابق ہو گا اور صحیح معنوں میں ہم اپنے نبی آخرالزماں سے محبت کا حق ادا کر سکیں گے
یہ خوشی کا دن سب کو مبارک ہو ، چاہے وہ اسی تاریخ کو یہ دن سمجھتے ہیں یا اس سے قبل کسی تاریخ کو ، مگر مجھ ناچیز کی رائے پر غور ضرور فرمائیے گا اور عمل پیرا ہوئیے گا شاید ہمارا یہ عمل اس جھگڑے کو دور کرنے کا سبب بھی ہو جس کے باعث کئی جانیں ضائع ہو چکیں ۔ ۔
وسلام