مرزا غالب اور جون ایلیا کا تقابل کئی لحاظ سے بے معنی ہے۔ دور مختلف، لہجہ مختلف، زبان مختلف۔ بہتر ہو گا کہ جون ایلیا کا تقابل ان کے دور کے شعراء کے ساتھ ہی کیا جائے۔ جون ایلیا بیسویں صدی کے اردو شعراء میں ایک اہم نام ہیں۔ مرزا غالب تو بہرصورت اردو کے غالباََ سب سے قدآور شاعر ہیں یا کم از کم پہلے تین بڑے شعراء کی فہرست میں تو شامل ہیں ہی۔
جون ایلیا کی شاعری اپنے منفرد لب و لہجے کے باعث خاص و عام میں مقبول ہے تاہم ان کی شاعری میں فکری عنصر اور بلند خیالی کافی حد تک مفقود ہے تاہم اُن کی شاعری سے حظ ضرور اٹھایا جا سکتا ہے۔ جون ایلیا کی شخصیت پورے تہذیبی رچاؤ کے ساتھ ہمارے درمیان موجود رہی ہے اور ان کی شخصیت کئی حوالوں سے انفرادیت کی حامل بھی رہی جس کے اثرات ان کی شاعری پر بھی پڑے ہیں۔ جو سچ پوچھیں تو ہمارے لیے جون ایلیا کو نظرانداز کرنا بہت مشکل ہے۔ کئی بار یوٹیوب پر ان کے مشاعروں کی ویڈیوز دیکھی ہیں اور ہر بار الگ ہی لطف ملا ہے۔