مقدس
لائبریرین
غالب کی دلی
جناب پرنسپل مشتاق احمد صاحب دہلوی
قسط نمبر 1
غالب نے دلی کے تین زمانے دیکھے۔ ایک وہ زمانہ تھا کہ دلی کا سہاگ تھا اور اس کا تاجدار خاندان تیموریہ کا آخری چراغ اپنی ناز و نعم میں پلی ہوئی دلی کی رعایا کو آغوش پدری میں لیے تمام آفات دہر سے بچائے تخت خلافت پر جلوہ افروز تھا۔ شہر مالامال اور اہل شہر خوشحال تھے۔ دن عید تھا اور رات شب برات تھی۔ ہر تہوار خوشی کا ایک بہانہ ہوتا تھا۔ شب و روز میلے رہتے تھے۔ بیاہ شادی، رسم رسوم کی دھوم دھام، دولت و حشمت کے اظہار کا اور روپیہ خرچ کرنے کا ذریعہ تھا۔ علم و ہنر کی قدر تھی۔ شعر و شاعری کے چرچے تھے۔ فن سپہ گری کا زور تھا۔ بزرگان دین کی دلوں میں عظمت تھی۔ خدا کا خوف تھا اور مذہب کی پابندی۔ خود حضرت ظل سبحانی صوم و صلوۃ کے پابند تھے اور زبدہ الواصلین قدوہ السالکین حضرت شاہ غلام نصیر الدین عرف میاں کالے صاحب کے مرید تھے۔ اور بارہا حضور پر نور قطب الاقطاب کے مزار کی زیارت کے لئے حاضر ہوتے تھے۔ غرض یہ کہ اس زمانے کی دلی میں امن و سکون اس درجہ میسر تھا کہ اس کا رد عمل اس ہنگامہ جہاں سوز میں رونما ہوا جس کو آنریبل جان کمپنی نے غدر کے نام سے مشہور کیا ہے۔ یہ وہ دوسرا زمانہ تھا جو غالب نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ جب دلی کا سہاگ لٹا اور یہ بیوہ دشمن کے آتش غیض و غضب کی چتا پر بیٹھ کر ستی ہو گئی اور آگ کا ڈھیر بن کر رہ گئی۔ اور دلی والے پروانہ دار اپنے تاجدار پر نثار ہو گئے اور داد مردانگی دے کر ہمیشہ کے لیے گنج شہیداں میں جا سوئے۔ غالب نے دلی کا تیسرا دور وہ دیکھا جب مسلمانوں کے بادشاہت کا خاتمہ ہو کر ہندوستان پر مشرقی حکومت کی جگہ مغربی حکومت کا تسلط ہوا اور مشرقی تہذیب و تمدن کی تخریب کا بیج بویا گیا۔
جب تک بہادر شاہ کی بادشاہت رہی، دلی اس تہذیب و تمدن اور علم و کمال کی حامل رہی جس کو مغلوں، ترکوں، ایرانیوں اور ہندیوں کے باہمی میل جول اور محبت و آشتی کا نتیجہ سمجھنا چاہیے۔ دلی کا شہر نہ صرف دارلحکومت ہونے کی وجہ سے بلکہ اپنی عمارات کی خوبصورتی، بازاروں کی فراخی اور وسط اور باغات کی کثرت کی وجہ سے تمام ہندوستان میں کیا بلکہ کسی زمانہ میں تمام دنیا میں اپنا جواب نہ رکھتا تھا۔ بہادر شاہ کے زمانہ میں بھی چاندنی چوک کی خوبصورتی میں کوئی فرق نہ آیا تھا۔ بازار کے بیچوں بیچ ایک نہر رواں تھی اور جس جگہ اب گھنٹے گھر ہے یہاں ایک حوض تھا۔ اس حوض کے سامنے جہاں اب کپڑے والوں کی دکانیں اور نئی سڑک ہے ایک بہت بڑی سرائے تھی۔ اسی طرح قلعہ کے سامنے جہاں اب گھاس کے میدان اور پریڈ گراونڈ ہیں یہاں تمام آبادی تھی۔ اور تمام امراء اور وزراء اور قلعہ کے متوسلین کے یہاں محلات و حویلیاں اور مکان تھے اور اسی جگہ خانم کا بازار۔ خاص بازار اور اردو بازار تھے۔ ان میں سے خانم کا بازار دلی کے سب بازاروں سے زیادہ رونق کا بازار تھا۔ خاص بازار، فیض بازار اور قلعہ کے درمیان تھا اور اردو بازار قلعہ اور خونی دروازے کے درمیان تھا۔ جس طرح فیض بازار میں پہلے ایک پتلی سی نہر تھی اسی چادڑی بازار میں سے گزر کر قاضی کے حوض تک اور وہاں سے لال کنوئیں ہوتی ہوئی فتح پوری تک وہ نہر گشت کرتی تھی۔ مغل بادشاہوں نے ہندوستان کے گرم شہروں کی تمازت کو دور کرنے کے لئے نہ صرف اپنے محلات اور قلعہ میں بلکہ شہر کے بازاروں اور باغوں میں بھی نہروں کا انتظام کیا تھا اور جا بجا کثرت سے باغات لگائے تھے۔ دلی کے تر پولئے دروازے تک اور اس کے باہر کوسوں تک باغ ہی باغ تھے۔ جن میں سے صرف روشن آرا باغ باقی ہے اور سب دست برد زمانہ کے ہاتھوں غارت ہوگئے۔ محلدار خاں کا دروازہ ابھی تک باقی ہے۔ شورے کی کوٹھی والا باغ عمارات کی نذر ہو گیا۔ شہر میں بڑے بڑے عالیشان محل اور حویلیاں تھیں جن میں اب ایک ایک محلہ آباد ہے اور اب اس محل کے نام پر محلے کا نام ہے۔ جیسے رنگ محل، نواب وزیر کی حویلی، حویلی علی قلی خاں وغیرہ وغیرہ۔ ان حویلیوں میں دالان در دلان، صحن چبوترہ ہوتا تھا۔ چبوترے پر شہ نشین اور بعض حویلیوں میں اندر کے دالان کے پیچھے ہی شہ نشین یا غلام گردش ہوتی تھی۔ صحن میں چھوٹا سا چمن اور اس کے بیچ میں ایک مستطیل حوض ہوتا تھا جس میں فوارے چلتے رہتے تھے۔ اب بھی بعض ساہوکاروں کے قبضے میں ایسی حویلیاں ہیں جو انہوں نے نیلامی میں لیں یا قرض کے عوض میں حاصل کیں۔
غالب کا اپنا لباس تو ان کی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے جس کی خصوصیت ان کی کلاہ پا پاخ ہے۔ لیکن عام طور پر مسلمانوں کے لباس میں جو گوشیہ ٹوپی تھی جسے کلاہ تتری کہا جاتا تھا۔ اس کے چار پہل یا آٹھ پہل ہوتے تھے۔ اور اس کی شکل کمرک کی سی ہوتی تھی۔ اب بھی بعض خاندانوں میں اس کا رواج ہے اور بچوں کے لیے تو عام طور پر استعمال ہوتی ہے، اس کے نیچے کی گوٹ میں پتلی لیس اور گوشوں کے کنارے پر قیطون لگایا جاتا تھا۔ شوقین لوگ سلمے ستارے کے کام بھی کراتے تھے اور بادشاہ سلامت
کی ٹوپی میں موتی اور جواہرات بھی ٹکے ہوتے تھے۔ دلی کی آبادی دو قسم کی تھی۔ قلعے والے اور شہر والے۔ قلعہ والے ٹوپی کے پاکہوں کو کھڑا رکھتے تھے، شہر والے دبا لیتے تھے۔ اس کے علاوہ ایک ٹوپی پچ گوشیہ کہلاتی تھی۔ چند دے پرسے یہ ٹوپی گنبد کی شکل ہوتی تھی اور اس کے گوشے فصیل کے کناروں کی طرح کھڑے رہتے تھے۔ ان کی ٹوپی عرق چیں کہلاتی تھی جس کے چند دے میں چ ٹ دے کر گول گتا لگا لیا جاتا ہے۔ یہ ٹوپی بھی بعض خاندانوں میں اب تک استعمال ہو رہی ہے۔ عوام میں دو پلڑی اور گول چندوے کی ٹوپی كا بہت رواج تھا اور اب تک بھی ہے۔ دلی والے دو پلڑی ٹوپی کو سر پر منڈھ لیتے ہیں۔ لکھنو والے ادہر رکھتے ہیں۔ گول چند دے کی ٹوپی سادی اور سوتی کے یا فیتے کے کام کی ہوتی ہے، جس کا استعمال اب بھی عام ہے۔
لباس میں کرتے پاجامے کے اوپر انگرکھا استعمال ہوتا تھا۔ یہ پرانا ہندی لباس ہے۔
ہندی اونچا انگرکھا جو پیٹ سے ذرا نیچے تک آئے پہنتے تھے۔ بعد کے لوگوں نے اسے نیچا کر کے ٹخنے یا آدھی پنڈلی تک پہنچا دیا۔ قلعے والے اس پر خفتان پہنتے تھے جو جامے داز یا مخمل کی ہوتی تھی۔ زیادہ سردی میں حاشے پر سمور۔ ویسے پتی لیس لگا لیتے تھے۔ سینے کے قریب گھنڈی تکمے ہوتے تھے۔ جس کو عاشق معشوق یا چشمے بھی کہتے تھے۔ عام لوگ اسے نیم آستین کہتے ہیں اور گاوں والے کمری کہتے ہیں۔ کیونکہ اس کی آستینیں کہنی سے اونچی ہوتی تھیں تاکہ وضو میں سہولت رہے اور اس کی لمبائی کمر تک ہوتی تھی اس لیے اس کا نام کمری پڑ گیا۔ بعض لوگ سینہ کھلا رکھتے تھے اور اسے شیروانی کہا جاتا تھا۔ چیکن یا اچکن کا رواج بعد میں ہوا۔ عمر رسیده اور کمزور لوگ زیادہ سردی میں انگرکھے کے اوپر چکور شالی رومال کو سموسہ کر کے سر پر اور پیٹھ پر ڈال لیتے تھے۔ اس رومال کا نام بھی عرق چیں تھا۔ اسی طرح کمر میں بنی کر کے رومال لپیٹنے کا بھی رواج تھا۔ پاجامہ ہمیشہ قیمتی کپڑے کا ہوتا تھا۔ جیسے گلبدن، غلطہ مشروع، موٹرا، اطلس یا گورنٹ۔ پرانی وضع کے لوگ عام طور پر ایک بڑا یعنی ڈھیلا پاجامہ پہنتے تھے۔ شوقین لوگوں نے تنگ موری کا پاجامہ پہننا شروع کردیا تھا مگر ثقہ لوگ اسے پسند نہ کرتے تھے۔ چوبدار سبز کھڑکی دار پگڑیاں جو مرہٹوں کا لباس ہے، پہنتے تھے۔ نیچی نیچی بانات کی چکن یا اچکنیں پہنتے تھے۔ کمر میں سرخ شالی رومال لپیٹتے تھے۔ ان کے ہاتھوں میں گنگا جمنی عصا اور مورچہل ہوتے تھے۔ پاوں میں شرفا زیادہ گھیتلی جوتی استعمال کر تے تھے جو آج کل کے سلیپر کی طرح ہوتی تھی۔ مگر اس کی چونچ نہیں ہوتی تھی۔ وہ ذرا اوپر کو مڑی ہوئی ہوتی تھی۔ گزشتہ بیس سال تک گھیتلی جوتی دلہنوں کرتی لیے استعمال کی جاتی تھی۔ سلیم شاہی جوتی یعنی پتلی چوبچ والی جوتی کا فیشن شروع ہو گیا تھا مگر کم استعمال ہوتی تھی۔ ہاتھ میں بانس کی لکڑی رکھنے کا بہت فئشن تھا۔ اور کندھے پر گز بھر لٹھے کا چوکور رومال پڑا ہوتا تھا۔ ان بانس کی لکڑیوں کی خصوصیت یہ تھی کہ لمبی پور کا
ٹھوس پتلا مگر بھاری بانس لیا جاتا تھا اسے تیل پلا کر مہندی لگا کر دہوئیں میں لٹکا دیتے تھے تاکہ رنگ سیاہی مائل ہو جائے ہر گانٹھ پر تار باندھتے تھے۔ اگر بانس کھوکھلا ہو تو اسے سیسہ پلاتے تھے۔ یہ سب محنت اس لئے کی جاتی تھی کہ جس طرح آج کل لوگ ٹینس کرکٹ کھیلتے ہیں اور ان کے بلے احتیاط سے رکھتے ہیں اس طرح اس زمانے میں بانک، بنوٹ وغیرہ لکڑکی کے کرتب کا فیشن تھا اور اسے ورزش اور اپنی حفاظت کا ذریعہ سمجھا جاتا تھا۔
دومتہ الکبریٰ کے باشندوں کی طرح دلی والے بھی سیر تماشے اور میلے ٹھیلے کے بہت شوقین تھے۔ زندگی کی ضروریات بہ آسانی مہیا ہو جاتی تھیں۔ ہر چیز سستی تھی حتی کہ گرانی اور قحط کے زمانے میں جو اشیاء خوردنی کا بہاؤ تھا اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ آج کل کے سستے سمے میں نہیں ہے۔ چنانچہ گرانی کی شکایت کرتے ہوئے غالب لکھتے ہیں۔ "غلہ گراں ہے، موت ارزاں ہے، ماش کی دال آٹھ سیر، باجرہ بارہ سیر گیہوں تیرہ سیر، چنے سولہ سیر، گھی ڈیڑھ سر۔" اس وقت ہر چیز اس سے زیادہ گراں ہے اور ہم گرانی کو محسوس نہیں کرتے۔ کیونکہ اس کے عادی ہو گئے ہیں۔ اس زمانے میں ہر چیز سستی ہونے کی وجہ سے دولت کی افراط کے باعث سوائے دل بہلانے کے لوگوں کو اور کوئی کام نہ تھا۔ چنانچہ مہینے میں تیس دن اور ےیس میلے ہوتے تھے۔ پھول والوں کی سیر، تیراکی کا میلا، درگاہوں پر عرس، مدار کی چھڑیوں کا میلہ، قدم شریف کا میلہ، بسنت وغیرہ وغیرہ۔ ان گنت میلے تھے جو موسم کے ساتھ ساتھ چلتے تھے۔ اس کے علاوہ قلعہ، چاندنی چوک، جامع مسجد اور جمنا کے پل پر ہر روز اس قدر مجمع رہتا تھا کہ میلہ ہی لگا رہتا تھا۔ غرض یہ کہ جس خوشحالی اور فارغ البالی سے بہادر شاہ کی بادشاہت میں لوگ رہتے تھے آج کل کے لوگ اس کا اندازہ ہی نہیں کر سکتے کیونکہ اس فارغ البالی کے نشان تک مٹ گئے۔ موجودہ نسل غلامی اور مفلسی میں پیدا ہوئی۔ اسے کیا معلوم کہ آزادی، خودمختاری اور خوشحالی کسے کہتے ہیں۔
غالب بادشاہ کے مصاحب تھے۔ قلعہ پر ان کی آمدورفت تھی۔ قلعہ کی حالت اب ایسی تو تھی نہیں جیسی شاہجہاں کے زمانہ میں تھی۔ نہ تحت طاؤس تھا نہ ہیرے جواہرات کی وہ جگمگاہٹ۔ تحت طاؤس نادر کی نذر ہوا تو دیوان خاص کے جواہرات اور دیوان عام کی چھت کا سونا غلام قادر روہیلے اور اسی قسم کے لٹیروں نے لوٹ لیا۔ بادشاہ کمپنی بہادر کا پنشن خوار تھا۔ اخراجات شاہانہ تھے پنشن سے گزارا نہ ہوتا تھا۔ اس لیے قلعے کی عمارات کی مرمت تک نہ ہو سکتی تھی۔ سڑکوں کی درستی کا تو کیا ذکر ہے۔ اس لیے بارش میں جابجا کیچڑ ہو جاتی تھی۔ شہر کے مقابلہ میں قلعے کی حالت اچھی نہ تھی مگر بادشاہ اور رعایا کے تعلقات بہت اچھے تھے۔ جس کا اندازہ منشی کریم الدین صاحب کے بیان سے ہوتا ہے انہوں نے ایک مشاعرہ کرانا چاہا تو گو منشی جی ایک مطبع کے مالک اور متوسط الحال طبقے سے تعلق رکھتے تھے تاہم ان کی رسائی اس سلسلہ میں حکیم احسن اللہ خان صاحب کے توسط سے قلعہ تک ہو گئی اور خلاف توقع بارگاہ جہاں پناہی میں پیشی بھی ہوگئی۔ اب اس پیشی کا حال منشی کریم الدین کی زبانی سنیئے جس سے کچھ بادشاہ کی سادہ طرز معاشرت کا حال معلوم ہوگا اور کچھ یہ معلوم ہو گا کہ بادشاہ کس بے تکلفی سے ایک معمولی غیر معروف شخص سے بات چیت کر لیتے ہیں۔ منشی کریم الدین لکھتے ہیں:- " چوبدار نے دیوان خاص کی سیڑھیوں کے پاس لے جا کر کھڑا کر دیا۔ حضرت جہاں پناہ اس وقت حمام میں رونق افروز تھے۔۔۔۔ یہ حمام کیا ہے ایک عالیشان عمارت ہے۔جمنا کے رخ پر جو حمام کا حصہ ہے وہ سرد ہے۔ ریتی کے رخ خس کے پردے ڈال کر خسخانہ بنا لیا جاتا ہے۔ اندر نہر بہتی یے۔ بیچ میں کئی حوض ہیں۔ ان میں فوارے چلتے ہیں۔ حمام کیا ہے ایک بہشت کا ٹکڑا ہے۔" چوبدار نے جب اندر داخل ہونے کے لیے کہا اس کے بعد کا حال سنئیے۔ چوبدار نے آواز دی "ادب سے، نگاہ روبرو، حضرت جہاں پناہ سلامت، آداب بجا لاؤ۔" میں... دہرا ہو کر سات تسلیمات بجا لایا اور نذر گزرانی۔ نذر دیتے وقت ذرا آنکھ اونچی ہوئی تو وہاں کا رنگ دیکھا۔ حضرت پیر و مرشد ایک چاندی کی پلنگڑی پر لیٹے تھے۔ پائنتی مرزا فخرو بیٹھے دبا رہے تھے۔ دہلی میں وہ کون ہے جس نے ظل اللہ کو نہیں دیکھا۔ میانہ قد، بہت نحیف جسم، کسی قدر لمبا چہرہ، بڑی بڑی روشن آنکھیں۔ آنکھوں کے نیچے کی ہڈیاں بہت ابھری ہوئی، لمبی گردن، چوکہ ذرا اونچا، پتلی ستواں ناک، بڑا دہانہ، گہری سانولی رنگت، سر منڈا ہوا، چھدری داڑھی، ٹھوڑی کلوں پر بال، لبیں کتری ہوئی، ستر برس سے اونچی عمر تھی ..... سر کمخواب کا ایک برکا پاجامہ اور سفید ڈہاکے کی ململ کا کرتہ زیب تن تھا۔ سامنے ایک چوکی پر جامہ دار کی خفتان اور کار چوبی چوگوشیہ ٹوپی رکھی ہوئی تھی......... بادشاه سلامت نے فرمایا۔ "امیاں تمہارا ہی نام کریم الدین ہے ۔ امیاں ابھی تمہارا ہی ذکر مرزا فخرو کر رہے تھے ... تم مشاعرہ کر تو رہے ہو مگر ہاتھیوں کی ٹکڑ کون سنبھالے گا۔۔۔۔۔ میں اور مرزا شبو تو آ نہیں سکتے، ہاں مرزا فخرو کو اپنی جگہ بھیج دوں گا۔ اور انشاءاللہ اپنی غزل بھی بھیجوں گا۔۔۔۔۔ میں نے عرض کی "پیر و مرشد تاریخ۔" فرمایا۔ "14 رجب مقرر کر دو دن بھی اچھا ہے۔ چاندنی رات بھی ہو گی اتنے دنوں میں بہت کچھ انتظام ہو سکتا ہے۔ نو دن باقی ہیں۔ موسم میں ٹھنڈا ہو جائے گا۔ اچھا اب خداحافظ۔" اس طرح دلی کا آخری بادشاہ اپنی رعایا کے ساتھ گھل مل کر رہتا ہے۔ حفظ مراتب کریم الدین کی طرف سے تھا مگر بہادر شاہ بالکل اس طرح باتیں کر رہے تھے،جس طرح کوئی اپنے برابر والے سے کرتا ہے۔ کسی ملک کے تہذیب و تمدن کا اندازہ اس ملک کے امراو کی زندگی سے کیا جاتا ہے۔ جن میں بادشاہ سب سے بڑا ہوتا ہے۔ اب دراوتی کے آخری بادشاہ کے کھانے کا جسے خاصہ کہتے تھے، حال سنئے۔
"کہاریاں، کشمیر میں ہنڈ کلیا۔ چھوٹے خاصے بڑے خاصے کے خوان سر پر لیے ایک قطارمیں چلی آ رہی ہیں۔ خاصے والیوں نے پہلے ایک سات گز لمبا، تین گز چکلا چمڑا بچھایا۔ اور سفید دستر خوان بچھایا۔ بیچوں بیچ میں دو گز لمبی ڈیڑھ گز چکلی چوکی لگا اس پر بھی پہلے چمڑا پھر دسترخوان بچھایا۔ خاص خوراک کے خوان مہر لگے ہوئے چوکی پر لگا خاصے کی داروغہ سامنے ہو بیٹھی۔ اس چوکی پر بادشاہ خاصہ کھائیں گے، باقی دسترخوان پر بیگمائیں شاہزادے، شاہزادیاں کھانا کھائیں گے۔" کھانے میں فقط روٹیوں کے نام سن لیجئے: چپاتیاں، پھلکے، پرانٹھے، روغنی روٹی، بری روٹی، بیسنی روٹی، خمیری روٹی، نان، شیرمال، گاؤ دیدہ، گاؤ زبان، باقرخانی، غوصی روٹی، بادام کی اور پستے کی روٹی، چاول کی روٹی، گاجر کی روٹی، مصری کی روٹی، نان پنبہ یعنی بنولوں کی روٹی، نان گلزار، نان قماش، نان تنکی، نان خطائی بادام کی، پستے کی اور چھوارے کی۔"
پلاؤں کے نام بھی سنیے، "یخنی پلاؤ، موتی پلاؤ، نورمحلی پلاؤ، نکتی پلاؤ، فالسانی پلاؤ، آبی پلاؤ، سنہری پلاؤ، روپہلی پلاؤ، بیضہ پلاؤ، انناس پلاؤ، کوفتہ پلاؤ، بریانی پلاؤ، سارے بکرے کا پلاؤ، بونٹ پلاؤ، کشمش پلاؤ، نرگسی پلاؤ، زمردی پلاؤ، لال پلاؤ، مزعفر پلاؤ۔" سب کھانے قرینے سےچنے گئے۔ بیچ میں مفلدان رکھ دئیے، اوپر نعمت خانہ کھڑا کر دیا گیا کہ مکھیاں دسترخوان پر نہ آویں۔ مشک زعفران کیوڑے کی خوشبو کی لپیٹیں آرہی ہیں، چاندی کے ورقوں سے دسترخوان جگمگا رہا ہے۔ چلمچی آفتابہ بین ادبی چنبیلی کی کھلی۔ صندل کی ٹکیوں کی ڈبیاں ایک طرف زیر انداز پر لگی۔ رومال زانو پوش، دست پوش، بینی پاک لیے رومال والیاں کھڑی ہیں۔ بادشاہ اپنی تپک پر چوکی کے سامنے آن بیٹھے۔ دائیں طرف ملکہ دوران اور بیگمائیں، بائیں طرف شہزادے شہزادیاں بیٹھیں۔ رومال خانے والیوں نے زانو پوش گھٹنوں پر ڈالے۔ دست پاک آگے رکھ دیئے۔ بادشاہ نے خاصہ شروع کیا۔ جس کو بادشاہ اپنے ہاتھ سے الش مرحمت فرماتے ہیں وہ سر و قد کھڑے ہو کر آداب بجا لاتا ہے۔ بین کھلی اور صندل کی ٹکیوں سے ہاتھ دھوئے۔ بھنڈا نوش کیا۔ گھنٹہ بھر بعد آب حیات مانگا۔ آبدار خانے کی داروغہ نے گنگا کا پانی جو صراحیوں میں بھرا برف میں لگا ہوا ہے جھٹ توڑ کی صراحی نکالی مہر لگا گیلی صافی لپیٹ خوجے کے حوالے کیا۔ اس نے بادشاہ کے سامنے مہر توڑ چاندی کے ظروف میں نکال بادشاہ کو پلایا۔ پیتے وقت حاضرین ادب سے کھڑے ہو گئے، جب پی چکے تو سب نے مزید حیات کہا۔ مجرا کیا اور رخصت ہوئے۔
مندرجہ بالا اقتباس سے بادشاہ کی خانگی زندگی کے ایک حصے کی ذرا سی جھلک نظر آتی ہے جس سے اس زمانہ کی تمدنی حالت کا کچھ اندازہ ہوتا ہے کہ کیسے کیسے انواع و اقسام کے کھانے تیار ہوتے تھے۔ دسترخوان پر کس طرح ہر قسم کی صفائی کا انتظام تھا اور کیا ادب و آداب تھے۔ اور یہ قاعدہ ہوتا ہے کہ بادشاہ کے نقل امیر امراء کرتے ہیں اور ان کی نقل حسب حثیت نیچے کے طبقے کے لوگ کرتے ہیں۔ چنانچہ کچھ کمی کے ساتھ مگر اسی قسم کے کھانے امراء کے دسترخوان پر بھی ہوتے ہوں گے اور غالب نے جن کا تعلق سرکار لوہارد سے تھا جو شاہی مصاحب بھی تھے اس تمدن و معاشرت کو اپنی آنکھ سے دیکھا۔ اور اس کے غارت ہونے پر وہ جب تک جیے، مرثیہ خوانی کرتے رہے۔
یہ تو غالب کی ایک دلی ہوئی۔ یعنی 1857ء سے پہلے کی دلی۔ اگلی دفعہ انشاءاللہ 1857ء کی بلی پر مضمون ہوگا اور پھر اس کے بعد کی اشاعت میں غالب کی دلی نمبر تین یعنی 1857ء کے بعد کی دلی پر۔ یہ دونوں دلیاں بھی جناب زاہدی صاحب نے لکھی ہیں۔ (اڈیٹر)
قسط نمبر 2
دلی کئی دفعہ آباد ہوئی اور کئی دفعہ اجڑی اور پھر آباد ہوئی اور پھر برباد ہوئی۔ تیمور نے حملہ کیا۔ دلی کو لوٹا کھسونٹا۔ چلا گیا۔ تیمور کی اولاد نے دلی کو ازسر نو آباد کیا۔ سارے ہندوستان کی دولت اس شہر میں لا کر جمع کر دی۔ اور عیش و طرب کے دروازے کھول دیے۔ محمد شاہ رنگیلے غرق مئے ناب اولی تھے کہ نادر شاہ نے حملہ کردیا۔ قتل عام کا حکم دے دیا۔ اور دلی کی پشتوں کی کمائی لوٹ لاٹ چلتا بنا۔ حتیٰ کہ تخت طاؤس کو بھی نہ چھوڑا۔ مگر دلی ہندوستان کی رانی ہی رہی۔ رفتہ رفتہ پھر حالت درست ہو گئی کہ غلام قادر روہیلہ قلعہ میں گھس آیا۔ شاہ عالم بادشاہ کو اندھا کردیا۔ اور قلعہ کی ساری دولت لوٹ کر چلا گیا۔ اور یہاں تک کہ دیوان خاص کی دیواروں میں جو جواہرات لگے ہوئے تھے وہ بھی نکال کر لے گیا۔ مگر دلّی کی بادشاہت پھر بھی قائم رہی، اور دلی والوں کے عیش و طرب میں بہت کمی نہ آئی۔ بہادر شاہ بیچارہ تو نام کا بادشاہ بھی نہ تھا البتہ پنشن خوار بادشاہ ضرور تھا۔ اور اس کی حکومت قلعہ سے باہر نہ تھی۔ پھر بھی دلی والے سمجھتے تھے کہ ہمارے سر پر ہمارا بادشاہ ہے اور بہت عزت و آرام کی زندگی بسر کرتے تھے اور یہ سمجھتے تھے کہ اب ہمارے پاس کیا رہا ہے جو کوئی ہم سے چھینے گا۔ مگر خدا ان کالوں کا بھلا کرے کہ انہوں نے دلی کی بادشاہت نام کی بھی نہ رہنے دی اور جو تھوڑی بہت دولت دلی والوں نے جمع کی تھی اس کو بھی گوروں اور خاکیوں کے ہاتھ لٹوا دیا۔
اس زمانے کا حال غالب نے اپنے قلم سے اپنے روزنامچے میں لکھا ہے، یعنی 57ء کے جانکاہ واقعہ قدر دردناک حال چشم دید تحریر کیا ہے۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ دلی کو کیا کیا ظلم سہنے پڑے۔ کس طرح غریب بے گناہوں نے پھانسیاں پائیں۔ کس طرح امیروں کی جائیدادیں ضبط ہوئیں۔ اور کس طرح شہر کی اینٹ سے اینٹ بج گئی۔ غالب لکھتے ہیں "ہندوستان کا قلمر و بے چراغ ہو گیا۔ لاکھوں مر گئے، جو زندہ ہیں ان میں سینکڑوں گرفتار بند و بلا ہیں۔ جو زندہ ہے اس میں مقدور زندگی نہیں۔" امرائے اسلام میں سے اموات گنو، میر ناصرالدین باپ کی طرف سے پیرزادہ، نانا اور نانی کی طرف سے امیر زادہ، مظلوم مارا گیا۔ آغا سلطان بخشی محمد علی خان کا بیٹا جو خود بھی بخشی ہو چکا ہے، بیمار پڑا، نہ دوا، نہ غذا، انجام کار مر گیا۔ ناظر حسین مرزا جس کا بڑا بھائی مقتولوں میں آگیا ہے، اس کے پاس ایک پیسہ نہیں، ٹکے کی آمد نہیں، ضیاءالدین کی پانچ سو کی املاک و اگزاشت ہو کر پھر ضبط ہو گئی۔۔۔۔۔ قصہ کوتاہ قلعہ اور جھجر اور بہادر گڈھ اور بلب گڈھ اور فرخ نگر کم و بیش تیس لاکھ روپے کی ریاستیں مٹ گئیں۔ بے گناہوں کو گولی اور پھانسی سے مارے جانے کی تفصیل دیتے ہوئے چند احباء کا ذکر کرتے ہیں۔ "حبیب رضی الدین خان کو قتل عام میں ایک خاکی گولی مار دی۔ احمد حسین خان ان کے چھوٹے بھائی اسی دن مارے گئے۔ طالع یار خان کے دونوں بیٹے ٹونک سے رخصت لے کر آئے تھے بات فتح دلی دونوں بےگناہوں کو پھانسی ملی۔ میر چھوٹنے نے بھی پھانسی پائی۔"
صاحبزادہ شاہ قطب الدین ابن مولانا فخر الدین بادشاہ کے پیر تھے۔ ان کے بیٹے صاحبزادہ میاں نصیر الدین کی بہادر شاہ اور سارا شہر بہت عزت کرتا تھا۔ اور یہ کالے صاحب کہلاتے تھے۔ ان کے نواسے میاں عبد الصمد صاحب کا جو کوچہ پنڈت میں رہتے تھے، حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔ قاسم جان کی گلی میں ان کی حویلی اب ایک محلہ ہو کر رہ گئی ہے۔ اب فقط اس کا دروازہ ہی رہ گیا ہے اس کے متعلق غالب لکھتے ہیں۔ "روشن الدولہ کا مدرسہ جو عقب کو توالی چبوترہ ہے وہ، اور خواجہ قاسم کی حویلی جس میں مغل علی خاں مرحوم رہتے تھے وہ، اور خواجہ صاحب کی حویلی، یہ املاک خاص میاں کالے صاحب کی قرار پا کر ضبط ہوئی اور نیلام ہو کر روپیہ سرکار میں داخل ہوگیا۔ ہاں قاسم جان کی حویلی میاں نظام الدین (میاں کالے صاحب کے بیٹے) کی والدہ کو مل گئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔ قاسم جان کی گلی میر خیراتی کے پھاٹک بے چراغ ہے، ہاں اگر آباد ہے تو یہ ہے کہ غلام حسن خان کی حویلی ہسپتال ہے۔ ضیاء الدین خاں (نواب لوہارو) کے کمرہ میں ایک ڈاکٹر صاحب رہتے ہیں، اور کالے صاحب کے مکان میں ایک اور صاحب عالیشان انگلستان رہتے ہیں۔ لال کنویں کے محلہ میں خاک اڑتی ہے، آدمی کا نام نہیں، خود میاں کالے صاحب کا گھر اس طرح تباہ ہوا کہ جیسے جھاڑو دے دی ہو۔ کاغذ کا پرزہ، سونے کا تار، پشمینے کا بال باقی نہیں رہا۔"
شہر کی ایک اور معزز ہستی یعنی مفتی اعظم مولوی صدر الدین صاحب کی نسبت لکھتے ہیں۔ "جناب مولوی صدر الدین صاحب بہت دن حوالات میں رہے، کورٹ میں مقدمہ پیش ہوا، صاحبان کورٹ نے جان بخشی کا حکم دیا۔ نوکری موقوف، جائیداد ضبط، پھر نصف جائداد و اگزاشت ہوئی۔ اپنی حویلی میں رہتے ہیں، کرائے پر معاش کا مدار ہے۔ اگرچہ یہ امداد ان کے گزارہ کو کافی ہے۔ ایک آپ ،ایک بی بی، تیس چالیس روپے کی آمد۔ لیکن چونکہ امام بخش چپراسی کے اولاد ان کی عترت ہے اور وہ دس بارہ آدمی ہیں، لہٰذا فراغبالی سے نہیں گزرتی۔" مفتی صاحب موصوف کے عزیز نواب ابوالحسن خاں صاحب آنریری مجسٹریٹ اور ان کے بھتیجے نواب ممتاز حسن خان صاحب اب تک مفتی صاحب موصوف کی حویلی کے مالک ہیں۔ یہ حویلی نزد جامع مسجد مٹیا محل کے سامنے واقع ہے۔ اس حویلی ہی میں مفتی صاحب درس دیتے تھے۔ شمس العلماء منشی ذکاء اللہ صاحب مرحوم، ڈاکٹر مولوی ضیاء الدین صاحب ایل ایل ڈی مرحوم، اور حافظ عزیز الدین صاحب وکیل مرحوم سب مفتی صاحب کے شاگرد تھے۔ اب نہ استاد ہے، نہ شاگرد ہے، بس رہے نام سائیں کا۔
شہر کے کنوؤں اور محلوں اور سڑکوں کی تباہی کے متعلق لکھتے ہیں۔ "مصیبت عظیم یہ ہے کہ قاری کا کنواں بند ہو گیا۔ لال ڈگی کے کنویں یقلم کھاری ہوگئے۔ پرسوں میں سوار ہو کر کنوؤں کا حال پوچھنے گیا تھا۔ مسجد جامع سے داجگھاٹ دروازہ تک بے مبالغہ ایک صحرا لق و دق تھا۔ (یہ وہ علاقہ ہے جو قلعہ اور جامع مسجد کے بیچ میں واقع ہے اور فیض بازار سے ریل کی سڑک تک، جہاں کلکتی دروازہ تھا، چلا جاتا ہے اور جہاں گھاس لگا دی گئی ہے۔) مرزا گوہر کے باغیچے کی اس جانب کو کئی بانس نشیب تھا، اب وہ باغیچے کے صحن کے برابر ہوگیا ہے۔ آہنی سڑک کے واسطے کلکتے دروازے سے کابلی دروازے تک میدان ہو گیا۔ پنجابی کٹرہ، دھوبی دروازہ، رامجی گنج، سعادت خاں کا کٹرہ، جرنیل کی بیوی کی حویلی، رامجیداس گودام والے کے مکانات، صاحب رام کا باغ حویلی، ان سب کا پتا تک نہیں ملتا۔۔۔۔۔۔۔۔۔ دلی کہاں، اللہ اب شہر نہیں کمپ ہے، چھاؤنی ہے, نہ قلعہ، نہ شیر، نہ بازار، نہ نہر۔" ایک اور جگہ لکھتے ہیں "شہر ڈھے رہا ہے۔ بڑے بڑے نامی بازار، خاص بازار، اردو بازار اور خانم کا بازار کہ ہر ایک کے بجائے خود قصبہ تھا، نہیں بتا سکتے۔ صاحبان امکنہ دو کاکین کہ ہمارا مکان کہاں تھا اور دوکان کہاں تھی۔ کشمیری کٹرہ گر گیا۔ وہ اونچے اونچے۔۔
اور بڑی بڑی کوٹھڑیاں دور نظر نہیں آتیں کہ کہاں ہیں۔"
مندرجہ بالا واقعات سے جہاں دلی کی تباہی اور بربادی کا حال معلوم ہوتا ہے وہاں یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ غالب کے دلی بہت وسیع اور آباد دلی تھی۔ لیکن 57ء کے قہر الہی میں بازار کے بازار اور محلے کے محلے صاف ہو گئے۔ جن علاقوں کا ذکر اوپر آیا ہے یہ سب قلعہ کے نیجے واقع تھے، اور دیکھا جائے تو ایک طرف دلی دروازے سے کشمیری دروازے اور راج گھاٹ تک، اور دوسری طرف قلعہ سے کابلی دروازے تک جس قدر گنجان آبادی تھی اور جتنے محلے بازار اور مکانات تھے، سب مسمار کردیئے گئے یعنی شہر کا بہترین اور سب سے زیادہ مالدار اور آباد حصہ تباہ و برباد ہو گیا۔ صرف ایک تہائی حصہ باقی رہ گیا۔
جب شہر کی یہ حالت تھی تو شہر والوں کی حالت ظاہر ہے۔ شہر پر قبضہ ہونے کے بعد صرف ان لوگوں کو جو انگریزوں کے ساتھی تھے، رہنے کی اجازت تھی۔ باقی فوج کا قبضہ تھا۔ اس مارشل لا کو غالب نے یوں بیان کیا ہے۔ "رہنا شہر میں بے حصول اجازت حاکم احتمال ضرر رکھتا ہے۔ اگر خبر نہ ہو تو نہ ہو، اگر خبر ہو جائے تو قباحت ہے۔ یہ پنجاب احاطے میں شامل ہے۔ نہ قانون نہ آئین۔ جس حاکم کی جو رائے میں ہو وہ ویسا ہی کرے۔" شہر والے جو غدر میں بھاگ گئے تھے، امن ہونے پر اگر واپس آنا چاہتے تھے تو صرف ان لوگوں کو اجازت تھی جن کو پاس ملتے تھے۔ غالب نے اس "پاس" کو ٹکٹ لکھا ہے. فرماتے ہیں گوروں کی پاسبانی پر قناعت نہیں ہے لاہورہی دروازے کا تھانیدار مونڈھا بچھا کر سڑک پر بیٹھتا ہے، جو باہر کے گورے کی آنکھ بچا کر آتا، اس کو پکڑ کا حوالات میں بیجھ دیتا ہے۔ حاکم کے ہاں پانچ پانچ بید لگتے ہیں یا دو دو روپے جرمانہ لیا جاتا ہے۔ آٹھ دن قید رہتا ہے، حکم ہے کہ دریافت کرو کون کون سے بے ٹکٹ مقیم ہے اور کون ٹکٹ رکھتا ہے۔
امن و امان کے بعد معاوضے کے متعلق لکھتے ہیں۔ "حکم یہ ہے کہ جو رعیت کا مال کالوں نے لوٹا اس کا معاوضہ¹ سرکار سے ہوگا، یعنی ہزار روپے کے مانگنے والے کو سو روپے ملیں گے اور جو گوروں کے وقت کی غارت گری ہے وہ معاف اور ناقابلِ گرفت ہے۔ اس کا معاوضہ نہ ہوگا۔" اسی سلسلے میں لکھتے ہیں۔ "ایک لطیفہ پرسوں خوب ہوا حافظ مموں بے گناہ ثابت ہوچکے، رہائی پا چکے، املاک اپنی مانگتے ہیں، مبل پیش ہوئی۔ حاکم نے پوچھا کہ حافظ محمد بخش کون ہے، عرض کیا کہ میں، پھر پوچھا کہ حافظ مموں کون ہے، عرض کیا کہ میں۔ اصل نام میرا محمد بخش ہے، مموں مموں مشہور ہوں۔ فرمایا کچھ بات نہیں، حافظ محمد بخش بھی تم اور حافظ مموں بھی تم اور سارا جہاں بھی تم، جو دنیا میں ہے وہ بھی تم، ہم مکان کس کو دیں۔ مل داخل دفتر ہوئی۔ میاں مموں اپنے گھر چلے آئے۔" ایک اور جگہ اسی سلسلے میں لکھتے ہیں "نہ قانون ہے نہ قاعدہ ہے، نہ نظیر کام آئے، نہ تقریر پیش جائے۔ ارتضیٰ خان کی پوری دو سو روپے کے پنشن کی منظوری ان کی دو بہنیں، سو سو روپے مہینہ پانے والیوں کو حکم ہوا کہ چونکہ تمہارے بھائی مجرم تھے ہماری پنشن ضبط۔ بطریق ترحم دس دس روپیہ مہینہ تم کو ملے گا۔ ترحم یہ ہے تو تغافل کیا قہر ہوگا۔" دلی کی تباہی میں غالب جابجا کالے، گورے اور خاکی فوج کی شکایت کرتے ہیں۔ کالوں نے تو غدر مچوا کر شہر کو تباہ کرایا۔ گوروں اور خاکیوں نے شہر کو لوٹا اور لوگوں کو پھانسیاں دیں۔ خاکی سے مراد وہ دیسی سپاہی ہیں، جن کی فوجیں پنجاب اور پنجاب کی ریاستوں سے انگریزوں کی کمک کو آئی تھیں۔ بادشاہی دلی کے امراء کی املاک و جائیدادیں جب نیلام ہوئیں، تو چند سیٹھ ساہوکار نے کوڑیوں کے مول لے لیں۔ کیونکہ اول تو کوئی اور خریدار نہ تھا، دوسرے سرکار کو تو سزا دینی تھی۔ ان کا مال فروخت کر کے کوئی دولت جمع کرنی تو نہ تھی۔ اس لیے بقول غالب اس زمانے کی دلی میں کوئی شخص سوائے پنجابی افسروں، فوج والوں اور ساہوکاروں کے موجود نہ تھا۔ دلی کے اس دردناک زمانے کا مرثیہ غالب نے خوب لکھا ہے، آنکھوں کے سامنے تصویر کھچ جاتی ہے۔ فرماتے ہیں۔
بسکہ فعال ما یرید ہے
ہر سلحشور انگلستاں کا
گھر سے بازار میں نکلتے ہوئے
زہرہ ہوتا ہے آب انساں کا
چوک جس کو کہیں وہ مقتل ہے
گھر بنا ہے نمونہ زنداں کا
شہر دہلی کا ذرہ ذرہ خک
تشنہ خوں ہے ہر مسلماں کا
کوئی واں سے نہ آ سکے یاں تک
آدمی واں نہ جا سکے یاں تک
میں نے مانا کہ مل گئے پھر کیا
وہی رونا دل و تن و جاں کا
گاہ جل کر کیا کئے شکوہ
سوزش داغہائے پنہاں کا
گاہ رو کر کہا کئے باھم
ماجرا دیدہ ہائے گریاں کا
اس طرح کے وصال سے غالب
کیا مٹے دل سے داغ ہجراں کا
قسط نمبر 3
کہتے ہیں کہ دلی سلطنتوں کا قبرستان ہے۔ جہاں اور سلطنتیں اس شہر میں دفن ہیں، وہاں مغلوں کی سلطنت کا بھی اضافہ ہوگیا۔ اور خدا جانے کس کس کو یہاں جگہ ملنی ہے۔ سلطنت مغلیہ کے ساتھ ہندی مسلمانوں کی تہذیب اور ان کا تمدن بھی ختم ہوا۔ غالب نے جہاں خاندان تیموریہ کا آخری چراغ گل ہوتے دیکھا وہاں مشرق کی بجائے مغرب سے ایک نئی روشنی بھی طلوع ہوتی دیکھی۔ یعنی مشرق کا دور ختم ہوتے اور مغرب کا شروع ہوتے دیکھا۔ غالب کے دادا ماوراء النہر سے شاہ علم کے وقت میں ہندوستان آئے اور انہوں نے ایک پر گنہ سیر حاصل ذات کی تنخواہ اور رسالے کی تنخواہ میں پایا۔ مگر طوائف الملوکی میں وہ سب کچھ چھن گیا۔ ان کے والد عبداللہ بیگ خاں بہادر اول لکھنؤ میں نواب آصف الدولہ کے اور پھر حیدرآباد میں نواب نظام علی خاں کے ہاں ملازم ہوئے۔ وہ اسے اللہ تعالیٰ ہو کر راؤ راجہ بختاور سنگھ کے ہاں چلے آئے اور لڑائی میں مارے گئے۔ ان کے چچا نصراللہ خاں مرہٹوں کی طرف سے اکبرآباد کے گورنر تھے۔ جب مرہٹوں کو جنریل لیک نے 1806ء میں آگرے سے نکال دیا تو گورنر تو انگریز ہو گیا مگر نصراللہ خان کو چار سو سواروں کا بریگیڈیر کر دیا۔ ایک ہزار روپے ذات اور لاکھ ڈیڑھ لاکھ روپے کی جاگیر حیات مقرر ہوئی۔ وہ بھی مر گئے۔ غالب اس وقت آٹھ برس کے تھے۔ جاگیر کے بدلے پنشن ہوگئی۔ جب ہوش سنبھالا تو
1830ء میں کلکتہ میں گورنر جنرل سے ملے۔ وہاں سے سات پارچے اور حیفہ، سر پیچ، مالائے مردارید، یعنی تین رقم کا خلعت ملا۔ یہ خلعت ہر دربار پر دلی میں بھی ملتا رہا۔ بعد صدر بحرم مصاحبت بہادر شاہ دربار و خلعت دونوں بند ہو گئے۔ کی درخواستوں پر تین برس بعد معافی ملی اور معمولی سا خلعت ملا۔ غرض یہ کہ غالب انگریزوں کے خیر خواہوں کی اولاد میں سے تھے اور خود انگریزوں کے درباری تھے۔ چنانچہ غالب نے 11 مئی1757ء سے یکم جولائی 1858ء تک کی رواداد شہر اور اپنی سرگزشت ایک کتاب میں درج کی تھی جس کا نام "دستںبو" رکھا تھا۔ اس میں اکثر انگریزوں سے ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔ دلی کالج کے پرنسپل انگریز تھے۔ ان سے بھی غالب کے مراسم تھے کہ پرنسپل غالب کو ان کی پالکی تک لینے آتے تھے۔ اور انکی لیاقت کے اتنے قائل تھے کہ اپنے کالج میں غالب کو ملازمت دلوا دی۔ لیکن جب غالب شکریہ ادا کرنے گئے تو پرنسپل صاحب استقبال کو نہ آئے اور کہا کہ اب آپ ملازم ہیں۔ غالب نے کہا حضرت میں سمجھتا تھا کہ اس ملازمت سے میرے اعزاز میں اضافہ ہوگا۔ اس لیے اس کو قبول کرنا چاہتا تھا لیکن اب معلوم ہوا کہ جو پہلے عزت تھی اس میں بھی کمی آگئی ہے۔ اس لیے افسوس کہ میں اس کے قبول کرنے سے معذور ہوں۔ غالب کی وضع داری اور پاس غیرت مسلمانوں کی تہذیب کا نمونہ ہے۔ اور پرنسپل کا برتاو مغربی تہذیب پر مبنی تھا۔ اس مثال سے جانے والی اور آنے والی تہذیب کا موازنہ ہو سکتا ہے۔ اور اس کسوٹی پر اگر آج کل کے لوگوں کو کساجائے تو اس میں کوئی شبہ باقی نہیں رہے گا کہ اب پرانی تہذیب کا نام نشان بھی باقی نہیں رہا۔ جب انگریزوں نے دلی پر قبضہ کر لیا اور رفتہ رفتہ تمام علاقوں میں امن امان ہو گیا تو 1858ء میں انگلستان کی ملکہ معظمہ نے اعلان کر دیا کہ انر ایبک جان کمپنی کی حکومت ختم ہوئی اور ہماری حکومت شروع ہوئی۔ یوں 1857ء یعنی پلاسی کی جنگ کے بعد سے انگریزوں کا ہندوستان پر عمل دخل ہو گیا تھا اور مغربی تہذیب کی داغ بیل پڑ چکی تھی۔ لیکن جیسا کہ بیان کیا جا چکا ہے۔ دلی میں ابھی تک مغربی تہذیب کا اثر نہیں ہوا تھا۔ اور اس کی وجہ یہ تھی کہ یہاں کے تخت پر ہندوستانی بادشاہ بیٹھا ہوا پرانی تہذیب کی محافظت کر رہا تھا۔ انگریز ہندوستانیوں کو اور ان کی تہذیب کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ اور شہزادوں اور امراء کی نقل کرتے تھے۔ اور گھر میں ہندوستان کے نہایت مکلف کھانے اور لباس استعمال کرتے تھے۔بہت سے انگریزوں نے ہندوستانی عورتوں سے شادی کر لی تھی اور بالکل ان کا طرز معاشرت اختیار کرلیا تھا۔ بعض یورپینوں نے دیسی بیویاں تو کر لیں تھیں مگر اپنی طرف سے معاشرت میں تھوڑا ہی فرق ہونے دیا تھا۔ چنانچہ سمرد صاحب بڑے مشہور فوجی افسر گزرے ہیں انہوں نے میرٹھ کی ایک عرب خاندان کی خاتون سے شادی کرلی۔ یہ خاتون مدت تک اپنے مذہب اور تمدن پر چلتی رہی اور بیگم سمرد کہلائیں۔ سردہنے میں آج تک ان کی کوٹھی ہے۔ تیس سال ہوئے کہ دلی میں بھی بیگم سمرد کی کوٹھی ایک وسیع باغ میں واقع تھی۔ باغ اب بک گیا مگر کوٹھی ابھی تک سلامت ہے۔ اب تک چھ ماہ قبل لائڈز بینک اسی کوٹھی میں تھا۔ لیکن یہ سب باتیں اس وقت تک رہیں جب تک غیر ملک والے ہندوستان پر باقاعدہ قابض نہ ہو گئے۔ ملکہ وکٹوریہ کے اعلان کے بعد سے دنیا پلٹ گئی۔ دلی میں امن و امان ہو گیا۔ مگر دلی شہر وہ شہر نہ رہا۔ دلی والے وہ دلی والے نہ رہے۔ دلی اہل کمال کا گہوارہ تھی۔ جن میں بہت سے قتل ہوئے، کچھ ایسے شہر چھوڑ کر گئے کہ واپس نہ آئے۔ غرض یہ کہ امن و امان کے بعد کچھ کام پیشہ لوگ اور کچھ بنئیے بقال آ کر آباد ہوگئے۔ امیر امراء اور شرفاء کے خاندان برباد ہو گئے۔ ان کی املاک جائیداد پر دوسرے لوگ قابض ہو کر نئے نواب بن گئے۔ جیسے نئے نواب ویسی نئی تہذیب عجز و انکسار، علم و تحمل، فراخدلی و چشم پوشی، قناعت و استغنا جو پرانی تہذیب کا جز و اعظم تھے، نئی تہذیب میں عیب شمار کیے جانے لگے۔ نخوت و تکبر، تنگدلی و عیب جوئی، بےصبری و لالچ خوبیاں تصور ہونے لگیں۔ غرض یہ کہ مغربی تہذیب کی بدترین خرابیاں مروج ہو کر بام ترقی پر پہنچنے کا زینہ ہونے کی وجہ سے خوبیاں بن گئیں۔
غالب نے یہ دلی بھی دیکھی مگر وہ زندگی سے بیزار تھے۔غالب کے انگریزوں کے ساتھ جو خاندانی تعلقات چلے آتے تھے اور جن کا ذکر قبل ازیں ہو چکا ہے، ان تعلقات کے سلسلہ میں
غالب لکھتے ہیں:- "ان روسیاہ کالوں کے ہاتھوں انگریزی قوم میں سے جو قتل ہوئے اس میں کوئی میرا امید گاہ تھا اور کوئی میرا شفیق اور کوئی میرا دوست اور کوئی میرا یار اور کوئی میرا شاگرد۔ ہائے اتنے یار مرے کہ اب جو میں مروں گا تو کوئی رونے والا بھی نہ ہو گا۔" ایک اور جگہ فتح کی خوشی میں جو انگریزوں نے چراغاں کیا اس کے سلسلے میں لکھتے ہیں۔ "حکم ہوا ہے کہ پہلی نومبر کو رات کے وقت سب انگریز اور ان کے خیر خواہ اپنے اپنے گھروں اور بازاروں میں روشنی کریں۔ صاحب کمشنر بہادر کی کوٹھی پر بھی روشنی ہو گی۔ فقیر بھی اس تہیدستی میں کہ اٹھارہ ماہ سے پنشن مقررہ نہیں پاتا اپنے مکان میں روشنی کرے گا۔" القصہ دلی کا تیسرا دور جو غالب نے دیکھا وہ، وہ تھاجس کو انگریز اپنے محاورے میں کہتے ہیں کہ بادشاہ فوت ہوگئے۔ خدا بادشاہ کو سلامت رکھے یعنی پرانی تہذیب کو دفن کر کے لوگ نئی تہذیب کو لبیک کہہ رہے تھے۔ جو دلی قدیم زمانہ سے ہندوستان کا پایہ تخت رہ چکی ہو، انگریزی حکومت میں جانے کے بعد فورا پنجاب سے ملحق کر دی گئی جو ایک غیر آئین صوبہ تھا۔ جس سے نہ صرف دلی کی عزت بلکہ رہی سہی تہذیب بھی خاک میں مل گئی۔ یہ سب کچھ ہو رہا تھا مگر جو آئندہ ہونے والا تھا، نہ اس کی اس زمانے والوں کو خبر تھی اور جو کچھ آئندہ ہوگا نہ اس کی ہم کو خبر ہے۔ واللہ اعلم بالغیب۔