غزل: اب وقت کا فرمان بہ اندازِ دگر ہے ٭ کرم حیدری

اب وقت کا فرمان بہ اندازِ دگر ہے
حالات کا عنوان بہ اندازِ دگر ہے

اے کشتیِ تدبیر کے آرام نشینو!
تقدیر کا فرمان بہ اندازِ دگر ہے

از بسکہ ہیں تخریب کے اطوار نرالے
تعمیر کا سامان بہ اندازِ دگر ہے

اے غم کے اندھیرے میں سسکتے ہوئے راہی
اب صبح کا امکان بہ اندازِ دگر ہے

اربابِ محبت نہیں فریاد کے خوگر
اس درد کی پہچان بہ اندازِ دگر ہے

بے باک نہ ہو عشق تو مشکل رہِ الفت
یہ مرحلہ آسان بہ اندازِ دگر ہے

پر نوچتا جاتا ہے مگر حیلہ و فن سے
صیاد کا احسان بہ اندازِ دگر ہے

اے جلوۂ محبوب نہ فرمائیو تکلیف
دل آج پریشان بہ اندازِ دگر ہے

کیا جانے کرمؔ حال ہو کیا کشتیِ دل کا
احساس میں طوفان بہ اندازِ دگر ہے

٭٭٭
پروفیسر کرمؔ حیدری
 
یاسر شاہ

محفلین
خوب انتخاب ۔ماشاء اللہ
تابش بھائی لیکن یہ ایک محفل ہے اور اس کی رونق محفل آرائی سے ہے ۔کوئی عوامی بیت الخلا تو ہے نہیں جہاں سخت مصروفیات کے باوجود بھی آکر اپنا کام کر کے آدمی شیشے میں بال سیٹ کر کے چلتا بنے۔
جس طرح آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی کاوشوں اور انتخاب پہ تبصرہ کیا جائے اور بھی یہی چاہتے ہیں اور یوں ہی ادبی محفلوں میں رونق ہوتی ہے ۔کیا خیال ہے؟
 
سید عاطف علی

لائبریرین
یاسر بھائی ۔ عوامی مقامات کی اور دلچسپ تمثیلات بھی پیش کی جاسکتی ہیں ۔ یہ بیت الخلوت ہی کیوں شرف انتخاب بخشا گیا بھئی ۔
 
یاسر شاہ

محفلین
یاسر بھائی ۔ عوامی مقامات کی اور دلچسپ تمثیلی بھی پیش کی جاسکتی ہیں ۔ یہ بیت الخلوت ہی کیوں شرف انتخاب بخشا گیا بھئی ۔
سخت مصروف آدمی ایک اسی جگہ مصروفیات بالائے طاق رکھ کے جا سکتا ہے۔سندھی میں تو ایک مثل مشہور بھی ہے جس کا مطلب ہے" مردہ زندے کو دوڑائے لیے جاتا ہے"😂
 
خوب انتخاب ۔ماشاء اللہ
تابش بھائی لیکن یہ ایک محفل ہے اور اس کی رونق محفل آرائی سے ہے ۔کوئی عوامی بیت الخلا تو ہے نہیں جہاں سخت مصروفیات کے باوجود بھی آکر اپنا کام کر کے آدمی شیشے میں بال سیٹ کر کے چلتا بنے۔
جس طرح آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی کاوشوں اور انتخاب پہ تبصرہ کیا جائے اور بھی یہی چاہتے ہیں اور یوں ہی ادبی محفلوں میں رونق ہوتی ہے ۔کیا خیال ہے؟
آپ کا شکوہ جائز ہے، اور اس سے اتفاق بھی ہے۔
اور یوں سمجھ لیجیے کہ یہ انتخاب پیش کرنے کی وجہ بھی دوبارہ فعال ہونے کی جد وجہد کا آغاز ہے۔
روز مرہ کے معمول میں انقلابی تبدیلیوں کی وجہ سے فعالیت میں کچھ مشکل درپیش ہے۔ تو ابھی ذرا پہلے گیئر پر رکھی ہوئی ہے گاڑی۔ :)
 
چلیں خیر و عافیت سے آپ واپس سرگرم ہوں۔ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
 
Top