غزل: قیس جنگل میں اکیلا ہے مجھے جانے دو ۔ از : میاں داد خان سیاح ؔ

فاتح

لائبریرین
میاں داد خان سیاح اورنگ آباد میں1830 میں پیدا ہوئے، ابتدا میں عشاق تخلص کرتے تھے۔ غالب کے شاگرد ہوئے تو انہوں نے ان کے ذوق سفر کی مناسبت سے ان کا تخلص سیاح تجویز کیا۔ 1907میں بمبئی میں وفات پائی۔
ان کی اس غزل کا مطلع تو ضرب المثل بن چکا ہے:
قیس جنگل میں اکیلا ہے مجھے جانے دو
خوب گذرے گی جو مل بیٹھیں گے دیوانے دو
جاں بَلَب دیکھ کے مجھ کو مرے عیسیٰ نے کہا​
لا دوا درد ہے یہ، کیا کروں، مر جانے دو​
لال ڈورے تری آنکھوں میں جو دیکھے تو کھُلا​
مئے گُل رنگ سے لبریز ہیں پیمانے دو​
ٹھہرو! تیوری کو چڑھائے ہوئے جاتے ہو کدھر​
دل کا صدقہ تو ابھی سر سے اتر جانے دو​
منع کیوں کرتے ہو عشقِ بُتِ شیریں لب سے​
کیا مزے کا ہے یہ غم دوستو غم کھانے دو​
ہم بھی منزل پہ پہنچ جائیں گے مرتے کھپتے​
قافلہ یاروں کا جاتا ہے اگر جانے دو​
شمع و پروانہ نہ محفل میں ہوں باہم زنہار​
شمع رُو نے مجھے بھیجے ہیں یہ پروانے دو​
ایک عالم نظر آئے گا گرفتار تمھیں​
اپنے گیسوئے رسا تا بہ کمر جانے دو​
سخت جانی سے میں عاری ہوں نہایت ارے تُرک​
پڑ گئے ہیں تری شمشیر میں دندانے دو​
ہمدمو دیکھو، الجھتی ہے طبیعت ہر بار​
پھر یہ کہتے ہیں کہ مرتا ہے تو مر جانے دو​
حشر میں پیشِ خدا فیصلہ اس کا ہو گا​
زندگی میں مجھے اس گبر کو ترسانے دو​
گر محبت ہے تو وہ مجھ سے پھرے گا نہ کبھی​
غم نہیں ہے مجھے غمّاز کو بھڑکانے دو​
جوشِ بارش ہے ابھی تھمتے ہو کیا اے اشکو​
دامنِ کوہ و بیاباں کو تو بھر جانے دو​
واعظوں کو نہ کرے منع نصیحت سے کوئی​
میں نہ سمجھوں گا کسی طرح سے سمجھانے دو​
رنج دیتا ہے جو وہ پاس نہ جاؤ سیّاحؔ​
مانو کہنے کو مرے دُور کرو جانے دو​
میاں داد خان سیّاح​

Qais_Jungle_Mein_Akaila.jpg
 

فاتح

لائبریرین
بہت خوب فاتح بھائی۔

نایاب چیز نکال کر لائے ہیں آپ۔
بجا ارشاد۔۔۔ واقعتاً نایاب چیز ہے۔۔۔ کچھ عرصہ قبل ایک پرانے رسالے کے دو صفحات سکین شکل میں نظر آئے تھے اور وہیں سے دیکھ کر ٹائپ کی تھی۔ مذکورہ صفحے کا سکین بھی مراسلہ بالا کی تدوین کر کے اس میں شامل کر دیا ہے۔
 

مغزل

محفلین
کیا کہنے ہیں فاتح بھائی سبحان اللہ سبحان اللہ ۔۔ کیا ہی عمدہ غزل شاملِ محفل کی ہے ۔۔ مطلع تو ضرب الامثال میں سے ہے مگر غزل غزلوں میں ایک ۔۔ کیا کہنے بہت عمدہ ۔۔۔سلامت باشید
 

فاتح

لائبریرین
بہت خوب ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔
بہت شکریہ فاتح۔۔ آپ کے بدولت مکمل غزل پڑھنے کا اتفاق ہوا ہے
پسند فرمانے پر آپ کا بھی شکریہ۔
شکریہ زونی صاحبہ
کیا کہنے ہیں فاتح بھائی سبحان اللہ سبحان اللہ ۔۔ کیا ہی عمدہ غزل شاملِ محفل کی ہے ۔۔ مطلع تو ضرب الامثال میں سے ہے مگر غزل غزلوں میں ایک ۔۔ کیا کہنے بہت عمدہ ۔۔۔سلامت باشید
بہت شکریہ جناب۔ آپ کی محبت ہے۔
 
لاجواب پوسٹ کی ہے۔

یہ ضرب المثل شعر انٹرمیڈیٹ کے امتحانوں کے بعد ایک کتابچہ چھ سو شاعروں کے چھ سو اشعار میں پڑھا تھا اور پہیلیوں کی طرح بہت سے لوگوں سے پوچھ کر داد طلب کی تھی۔ آج غزل اور شاعر دونوں کو ساتھ دیکھنے کا شرف بھی حاصل ہو گیا ہے۔
 

فاتح

لائبریرین
لاجواب پوسٹ کی ہے۔

یہ ضرب المثل شعر انٹرمیڈیٹ کے امتحانوں کے بعد ایک کتابچہ چھ سو شاعروں کے چھ سو اشعار میں پڑھا تھا اور پہیلیوں کی طرح بہت سے لوگوں سے پوچھ کر داد طلب کی تھی۔ آج غزل اور شاعر دونوں کو ساتھ دیکھنے کا شرف بھی حاصل ہو گیا ہے۔
ایک کتا بچہ اور چھ سو شاعروں کے چھ سو اشعار؟
 

مہ جبین

محفلین
مہ جبیں صاحبہ! محمد وارث صاحب کی جانب سے ہم آپ کا شکریہ ادا کر دیتے ہیں۔ :)
اوہ۔۔۔۔۔ سو سوری فاتح بھائی بے دھیانی میں میں آپ کے نام کے بجائے وارث بھائی کا نام لکھ گئی ۔۔۔۔۔۔ اپنے اوپر ہنسی بھی آرہی ہے اور غصہ بھی۔۔۔۔۔ایک بار پھر معذرت فاتح بھائی ۔۔۔۔۔اصل میں میرا دھیان کئی جگہ بٹا ہوا تھا اسلئے یہ غلطی ہوگئی
ویسے تو اس عمر کا تقاضا ہے بھول چوک تو امید ہے درگزر فرمائیں گے
 

فاتح

لائبریرین
اوہ۔۔۔۔ ۔ سو سوری فاتح بھائی بے دھیانی میں میں آپ کے نام کے بجائے وارث بھائی کا نام لکھ گئی ۔۔۔ ۔۔۔ اپنے اوپر ہنسی بھی آرہی ہے اور غصہ بھی۔۔۔۔ ۔ایک بار پھر معذرت فاتح بھائی ۔۔۔ ۔۔اصل میں میرا دھیان کئی جگہ بٹا ہوا تھا اسلئے یہ غلطی ہوگئی
ویسے تو اس عمر کا تقاضا ہے بھول چوک تو امید ہے درگزر فرمائیں گے
ارے آپ کو معذرت یا شرمندگی کی قطعاً ضرورت نہیں کیونکہ ہمیں پڑھ کر اندازہ ہو گیا تھا کہ آپ نے بے دھیانی میں ہی لکھا ہے تبھی ہم نے بھی جواب میں مذاحیہ رنگ اختیار کیا۔ :)
دلاور فگار کو بھی شاید کسی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہو گا کہ انھیں یہ لکھنا پڑا کہ
جلدی میں منہ سے لفظ جمالو نکل گیا​
کہنا یہ چاہتا تھا کہ تم مہ جمال ہو​
 
Top