داغ غزل: نام زیرِ آسماں باقی رہا

نام زیرِ آسماں باقی رہا
مر مٹوں گا یوں نشاں باقی رہا

اس کے در پر جبہ سا لاکھوں ہوئے
پھر بھی سنگِ آستاں باقی رہا

دیکھیے فردائے محشر کیا بنے
آج کل پر امتحاں باقی رہا

اے گدازِ غم تجھے کھا جائوں گا
ایک بھی گر استخواں باقی رہا

شب کو تیری جستجو میں کوبکو
کون سا مجھ سے مکاں باقی رہا

مٹ گئے دنیا کے جلسے سیکڑوں
ہے غنیمت جو سماں باقی رہا

آنکھ اپنی روزِ محشر کھل چکی
کچھ اگر خوابِ گراں باقی رہا

دل لگی ہوجائے گی زیرِ مزار
تو جو اے دردِ نہاں باقی رہا

آزمائی ہے مروت ہی ابھی
امتحاں سا امتحاں باقی رہا

حال کچھ اے داورِ محشر نہ پوچھ
حال مجھ میں اب کہاں باقی رہا

مٹ چکا گو اک زمانے کا خیال
پھر بھی دل میں اک جہاں باقی رہا

غیر کا چھلا چھپایا آپ نے
اس نشانی کا نشاں باقی رہا

جا چکا اے داغؔ سب مال و متاع
شکر ہے لطفِ زباں باقی رہا

٭٭٭
داغؔ دہلوی
 

عاطف ملک

محفلین
غیر کا چھلا چھپایا آپ نے
اس نشانی کا نشاں باقی رہا
شاید اس نے چھپایا نہ ہو،کوئی تبرک سمجھ کر لے گیا ہو :p
وہ کہتے ہیں نا!
میری چیچی دا چھلا ماہی لا لیا
گھر جا کے شکایت لاواں گی :eek:

تفنن بر طرف،
بہت خوبصورت شراکت ہے تابش بھائی!
 
Top