غزل ۔ خاک اُڑتی ہے اس جہان میں کیا ۔ رسا چغتائی

محمداحمد

لائبریرین
غزل
خاک اُڑتی ہے اس جہان میں کیا
پھول کھلتے ہیں آسمان میں کیا
عشق تیرے خیال میں کیا ہے
زندگی ہے ترے گُمان میں کیا
میں جو حیرت زدہ سا رہتا ہوں
بات آتی ہے تیرے دھیان میں کیا
نیند آرام کر رہی ہے ابھی
تیری پلکوں کے سائبان میں کیا
کیا ہوئے وہ شکست خوردہ لوگ
آگئے سب تری امان میں کیا
تجھ سے یہ تیرے حاشیہ بردار
اور کہتے بھی میری شان میں کیا
پوچھتا ہے مکاں کا سناٹا
میں ہی رہتا ہوں اس مکان میں کیا
ہم ہیں خود آپ رو برو اپنے
اور ہیں خود ہی درمیان میں کیا
وہ جو کھڑکی کھلی سی رہتی ہے
جھانکتی ہے مرے مکان میں کیا
حال اپنا بھی کیا یہی ہو گا
ذکر آئے گا داستان میں کیا
جب کیے دُکھ بیاں اُسی سے کیے
بات ایسی ہے اس چٹان میں کیا
اچھے لگتے ہیں آن بان کے لوگ
جانے ہوتا ہے آن بان میں کیا
دل سے جب دل کلام کرتا ہے
لفظ آتے ہیں درمیان میں کیا
کیا ہوئے میرے خاندان کے لوگ
ایک میں ہی تھا خاندان میں کیا
جمع کیجے نہ درد و غم تو رساؔ
کیجیے اور اس جہان میں کیا
رساؔ چغتائی
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
جون ایلیا کا انداز یاد آگیا۔۔۔
یوں جو تکتا ہے آسمان کو تو
کوئی رہتا ہے آسمان میں

واہ کیا خوبصورت انداز ہے جناب رسا صاحب کا۔۔۔ بہت عمدہ۔۔۔

کیا ہوئے میرے خاندان کے لوگ​
ایک میں ہی تھا خاندان میں کیا​
اور اس شعر سے جون کا ہی شعر یاد آگیا​
کوئی ٹوکتا بھی نہیں مجھ کو​
یہی ہوتا ہے خاندان میں کیا​
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
وہی جو ہمیں یہ غزل پوسٹ کرکے ہوا۔۔۔ ۔! :)

اگر ہم اور آپ مارکیٹنگ پر توجہ نہیں دیں گے تو پھر "عدم" کی طرز پر صرف "دو ہی باذوق" آدمی رہ جائیں گے۔ :D:p

عدم کی طرز پر تو صرف نام رہ جاتا ہے۔۔ ذوق و بدذوقی تو مٹی کی خوراک بن جاتی ہے۔۔۔ :devil:
 

محمداحمد

لائبریرین
جون ایلیا کا انداز یاد آگیا۔۔۔
یوں جو تکتا ہے آسمان کو تو
کوئی رہتا ہے آسمان میں

واہ کیا خوبصورت انداز ہے جناب رسا صاحب کا۔۔۔ بہت عمدہ۔۔۔

کیا ہوئے میرے خاندان کے لوگ​
ایک میں ہی تھا خاندان میں کیا​
اور اس شعر سے جون کا ہی شعر یاد آگیا​
کوئی ٹوکتا بھی نہیں مجھ کو​
یہی ہوتا ہے خاندان میں کیا​


بالکل صحیح کہا !

یہ غزل جون کی زمین میں ہے۔ اور مجھے اُمید نہیں تھی کہ اس غزل میں اتنے اچھے اشعار ہوں گے۔

لیکن مجھے بے حد پسند آئی یہ غزل ۔۔۔۔! اسی لئے باقاعدہ دعوتِ کلام دی ہےجناب کو۔ :)
 

الشفاء

لائبریرین
واہ۔ بہت خوب غزل شیئر کی ہے احمد بھائی۔۔۔
ہمیں بھی اس غزل سے جون کی یاد آئی۔۔۔ کہ

یہ مجھے چین کیوں نہیں پڑتا
ایک ہی شخص تھا جہان میں کیا۔
 

محمداحمد

لائبریرین
واہ۔ بہت خوب غزل شیئر کی ہے احمد بھائی۔۔۔
ہمیں بھی اس غزل سے جون کی یاد آئی۔۔۔ کہ

یہ مجھے چین کیوں نہیں پڑتا
ایک ہی شخص تھا جہان میں کیا۔


جون ایلیا کی بے اختیار یاد آ گئی اور شکریہ احمد یہ کلام پوسٹ کرنے کا۔


بالکل ! جون کی مذکورہ غزل جون کی نمائندہ غزلوں میں سے ایک ہے۔

تاہم رسا کے اشعار بھی کسی طرح کم نہیں ہیں۔
 

فاتح

لائبریرین
واہ واہ
گو کہ رسا کے اشعار خوبصورت ہیں لیکن جون کی غزل کا رنگ اتنا پختہ ہے کہ نادانستہ بھی سبھی اسی غزل کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں اسے
 

محمداحمد

لائبریرین
واہ واہ
گو کہ رسا کے اشعار خوبصورت ہیں لیکن جون کی غزل کا رنگ اتنا پختہ ہے کہ نادانستہ بھی سبھی اسی غزل کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں اسے


اس میں تو کوئی شبہ نہیں کہ جون کی غزل لاجواب ہے۔ لیکن چونکہ جون کی غزل ہم بارہا پڑھ اور سُن چکے ہیں (بلکہ ہماری پسندیدہ ترین غزلوں میں سے ہے) جبکہ یہ غزل عام نہیں ہے سو "پہلی محبت" کی طرف جھکاؤ والی بات بھی کہیں نہ کہیں محسوس ہوتی ہے۔
 

فاتح

لائبریرین
دل سے جب دل کلام کرتا ہے
لفظ آتے ہیں درمیان میں کیا
رسا چغتائی ایک بڑا نام ہے لیکن میرے لیے "درمیان میں" کا یہ استعمال بہت عجیب ہے گو کہ شاید ایک آدھ کسی اور شاعر نے بھی ایسے ہی برت لیا ہے لیکن ہنوز حیران کن۔
 

محمداحمد

لائبریرین
رسا چغتائی ایک بڑا نام ہے لیکن میرے لیے "درمیان میں" کا یہ استعمال بہت عجیب ہے گو کہ شاید ایک آدھ کسی اور شاعر نے بھی ایسے ہی برت لیا ہے لیکن ہنوز حیران کن۔


غالباً آپ کا اشارہ "درمیان" کے ساتھ "میں" استعمال کرنے کے بارے میں ہے۔
 

طارق شاہ

محفلین
احمد صاحب !
رسا چغتائی کی سادہ مگر بہت خوب غزل کے انتخاب اور شیئیرنگ
پر بہت سی داد قبول کیجئے

تشکّر ، بہت خوش رہیں
 

محمداحمد

لائبریرین

احمد صاحب !
رسا چغتائی کی سادہ مگر بہت خوب غزل کے انتخاب اور شیئیرنگ
پر بہت سی داد قبول کیجئے

تشکّر ، بہت خوش رہیں


بہت شکریہ ۔۔۔۔! :)

واہ واہ۔ بہت خوب انتخاب۔ بہت شکریہ محمداحمد :)
میں نے ملٹی لیول تو نہیں لیکن پھر بھی ٹیگنگ تو کی ہے چاہے آپ کو ہی سہی۔ :happy:


انتخاب کی پسندیدگی کا شکریہ۔۔۔۔!

آپ نے تو بال پھر ہمارے کورٹ میں پھینک دی۔ یعنی باقی مارکیٹنگ بھی ہمیں ہی کرنی ہوگی۔ :)
 

الف عین

لائبریرین
بہت خوب۔ رسا کا کیا مزید کلام پوسٹ کرنے کا ارادہ ہے محمد احمد۔ اب تک کا کلام ای بک کے لئے جمع کر لیا ہے، جمع و ترتیب محمد احمد۔
 
Top