غلاموں پر محمدؐ کی عنایت ہوتی رہتی ہے - مولانا عبد الستار نیازی

غلاموں پر محمدؐ کی عنایت ہوتی رہتی ہے
کرم فرماتے رہتے ہیں زیارت ہوتی رہتی ہے

عبادت ہے تلاوت مصحفِ روئے مبارک کی
تلاوت کرتے رہتے ہیں عبادت ہوتی رہتی ہے

مجھے تسلیم اے واعظ برا ہوں میں بہت لیکن
بروں پر بھی مرے آقا کی رحمت ہوتی رہتی ہے

بدستِ خواجہ و داتا بدستِ شاہِ لاثانی
نبی کے نام پر ہر دم سخاوت ہوتی رہتی ہے

حبیبِ کبریا کے سبز گنبد کے حسین جلوے
نکاہیں تکتی رہتی ہیں عبادت ہوتی رہتی ہے

عمل سے ہیں تہی داماں مگر ہیں اس پہ ہم نازاں
مرے آقا کی ہر عاصی پہ رحمت ہوتی رہتی ہے

نبی کا نام لینے میں حلاوت ہی حلاوت ہے
مرے ہونٹوں کو حاصل یہ حلاوت ہوتی رہتی ہے

حضوری کا شرف مجھ کو بھی حاصل ہوتا رہتا ہے
مرے لج پال آقا کی عنایت ہوتی رہتی ہے

سعادت ہی سعادت ہے نبی کا ذکر کرنے میں
مجھے ہر آن یہ حاصل سعادت ہوتی رہتی ہے

نیازیؔ کوئی اندازہ کرے کیا ان کی رحمت کا
گنہگار آتے رہتے ہیں شفاعت ہوتی رہتی ہے
مولانا عبدالستار خان نیازی
 
آخری تدوین:
Top